اکشے کمارکی فلم ”گولڈ“سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم

ممبئی(ویب ڈیسک) خطروں کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار کی فلم”گولڈ“سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی۔اکشے کمار نے اپنی فلم”گولڈ“کی سعودی عرب میں ریلیز سے متعلق خبر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے”مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میری فلم”گولڈ“پہلی بالی ووڈ فلم ہے جو سعودی عرب میں ریلیز کی جارہی ہے۔“ اکشے کمار کی فلم گزشتہ روز سعودی عرب میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ہدایت کارہ ریما کاغتی کی فلم ”گولڈ“میں اکشے کمار اور مونی رائے نے مرکزی کردار اداکیا ہے۔ فلم کی کہانی بھارت کی 1984 کی ہاکی ٹیم کے پس منظر کے گرد گھومتی ہے، جس نے برطانیہ میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ فلم میں اکشے کمار نے ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردارادا کیا ہے۔  یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں 35 برس بعد سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نگرانی میں ہونے والی اصلاحات کے نتیجے میں سینما گھروں پرعائد پابندی کو ختم کردیا گیا تھا۔

سلمان خان شادی کیوں نہیں کررہے؛ بہنوئی نے وجہ بتادی

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے سلمان خان کی شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی۔بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے ان کے شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب چاہتے ہیں سلمان بھائی شادی کرلیں لیکن میں نے انہیں ہمیشہ کام کرتے ہوئے ہی دیکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم ان پر شادی کے لیے دباوبھی نہیں ڈالتے۔آیوش نے مزید کہا کہ سلمان خان اس وقت اچھی زندگی گزاررہے ہیں، بیوی ہوگی تو گھر جانا پڑے گا اور کام اور گھر کے درمیان وقت بٹ جائے گا لہٰذا مجھے نہیں لگتا کہ بھائی کے پاس ابھی گھر اوربیوی کے لیے ٹائم ہے۔آیوش شرما نے اپنی اور ارپیتا کی شادی کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ جب میں سلمان خان کے پاس ان کی بہن ارپیتا کا ہاتھ مانگنے گیا تو ان سے بات کرنے کی ہمت نہیں ہورہی تھی اور ڈر کے مارے میرے پسینے چھوٹ گئے تھے تاہم سلمان بھائی نے پہلی ملاقات میں ہی ہماری شادی کے لیے ہاں کردی تھی۔واضح رہے کہ سلمان خان کے ہوم پروڈکشن میں بننے والی آیوش شرما کی پہلی فلم”لوراتری“5 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے ’سنجو ‘ کو پیچھے چھوڑ دیا

کراچی(ویب ڈیسک) ہمایوں سعید اورفہد مصطفیٰ کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں فلم ’سنجو‘کو پیچھے چھوڑدیا۔عید الاضحیٰ کے موقع پرریلیز ہونے والی فلم’جوانی پھر نہیں آنی2‘ کی ریلیز کے پہلے روز سے ہی کامیابی کے ساتھ نمائش جاری ہے۔ فلم نے کمائی میں رنبیر کپور کی فلم’سنجو‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستان میں فلموں کے بزنس کا ریکارڈ مرتب کرنے والی کے مطابق ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے ریلیز کے پہلے روز 2 کروڑ 9 لاکھ، دوسرے روز 3 کروڑ 58 لاکھ، تیسرے روز 3 کروڑ 41 لاکھ ، چوتھے روز 3 کروڑ 71 لاکھ، پانچویں روز 3 کروڑ 18 لاکھ ، چھٹے روز ایک کروڑ 92 لاکھ اور ساتویں روز ایک کروڑ 7 لاکھ کا بزنس کیا۔اس طرح مجموعی طور پر فلم پہلے ہفتے میں 20 کروڑ64 لاکھ کمانے میں کامیاب رہی۔ اس بزنس میں پریمئر کے 24 لاکھ روپے بھی شامل ہیں۔دوسری جانب بالی ووڈ کی رواں سال کی کامیاب ترین فلم ’سنجو‘نے پاکستان میں بھی کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ فلم سنجو پاکستانی سینماوں میں پہلے ہفتے میں مجموعی طور 18 کروڑ 65 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ماسکو میں پنجابی گانے پر پاک بھارت فوجیوں کا رقص

ماسکو (خصوصی رپورٹ) روس میں ہونیوالی فوجی مشقوں میں پاک بھارت کے فوجی جوانوں کی بالی ووڈ کے پنجابی گانے پر رقص کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی۔ مشقوں میں مختلف ممالک کے فوجی دستوں نے حصہ لیا۔ فوجی مشقیں 22 سے 30 اگست تک جاری رہی۔ تقریب کا انعقاد بھارتی فوجیوں کی طرف سے اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستان اور بھارت کے آرمی جوانوں نے ملکر ڈانس کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے امن اور استحکام کے لیے مخلص اقدامات کر رہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جنرل ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی جب کہ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور اسے تسلیم بھی کیا۔

اداکارہ جوہی چاولا آج کل پا کستان کے دورے پر، شہر قائد کی سیر کی

کراچی(ویب ڈیسک)90 کی دہائی میں بالی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ جوہی چاولا آج کل پا کستان کے دورے پر ہیں اور شہر قائد کی سیر کر رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ جوہی چاولا نے اپنی موجودگی کے حوالے سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے پرستاروں کو آگاہ کیا اور پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی۔جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں ہیں اورلنچ کے لیے عزیز دوستوں کے ہمراہ بوٹ بیسن جا رہی ہیں اور پاکستانی رومانوی کامیڈی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ دیکھیں گی، اتفاق سے اس میں بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کی رومانوی کہانی ہے۔

واقعی تصویر بولتی ہے جناب ۔۔۔رہبر ترقی وکمال ،ایک عرصہ بعد سول، عسکرعی قیادت ایک صفحہ پر

اسلام آباد (ٹرینڈی ایڈیٹر رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے جی ایچ کیو کے دورے کے بعد جاری کی جانے والی غیر معمولی تصویر سے پوری دنیا کو خاموش پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کی سول و عسکری قیادت نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے ایک صفحے پر متحد ہے۔ خارجہ و سفارتی ماہرین کے مطابق ماضی میں وزرائے اعظم کے دورے کے بعد ایسی تصویر کبھی جاری نہیں کی گئی‘ سول و عسکری حکام کے دائیں بائیں موجود دو چھوٹی توپیں پاکستان کے دشمنوں کو للکار رہی ہیں کہ ہماری طرف سے میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کو کچل کر رکھ دیا جائے گا۔ دوسری طرف عمران خان آفیشل پر موجود اس معنی خیز تصویر کے متعلق بھر پور تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ اکثر صارفین نے قرار دیا ہے کہ کرپشن سے پاک عمران حکومت اور پاک فوج ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کریں گے‘ جس کے بعد کوئی بھی دشمن پاکستان کو داخلہ و خارجہ محاذ پر نقصان پہنچانے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے ہالینڈ میں توہین رسالت پر مبنی خاکوں کے شرمناک مقابلے کی منسوخی کو پی ٹی آئی کی نومنتخب حکومت کی پہلی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔ کئی پاکستانیوں نے اسے نئے پاکستان کی طرف عملی پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی درازی عمر کی دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایک پاکستانی نے تبصرے کیا ” یہ کتنی شاندار اور معنی خیز تصویر ہے جو ہزار الفاظ پر بھاری ہے‘ پاکستان نے ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا‘ قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد کرپشن سے پاک صاف ستھرے وزیراعظم کو غالباً پہلی بار حقیقی گارڈ آف آنر دیا گیا‘ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عسکری قیادت‘ عمران خان کو اپنا باس تصور کر کے ان کی قیادت میں متحد نظر آرہی ہے‘ مجروح پاکستانی یقین کر لیں کہ ہماری تقدیر دوبارہ لکھی جا رہی ہے۔ ہم دنیا پر حکومت کریں گے‘ انشاءاﷲ

نئے پاکستان میں پی آئی اے نے بھی قبلہ درست کر لیا ”وی آئی پی پروٹوکول بند“ کے بورڈز لگادیئے

کراچی (ویب ڈیسک ) قومی ایئرلائن نے نو پروٹوکول، نو سیٹ بلاکنگ کا بورڈ لگا تے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسافر ہمارے لئے ایک جیسی اہمیت رکھتے ہیں،پی آئی اے کی پالیسی میں کسی کو ترجیح دینے کی کوئی گنجائش نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اب تمام مسافروں کو بلا زمتیاز یکساں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔سوشل میڈیا پر ایک اہم اعلان جاری کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ بعض میڈیا پر پی آئی اے کی خصوصی یا بلک ہیڈ سیٹوں پر کسی استحقاق اور ترجیح کے بارے میں وائرل ہونے والے خط سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا جاتا ہے۔پی آئی اے کی پالیسی میں کسی کو ترجیح دینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔نشستوں کا اختصاص سب مسافروں کے لئے یکساں اور برابری کی بنیاد پر ہوتا ہے اور اس میں کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔

کراچی کے مسائل سے آگاہ ہیں ،عمران خان کی ایم کیو ایم وفد سے گفتگو

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے اہم شہر میں بعض  بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے لہٰذا شہر کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے۔وزیراعظم سے ایم کیوایم وفد کی ملاقاتوزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعت ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی جن میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے علاوہ امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور میئر کراچی وسیم اختر بھی شامل تھے جب کہ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔وزیراعظم اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سیاسی امور اور صدارتی انتخاب سمیت سندھ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ذرائع کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے ایم کیوایم کے وفد کو کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کا کہناہےکہ ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم کو صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔