تازہ تر ین

پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون اور روابط کا فروغ ناگزیر ہے: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون اور روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، کورونا وبائی لہر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین گہری اور مثالی دوستی کو خطے میں امن و استحکام کا ضامن سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان، ون چائنہ پالیسی سمیت قومی سلامتی سے متعلق چین کی داخلی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی روک تھام اور ویکسین کی تیاری کے حوالے سے چین کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ پاکستان ميں بھی چین کی تیار کردہ ویکسین کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین زراعت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تحقیقی اور علمی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ ہم چینی صدر شی جن پنگ کے جلد دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv