تازہ تر ین

ہم فرقوں سے بالا تر ، دہشتگردی میں غیر ملکی ہاتھ ہے

پاراچنار،راولپنڈی (نمائندگان خبریں) آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پارا چنارکی سکیورٹی سے متعلق مطالبات فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز پارا چنار کا دورہ کیا جہاں پر بریفنگ لینے کے بعد انھوں نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ بری فوج کے سربراہ پارہ چنار جائیں گے تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا یہ دورہ جمعہ کو ہی ممکن ہوسکا۔اس دورے کے بارے میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کے متاثرین نے آرمی چیف سے ملاقات میں کچھ سیاسی اور کچھ سکیورٹی سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سکیورٹی سے متعلق خدشات کا فوری سدباب کرنے کو کہا ہے اور اس سلسلے میں پارہ چنار میں سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر جگہ کی سکیورٹی ہمارے لیے اہم اور برابر ہے اور ‘پارہ چنار کو محفوظ بنانے کے لیے فوج کے اضافی دستے یہاں پہنچ رہے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی فرقے سے بالاتر صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں اور انتہاپسندی کو متحد ہوکر شکست دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ آرمی چیف نے اضافی دستوں اور سیف سٹی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال مزید بہتر کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں، پوری افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کردیا ہے، باڑ لگانے کا عمل دومرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں حساس سرحدی مقامات پرباڑ لگائی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔دوسری جانب پارہ چنار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی، اس موقع پر عمائدین نے مقامی لوگوں کی جانب سے پاک فوج اور اس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے کہا کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمارا خون پاکستان کے لئے ہے،ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیں اور ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے ملک سے فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو درپیشن چلنجز اور پاک فوج کی قربانیوں سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ عمائدین اور پارا چنار کے عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جو عناصر فرقہ واریت پھیلا کر لڑانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں وہ ناکام ہونگے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے پاکستان کے لئے اپنا لہو قربان کرنے کا عزم بھی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کئے، جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق مطالبات فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار میں بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میںمصروف تھی، دھماکے کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے پارا چنار میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی ہے۔ جس میں عمائدین نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے تاہم دھرنے والوں کی سیاسی اور سکیورٹی مطالبات ہیں اور آرمی چیف نے سکیورٹی مطالبات پر ہدایات جاری کر دی ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پارا چنار کو سیف سٹی بنانے کیلئے پاک فوج کے تازہ دم دستے پہنچ رہے ہیں۔ آرمی چیف نے اضافی دستے اور سیف سٹی منصوبے کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ افغان سرحد پر 2 مرحلوں میں باڑ لگائی جائے گی، پہلے مرحلے میں حساس سرحدی مقامات پر باڑ لگائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں اور ہمارا خون ملک کیلئے ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ دشمن ہمارے عزم کو کمزور کرنے اور ہمیں تقسیم کرنے میں ناکام رہیں گے ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں دشمن غیرملکی ہاتھوں کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں مقامی سہولت کاروں اور مددگاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا جائے گا، بحیثیت قوم ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم ہر صورت میں کامیاب ہونگے ،عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتے ،سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرکے لاہور اور اسلام آباد کی طرح پارا چنارکو محفوظ شہر بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی، ایف سی خیبر پختونخوا پیشہ ور فورس ہے جس میں تمام قبائل اور مسلک کے لوگ شامل ہیں،دھماکے کے بعد ہجوم پر ایف سی کی مبینہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار کرم ایجنسی کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات پربریفنگ دی گئی،جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی قبائلی عمائدین اور دھرنے میں بیٹھے افراد کے نمائندوں سے ملاقات کی ، آرمی چیف نے شہداءکے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ جب پارہ چنار میں دھماکہ ہوا وہ اس وقت بیرون ملک تھے اور واپسی پر خراب موسم کی وجہ سے پارہ چنار کا دورہ کرنے میں تاخیر ہوئی ۔ دریں اثناءکور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی پارا چنار میں موجود تھے جنہوں نے آرمی چیف کی ہدایت کے مطابق متاثرین اور متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کیے ۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv