تازہ تر ین
blind cricket team pakistan

بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

لاہور(ویب ڈیسک ) پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقد ہوئی جب کہ صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے شاٹ کھیل کر ورلڈ کپ کا افتتاح کیا۔پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی تقریب میں تمام صوبوں کے علاقائی رقص اور صوفی پرفارمنس پیش کی گئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ آج تاریخی اور فخر کا دن ہے، 5ویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دیدی ہے، نیپال اور بنگلادیش کی ٹیموں کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،آج ایونٹ کے افتتاحی دن دو میچز شیڈول ہے جس میں قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کا سامنا بنگلادیش سے ہو گا جبکہ یو اے ای میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے مقابل آئے گی۔جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف دوسرے شعبوں کی طرح اسپورٹس کو ترجیح دیتے ہیں، پنجاب حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کیلیے خطیر رقم دی ہے اور تمام تر انتظامی تعاون بھی فراہم کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے کے معذور افراد بھرپور زندگی گزاریں اور اپنے اندر پوشیدہ خداداد صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ ایک عظیم موقع ہے کہ ہم شریک ممالک کے ساتھ مل کر معذوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے سکیں۔وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی یقیناً پوری قوم کیلیے باعث فخر ہے، اس عالمی کپ کے ذریعے ہم دنیا کو اپنے حقیقی کلچر اور روایات سے روشناس کرائیں گے جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آئے گا، میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے تمام شرکا کا شکریہ اد ا کرنا چاہوں گا اور امید کرتا ہوں کہ اسپورٹس کے ذریعے ہم معذور افراد کے مساوی حقوق کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کرسکتے ہیں، میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد پر  پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت معذور افراد کو وافر مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اسپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کو خوشحال بنانے کیلیے اہم اقدامات کیے ہیں، پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اسپورٹس کے 200 سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے، جبکہ ایک ارب 30کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں اسپیشل افراد کی مدد بھی کی جائے گی۔وزیل کھیل کا کہنا تھا کہ آپ کو میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ لاہور کے علاقے رکھ جھیڈو میں127.765 ملین روپے کی لاگت سے بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جارہا ہے جس میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، مجھے پاکستان کی بلائنڈکرکٹ ٹیم پر فخر ہے جو ہمیشہ پاکستان کیلیے ٹائٹلز جیتتی رہتی ہے اور میں اس ایونٹ کیلیے بھی ان کی کامیابی کیلیے دعاگو ہوں۔دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد خوش آئند ہے، ہم وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کے بے حد مشکور ہیں جن کے تعاون کے بغیر اتنے بڑے ایونٹ کو کرانا ممکن نہ تھا، پنجاب حکومت نے 5ویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلیے بھرپور مالی امداد دی ہے جس پر ہم خصوصی طور پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس موقع پر سید سلطان شاہ نے مہمان خصوصی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے سوینئر پیش کیا۔

افتتاحی تقریب میں سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن خالد محمود بھی شریک تھے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں فنکاروں نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور کیلاش کے علاقائی رقص پیش کیے، اس کے علاوہ صوفی پرفارمنس بھی پیش کی گئی، اسکولوں کے خصوصی بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv