تازہ تر ین

کرونا وائرس کی وباءخانہ کعبہ پہلی بار طواف کے لیے بند،مسجد نبوی میں بھی داخلے کے لیے عارضی طور پر پابندی

مکة المکرمہ (آئی این پی‘نیٹ نیوز) سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالی گئیں جس کی وجہ سے صحن ریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔ حرمین شریفین پریزیڈنسی کے مطابق 1979 ءمیں حرم شریف پر قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طواف کا عمل روکا گیا ہے۔ یاد رہے سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بھی عمرہ ادا کرنے اور روضہ رسول کی زیارت پر پابندی عائد کردی تھی۔اس سے قبل سعودی حکومت بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین اور سیاحوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی جس کا مقصد مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنا اور زائرین کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے آج مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں کعبة اللہ کے ارد گرد کا حصہ (مطاف)جمعرات کی صبح صفائی اور حفاظتی تدابیر کی غرض سے مکمل طور پر خالی کرایا گیا ہے اور سعودی عرب کے محکمہ صحت کے عملہ نے مطاف کی کرونا وائرس سے درپیش خطرے کے پیش نظر مکمل صفائی کی ہے۔ مطاف کو مکمل خالی کرانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں۔ مسجد الحرام کی صفائی پر مامورعملہ کے علاوہ محکمہ صحت کے اہلکار بھی نظافت کے اس خصوصی عمل میں شریک تھے۔ واضح رہے کہ حج اور عمرہ کرنے والے تمام عازمین کعبة اللہ کے گرد سات چکر لگانے کے پابند ہیں۔ یہ عمل طواف کہلاتا ہے۔حج اور عمرے کے علاوہ بھی عبادت کی نیت سے عام عبادت گزار کسی بھی وقت کعب اللہ کا طواف کرسکتے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک روز قبل ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی شہریوں اور مکینوں کے مکہ مکرمہ میں عمرے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے عمرے کو عارضی طور پر معطل کیا جارہا ہے اور جونہی صورت حال میں تبدیلی آتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔سعودی عرب نے گزشتہ جمعرات کو بیرون ملک سے عمرہ پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی پابندی عائدکردی تھی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق غیرملکیوں کا عمرے کے ویزے پر مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔سعودی عرب نے خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور مکینوں کا بھی مملکت میں داخلہ محدود کردیا ہے اور گزشتہ چودہ روز کے دوران میں کسی اور ملک میں جانے کی صورت میں انہیں مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ انہیں یہ بھی سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کیس رپورٹ ہونے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ تمام غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں کو عارضی طور پر عمرے کی ادائیگی سے روک دیا گیا ہے۔ مسجد الحرام اور روضہ رسول کو زائرین کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ فی الحال عمرہ ادائیگی کیلئے کوئی نیا ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عارضی ہے اور صورتحال بہتر ہوتے ہی یہ پابندی ہٹا دی جائے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv