پختونخوا کی پہلی خاتون ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کا ڈراپ سین

پشاور(ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کی پہلی خاتون ٹیکسی ڈرائیور قرار دی جانے والی نبیلہ کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا اور خاتون کا دوسرا شوہر ہی ان کا قاتل نکلا۔نجی ٹیکسی کمپنی میں ملازمت کرنے والی نبیلہ کو گذشتے ہفتے 28 اپریل کو پشاور میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کا مقدمہ خاتون کی بہن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔پولیس نے خاتون کے قتل کے الزام میں ان کے شوہر ملزم عبدالباسط کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

سی پی این ای کی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس آج ضیاشاہد کی زیر صدارت ہوگا

لاہور (پ ر) سی پی این ای کی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس آج بروز منگل 3بجے آواری ہوٹل کے انڈس ہال میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت صدر سی پی این ای کریں گے۔ اجلاس میں سی پی این ای کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

پاکستان کے بڑے نئے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح،پہلی پرواز پہنچ گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آج نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کردیا۔کراچی سے جانے والی پہلی کمرشل پرواز نے صبح 11 بجے نئے ایئرپورٹ پر لینڈ کرلیا۔ جب کہ ایئر پورٹ 3 مئی سے باقاعدہ آپریشنل ہوگا۔

جاتی ہوئی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم چلا دیا ، قیمتوں میں ہوش اڑا دینے والا اضافہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 70 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 41 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 87 روپے 70 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 98 روپے 76 پیسے، مٹی کا تیل 79 روپے 87 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 68 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 22 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 2 پیسے، مٹی کا تیل 6 روپے 97 پیسے اور لائٹ ڈیزل 6 روپے 95 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی۔ اوگرا نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی۔

نارووال سپورٹس سٹی میں 6 ارب کی کرپشن چئیرمین نیب نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے بھارتی سرحد سے مبینہ طور پر 800 میٹردور 44 ایکڑ زمین پر نارووال سپورٹس سٹی بنانے اور اس پر مبینہ طور پر قواعد وضوابط اور سکیورٹی خدشات کے باوجود قوم کے تقریبا6 ارب روپے خرچ کرنے کی میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے مزید برآں سابق ڈی جی پاکستان سپورٹ بورڈ اختر نواز گنجیرا سرکاری نوکری سے ریٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک سرکاری دورے پر کیسے گئے؟ اور ان کو ڈی جی پاکستان سپورٹ بورڈ ہوتے ہوئے قواعد و ضوابط کے خلاف نارووال سپورٹ سٹی کا پراجیکٹ ڈائریکٹر کیسے بنایا گیا؟اس کی بھی جانچ پڑتال کا ڈی جی نیب راولپنڈی کو حکم دیا ہے۔

فلم ‘ فیشن انڈسٹری کو مل کر کام کرنےکی ضرورت ہے

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ وماڈل سوہائے علی ابڑونے کہا ہے کہ موجودہ دورمیں فلمیں بنانے والے نوجوان فلم میکرز کوفیشن انڈسٹری کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ فیشن انڈسٹری کے باصلاحیت ڈیزائنرز کی خدمات اگر فلم انڈسٹری کیلئے حاصل کی جائیں تواس سے بہتری کے آثاربہت نمایاں ہوںگے۔ اس بات سے توسب واقف ہیں کہ دنیا بھرمیں بننے والی فلموں میں فنکاروں کے لباس کوخاص ترجیح دی جاتی ہے۔ مگرہماری فلموں میں یہ شعبہ کچھ خاص نمایاں نہیں سمجھا جاتا۔ حالانکہ جب تک فلم کے کرداروں کے ڈریسز پرتوجہ نہیں دی جاتی، تب تک ان کرداروں میں حقیقت کے رنگ دکھائی نہیں دیتے۔سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ موجودہ دورمیں فلمیں بنانے والے نوجوان فلم میکرز کوفیشن انڈسٹری کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ جب تک ہم نوجوان نسل کومتاثر کرنے کیلئے معمول سے ہٹ کرکام نہیں کرینگے، تب تک بہتری ممکن نہیں ہوگی۔اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ہالی ووڈ اوربالی ووڈ کی فلموں میں معروف فنکاروں کے کاسٹیم فلم بینوں کو بے حد متاثر کرتے ہیں۔ بلکہ فیشن کے نت نئے انداز بھی اب توفلموںکے ذریعے ہی مقبول عام ہوتے ہیں۔ اس بات کوسمجھنے کی ضرورت ہے اور باصلاحیت ڈیزائنرز کواپنی فلموں کا اہم حصہ بنانے پرتوجہ دینے پر غور کرنا چاہیے۔

فلم انڈسٹری صرف نئی فلمیں بنانے سے آباد نہیں ہو گی

لاہور(شوبزڈیسک)نامور ا داکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری صرف نئی فلمیں بنانے سے آباد نہیں ہو گی سرمایہ کاری بھی بہت بڑی ضرورت ہے تمام فنکار اور ہدایت کار مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ چلیں تو مسائل کو سالوں میں نہیں مہینوں میں حل کیا جا سکتا ہے۔اپنے ایک انٹر ویو میں صبا قمر نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی کامیابی خوش آئند ہے فلمیں تو بنائی جا رہی ہیں لیکن یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ فلموں کا معیار کیا ہے کیونکہ غیر معیاری فلمیں ایک ہزار بھی بنا لی جائیں تو اس کا انڈسٹری کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا اس لئے میں سمجھتی ہوں کہ فلم انڈسٹری میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانے کی ضرورت ہے کیونکہ جب سرمایہ زیادہ ہو گا تو اس سے معیاری فلمیں بنیں گی۔

عہدوں کی بندر بانٹ برداشت نہیں کرینگے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے کو ٹھیک کرنا ہے اور عہدوں کی بندر بانٹ بالکل برداشت نہیں کریں گے۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بھاری تنخواہوں پر افسران کی تعیناتی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ پی کے ایل آئی کی جانب سے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر یار خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اسپتال تاحال تعمیری مراحل میں ہے اور اس میں 43 ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پی کے ایل آئی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اختر کتنی تنخواہ وصول کررہے ہیں اور کیا ڈاکٹر سعید کی اہلیہ بھی پی کے ایل آئی میں ملازمت کررہی ہیں؟۔ ڈاکٹر عامر یار خان نے بتایا کہ ڈاکٹر سعید اختر بارہ لاکھ روپے تنخواہ وصول کررہے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی پی کے ایل آئی میں ملازمت کررہی ہیں جن کی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ روپے ہے۔چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ کیا سرکاری اسپتالوں میں کسی ماہر ڈاکٹر کو اتنی تنخواہ دی جا رہی ہے، چیف سیکرٹری صاحب اور سیکرٹری صحت صاحب، ہم نے صحت کے شعبے کو ٹھیک کرنا ہے، عہدوں کی بندر بانٹ ہم برداشت نہیں کریں گے، اگر پاکستان میں ٹیلنٹ ختم ہو گیا ہے تو ہمیں آپ بتا دیں، باہر سے آنے والے ڈاکٹرز اور مقامی ڈاکٹرز میں یہ امتیازی سلوک کیوں ہے، اگر آپ کا فارنزک آڈٹ کروا لیا جائے تو پتہ چل جائے گا کہ بیس ارب میں سے سات ارب بھی نہیں لگا ہوگا۔ڈاکٹر عامر یار خان نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں تعینات ڈاکٹرز کے پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی عائد ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی مقامی ڈاکٹر نے ملازمت کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا، جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بیرون ملک سے اعلی تعلیم حاصل کرکے واپس آنے والوں کو فلاحی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے نہ کہ کمرشل بنیادوں پر کام کیا جائے۔چیف جسٹس نے شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کی بندش کے خلاف از خود نوٹس کی بھی سماعت کی۔ عدالت نے لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کی بندش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ میں یونٹ کو معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے شیخ زید ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں تمام سہولیات ایک ماہ میں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ڈاکٹر فیصل مسعود نے عدالت کو بتایا کہ ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ یونٹ میں 2 اموات ہوئی تھیں، شعبہ معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق صاحب سے کہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، آپ نے ایک ہسپتال کو بہتر کرنے کی بجائے دوسرا ہسپتال بنا دیا، جب سے شیخ زید ہسپتال پنجاب حکومت کے زیر استعمال آیا، اس کی حالت ٹھیک نہیں ہوئی۔خواجہ سلمان نے چیف جسٹس سے کہا کہ آپ شفقت کی نگاہ سے دیکھیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے شفقت کی نگاہ سے ہی دیکھا، لیکن ہسپتالوں میں کچھ نظر نہیں آیا، مجھے بتائیں سابق چیرمین شیخ زید کی تقرری کس کی سفارش پر ہوئی، ڈاکٹر فرید کس کے دوست ہیں اور انکے پیچھے کس کی سفارش تھی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا غفلت برتنے والے سرجن اور ڈاکٹرز کے خلاف کوئی کاروائی ہوئی؟۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال کے باعث مریض رل جاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خواجہ سلمان صاحب اس محکمے کے اندر بھی احتساب ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ کی دفعہ 202 کالعدم قرار دینے کی نظرثانی درخواست مسترد کردی۔ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پاکستان ملت پارٹی کے سیکرٹری جنرل شیخ مشتاق علی کی الیکشن ایکٹ کی دفعہ 202 کالعدم قرار دینے سے متعلق نظرثانی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 202 آئین کی روح کے خلاف ہے، ایک دفعہ میں ہر سیاسی جماعت کو دو لاکھ روپے فیس جمع کروانے کا پابند کیا گیا ہے، نئے ایکٹ میں سیاسی جماعتوں کو 2000ممبران کے شناختی کارڈ جمع کروانے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے قانونی نکتہ اٹھایا کہ آئین کے آرٹیکل 17کی دفعہ 2کے تحت پاکستان کے ہر شہری کو سیاسی جماعت بنانے کا حق حاصل ہے۔ اس لیے دو لاکھ روپے فیس اور دو ہزار ارکان کی فہرست فراہم کرنے کی شرائط کو ختم کیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر کی بندش کا از خود نوٹس لے لیا اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے تمام ممبران کو طلب کر لیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر کی بندش کا نوٹس لیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ سینٹر کو کس اتھارٹی کے تحت بند کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کے استفسار پر چیئرمین شیخ زید ہسپتال نے بتایا کہ اتھارٹی کے چیئرمین وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان اور ارکان میں سیکرٹری صحت بھی شامل ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے ناراضگی کا اظہار کیا کہ اتھارٹی نے جنوری سے اب تک کی رپورٹ کیوں نہیں کی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ایک ڈونر کی موت ہوئی ذمہ داروں کو سامنے لانے کی بجائے ٹرانسپلانٹ سینٹر کیسے بند کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الشفا ہسپتال کو مالی فائدہ پہنچانے کے لئے لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر ہی بند کر دیا گیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے تمام ارکان کو طلب کر لیا اور واضح کیا کہ کوئی ایک رکن بھی غیر حاضر نہیں ہونا چاہیے سب کو اطلاع دے دی جائے۔

عطاءاﷲ خان آئندہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں فن کا مظاہرہ کرینگے

لاہور (شوبزڈیسک) نامور گلوکار عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی آئندہ تحریک انصاف کے بڑے شہروں میں ہونے والے جلسوں میں گلوکاری کا مظاہرہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق گلوکارہ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی 2018ءکی الیکشن مہم کے حوالے سے تحریک انصاف کے کراچی ،ملتان ،راولپنڈی ،اسلام آباد اور فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں ہونے والے جلسوں میں لائیو پرفارمنس کا مظاہرہ کیا کریں گے ۔ جبکہ ان کے ساتھ دیگر گلوکار بھی لائیو پرفارمنس دیا کریں گے۔

علی ظفر کو معروف میوزیکل شو کے ججز پینل سے ہٹا دیا گیا

لاہور (شوبزڈیسک) علی ظفر کو معروف میوزیکل شو کے ججز کے پینل سے ہٹا دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میشا شفیع کے الزامات کے بعد علی ظفر کو میوزیکل شو پیپسی بیٹل آف بینڈ کے ججز پینل سے ہٹا دیا گیا ہے۔اس سے قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی علی ظفر نے تردید کر دی تھی۔ اس سے قبل سامنے آنے والی خبروں کے مطابق علی طفر، میشا شفیع اور فواد خان اس پینل میں شامل تھے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب علی ظفر کی بجائے سٹنگز اس بیٹل آف بینڈز میں ججز کے فرائض سر انجام دیں گے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک پیپسی کی جانب سے آفیشل سٹیٹ منٹ سامنے نہیں آئی ہے۔

جیکی شروف ”کریمینل جسٹس“ کے ہندی ورژن کا حصہ بن گئے

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار جیکی شروف برطانوی ٹی وی سیریز ”کریمینل جسٹس“کے ہندی ورژن کا حصہ بن گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار جیکی شروف کا کہنا ہے کہ طویل عرصہ فلموں میں کام کرنے کے بعد جب بی بی سی سٹوڈیوز انڈیا اور ادیتیا برلا کی اپلوز انٹرٹینمنٹ کمپنی نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کام کرنے کے لئے مجھ سے رابطہ کیا تو یہ مجھے بہت متاثر کن اور منفرد کام لگااور مجھے امید ہے کہ لوگوں کو فلموں کی طرح میرا یہ کام بھی پسند آئے گا۔
کریمینل جسٹس کے ہندی ورژن کی ہدایات تگمانشو ڈھولیا دیں گے جبکہ اس میں اداکار جیکی شروف، وکرانت مسے، پنکج تریپتھی، میتا وششت اور انوپریا گوئنکا شامل ہیں۔