سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 مارچ سے شروع ہو گا

گال (این این آئی) سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 مارچ تک گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم ان دنوں دورہ سری لنکا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 مارچ تک گال جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 15 سے 19 مارچ تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلئے کمرکس لی

آکلینڈ (صباح نیوز) جنوبی افریقہ نے رواں برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلئے کمر کس لی ہے۔ پروٹیز کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم آئندہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لئے تیار ہے۔آخری ون ڈے میچ کے بعد گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پانچویں ون ڈے میچ میں پروٹیز نے یہ ثابت کر دکھایا کہ وہ ہر قسم کے دباو¿ میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیویز سے 2-3 سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ پروٹیز کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ پروٹیز پریشر میں نہیں کھیل سکتے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے فائنل میچ میں انہیں شکست دے کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ پروٹیز نے 2015ء ورلڈکپ کے بعد اب تک 9 او ڈی آئی سیریز اپنے نام کی ہیں جن میں آسٹریلیا اور سری لنکا کو پانچ پانچ ون ڈے پر مشتمل وائٹ واش سیریز بھی شامل ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ موجودہ پرفارمنس کے بعد میری نظریں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہیں اور ہمارا اصل امتحان بھی چیمپئنز ٹرافی میں ہو گا۔میرا دل کہتا ہے کہ ہم اس ایونٹ میں ضرور سرخرو ہوں گے۔ پروٹیز کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ میں فی الحال ٹیسٹ کرکٹ سے دور رہوں۔ کم از کم حالیہ دسمبر تک میں ٹیسٹ نہیں کھیل سکوں گا۔ اس دوران کیویز سے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز انگلینڈ میں 4 ٹیسٹ، ستمبر اکتوبر میں ہوم سیریز میں بنگلہ دیش سے 2 ٹیسٹ میچز میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی سلیفاں بناتے رہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمو ں کے کھلاڑی شائقین کرکٹ کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے اور علی عظمت کے گانے پر جھومتے رہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں میدان کا چکر لگا رہی تھیں تو ایک شائقین کرکٹ نے احمد شہزاد کیلئے چترالی ٹوپی دی جسے کھلاڑی نے اپنے دوست مہمان کھلاڑی کے سر پر سجاد یا جبکہ جب ڈیرین سیمی میدان میں داخل ہوئے تو میدان میں شائقین کے نعرے گونج اٹھے۔ڈیرین سیمی نے ہاتھ ہلاکر سب کو خوش آمدید کہا جبکہ انہوں نے شائقین کرکٹ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

”کوئٹہ گلیڈی ایٹر “ اور ”پشاورزلمی“ کھیلے, لیکن جیتا پورا” پاکستان“

لاہور (خصوصی نامہ نگار‘کرائم رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی اختتامی تقریب میں دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے قذافی اسٹیڈیم میں اترنے کا شاندار مظاہرہ کیا،گلوکار علی ظفر ،فاخر اور علی عظمت سمیت دیگر گلوکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کر کٹ کو جھومنے پر مجبور کردیا۔پشاور زلمی کے غیر ملکی کر کٹرز ڈیرن سمی اور مارلن سیمولز اختتامی تقریب کے دروان گراﺅنڈ میں اکر جھومتے رہے اور اپنے مداحوں سے سیلفیاں بناتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت سے کیا گیا جس کے لئے پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے قذافی اسٹیڈیم میں اترنے کا شاندار مظاہرہ کیا۔پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کا ٹائٹل سانگ پیش کر کے عوام کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ علی ظفر کے بعد گلوکار فاخر نے اپنا مشہور زمانہ گانا ’تیرے بنا دل نا لگے‘ پیش کر کے شائقین کرکٹ کا لہو گرمایا۔ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گراو¿نڈ میں آئے اور ہاتھ ہلا کر شائقین کرکٹ کے نعروں کا جواب دیا۔ کھلاڑیوں نے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے خلاف زخمی ہونے والے شاہد آفریدی گراو¿نڈ میں پہنچے تو پورا گراو¿نڈ ’لالہ لالہ‘ کے نعروں سے گونج اٹھا جب کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستانی فنکاروں کی پرفارمنس پر جھومتے نظر آئے۔ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے لئے قذافی اسٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجایا گیا جب کہ سیکیورٹی بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے انتہائی اہم میچ کے موقع پر سیکیورٹی اداروں کی طرف سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی جاری رہے گا۔ ہاکی اسٹیڈیم میں 25 بستروں کا عارضی ہسپتال بھی بنا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ سیزن IIکے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58رنز سے شکست دیدی ،پشاور ز لمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں6کھلاڑیوں کے نقصان پر 148رنز بنائے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 16.3اوورزمیں 90 رنز بنا کر ہمت ہار گئی ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کرپشاورزلمی کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کی واحد سنچری بنانے والے کامران اکمل نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے ہی اوور میں تین چوکے لگائے جبکہ دوسرے اوور میں ملان نے بھی ایک چھکا اور چوکا لگا کر اپنے عزائم ظاہر کر دئیے تاہم جب ٹیم کا سکور پانچویں اوور میں 42 رنز تک پہنچا تو ملان کو ریاض امرت نے بولڈ کر دیا۔اسکے بعدمارل سیموئلزبیٹنگ کے لئے میدان میں آئے ،مارل سیموئلزاورکامران اکمل کے مابین 40رنزکی پاٹنرشپ ہوئی ۔پشاور زلمی کی دوسری وکٹ82رنزپرگری جب کامران اکمل6چوکوں اورایک چھکے کی مددسے 40رنزبناکرحسان خان کی گیندپرایل بی ڈبلیوآو¿ٹ ہوگئے۔اگلے ہی اوور میں نواز نے مارل سیموئلز کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلوا دی سیموئلزنے19رنزبنائے۔چوتھی وکٹ12ویں اوور میں86رنزپرگری جب حسان خان کی گیندپرخوشدل شاہ وکٹوں کے پیچھے سٹمپ آو¿ٹ ہوئے ۔ حسن علی نے اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو صرف ایک رنز پر پویلین واپس بھیجا تو شاہد آفریدی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے افتخار احمد بیٹنگ کے لیے میدان آئے لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ بڑی شارٹس لگانے میں ناکام رہے جس کی بدولت ابتدائی اوور میں اچھا آغاز کرنے کے باوجود پشاور زلمی بڑا اسکور کرنے میں ناکامی رہی جبکہ ایمرٹ نے پہلے محمد حفیظ کو 12 رنز پر آو¿ٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی ۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔پشاور کی ٹیم کو 148کے سکور تک پہنچانے میں کپتان ڈیرن سیمی کی آخری اوورز میں جارحانہ اننگز نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے11گیندوں میں تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ڈیرن سیمی 28اورجارڈن8رنزبناکرناٹ آو¿ٹ رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جانب سے ریاد ایمرٹ نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کوآو¿ٹ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور مورنی وین وک نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وین وک دوسرے ہی اوور میں رن آﺅٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تیسرے اوور میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے حسن علی کی گیند پر انعام الحق کا ایک آسان کیچ چھوڑ کر دوسری وکٹ حاصل کرنے کا موقع گنوا دیا۔تاہم اگلے ہی اوور میں اصغر نے انعام کو مڈ آف باﺅنڈری پر کیچ کروا کے اس غلطی کا ازالہ کر دیا۔حسن علی کو پہلی وکٹ احمد شہزاد کی ملی جنہیںخوشدل شاہ نے کیچ کیا اور وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔کپتان سرفراز احمد چند اچھی شاٹس کھیلنے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پرآﺅٹ ہو گئے، انہوں نے دس گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔سرفراز احمد نے اپنی جارحانہ بلے بازی کو جاری رکھتے ہوئے محمد حیفظ کو لگاتار دو چوکے لگائے اور تیسری گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کے لیے آگے بڑھے مگر کامران اکمل نے گیند کو وکٹ دے مارا اور اسٹمپ آو¿ٹ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچادیا۔ سعد نسیم بھی زیادہ مزاحمت نہ کرپائے اور صرف 4 رنز بنا کر پولین واپس لوٹ گئے، وہاب ریاض نے سعد کی وکٹ حاصل کی۔چھٹی وکٹ72رنزپرگریںجب شین اروائن 24 رنزکر اصغرعلی کی گیند پر بولڈ ہوئے، اگلی ہی گیند پر محمد نواز اسٹیمپ آو¿ٹ ہوئے۔ آٹھویں وکٹ81 رنز پرگری جب انور علی20 رنز بنا کر جارڈن کی گیند پر افتخاراحمدکے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہوئے۔ نویں وکٹ88 رنز پرگری جب حسان خان 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سیمی کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہوئے۔ آخری وکٹ 90رنزپرگری جب ذوالفقار بابر ایک رن بناکرحسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پشاور زلمی کے محمد اصغر نے3، حسن علی اور وہاب ریاض نے 2,2 محمد حفیظ، جارڈن نے ایک ایک کھلاڑی کوآو¿ٹ کیا۔ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے فائنل جیتنے پر خوب جشن منایا اور کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی۔ پشاور زلمی کی کامیابی کی خوشی میں بھی سٹیڈیم میں موجود سپورٹرز نے بھی شدید خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھنگڑے ڈالے۔ فائنل کی اختتامی تقریب میں انتظامیہ اور سپانسرز کی جانب سے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش کردی گئی۔اختتامی تقریب میں سب سے زیادہ انعامات پشاور زلمی کے وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز کامران اکمل نے حاصل کیے۔ انہیں بہترین کیپر کا 20 ہزار ڈالر، بہترین بلے باز کا 20 ہزار ڈالر اور پلیئر آف ٹورنامنٹ کا 25 ہزار ڈالر انعام دیا گیا۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مابین کھیلے گئے فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام فاتح کپتان ڈیرن سیمی کو 4500 ڈالر دیا گیا۔ ڈیرن سیمی کو مہمانان خصوصی کی جانب سے پگڑی بھی پہنائی گئی۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو چیمپیئن بننے پر انعامی رقم 5 لاکھ ڈالر کا چیک دیا۔کوئٹہ گلیڈیٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو سپرٹ آف کرکٹ 20 ہزار ڈالر جبکہ کراچی کنگز کے سہیل خان کو سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر 20 ہزار ڈالر کے انعام سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ا?ئی سی سی کی جانب سے دیا جانے والا سپرٹ ا?ف کرکٹ ایوارڈ بھی دیا گیا جو چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان کے حوالے کیا۔

کترینہ کیف ہالی وڈ میں انٹری کا جواب گول کر گئیں

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی باربی ڈول اداکارہ کترینہ کیف سے جب ہالی ووڈ میں انٹری کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں کسی بھی چیز کو کبھی بھی نہ نہیں کی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اوردپیکا پڈوکون کی ہالی ووڈ میں کامیاب انٹری کے بعد بہت سی اداکارائیں ہالی ووڈ کا رخ کرنا چاہتی ہیں تاہم جب اداکارہ کترینہ کیف سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ کب زندگی آپ کو کس راستے پرچلادے جبکہ میں نے زندگی میں کسی بھی چیز کو کبھی بھی نہ نہیں کہا کیونکہ جب کسی چیز کا وقت آجائے تو آپ کوکچھ بھی معلوم نہیں ہوتا اوروہ کام ہوجاتا ہے۔

جنگی مناظر سے بھرپور فلم ”سینڈ کیسل“ کا ٹریلر جاری

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک ) ایکشن فلموں کے مداحوں کے لیے خوشخبری۔ جنگی مناظر سے بھرپور فلم ”سینڈ کیسل“ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔ایکشن سے بھرپور ہالی وڈ فلم ”سینڈ کیسل“ کی کہانی دو ہزار تین میں عراق جنگ کے دوران پیش آنے والے حقیقی واقعہ پر مبنی ہے جس میں ایک فوجی کو پلاٹون کے ہمراہ ایسے خطرناک قصبے میں پانی کے تباہ حال نظام کی بحالی کے لیے بھیجا جاتا ہے جہاں قدم قدم پر دشمن کی توپیں آگ اگلتی دکھائی دیتی ہیں۔فلم کی ہدایات فرنینڈو کوئمبرا نے دی ہیں جبکہ وار اور ڈرامہ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والوں میں نکولس ہالٹ، ہینری کیول، لوگن مارشل، گلین پاور اور نیل براو¿ن جونیئر شامل ہیں۔ سنسنی خیز مناظر کا تڑکا لیے یہ فلم چودہ اپریل کو بڑی سکرین پر سجے گی۔

شاہ رخ اور عامر خان ٹی وی شو کی میزبانی کرینگے

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے دو بڑے سپر سٹار شاہ رخ خان اور عامر خان بہت جلد بھارت ٹی وی شو مہم ”نئی سوچ “ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دونوں اکٹھے اس شو کے میز بان ہونگے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور عامر خان 25 سالوں میں پہلی بار ایک ساتھ آ رہے ہیں۔لیکن وہ کسی فلم میں نہیں آرہے بلکہ ٹی وی کا سٹار پلس چینل اپنی ’نئی سوچ‘ مہم کے لیے دونوں ستاروں کو ساتھ لا رہا ہے۔ یہ دونوں’نئی سوچ‘کی میزبانی کریں گے۔

سائن کرنے تک فلم کے بارے میں بات نہیں کرتی

ممبئی (شوبز ڈیسک )بالی وڈ میں کئی اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو ان فلموں سے متعلق بھی میڈیا پر بات کرتی نظر آتی ہیں جن کی انہیں آفر ہوئی اور انہوں نے اس میں کام سے انکار کر دیا ہو۔ ان ہی اداکاراوں میں ایک کرینہ کپور بھی شامل ہیں جو عموماً اپنی ان فلموں کے بارے میں بھی کافی جگہ بات کرتی نظر آتی ہیں جن کو انھوں نے کبھی مسترد کر دیا تھا تاہم دپیکا پڈوکون ان سے کافی مختلف ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ وہ تب تک ان فلموں کے بارے میں بات نہیں کرتی جب تک ان میں کام کرنے کی حامی نہ بھر لیں۔دپیکا پڈوکون کے نام کے ساتھ اس وقت کافی فلمیں جوڑی جا رہی ہیں جن میں شاہ رخ خان کی ایک فلم کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ فلم بھی شامل ہے۔ تاہم انہوں نے ان تمام باتوں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی فیصلہ کرنے کے بعد ہی وہ اپنی اگلی فلم کے حوالے سے بات کریں گی۔

سید نور کی “آئینہ”ٹو کےساتھ واپسی

لاہور (شوبز ڈیسک)سید نور کا کہنا ہے ‘شبنم صاحبہ نے فلمی دنیا میں واپسی اختیار کی ہے اور ہم ان کا استقبال کرتے ہیں، میں نے کراچی میں شوٹنگ کے دوران ان سے کئی مرتبہ ملاقات کی، ہم ندیم صاحب کے گھر پر بھی ملے تھے، وہاں ہم سب نے فلم ‘آئینہ 2’ کے حوالے سے بات کی اور ایک پرانے پروڈیوسر بھی اس کا حصہ بن گئے، ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ اس فلم کو ضرور بننا چاہیے، میں اس فلم کو شبنم اور ندیم کے ساتھ ہی بنانا چاہتا ہوں’۔تاہم سید نور اس فلم کو کچھ الگ انداز میں بنانا چاہتے ہیں، ان کے مطابق ‘یہ فلم مستقبل کی عکاسی کرے گی، لیکن کچھ پرانے لمحات کو بھی پیش کیا جائے گا۔، جس کے لیے کاسٹ میں نئے اداکار بھی شامل کیے جائیں گے’۔سید نور کو امید ہے کہ ان کی اس فلم کے ذریعے پاکستان کی فلم انڈسٹری کی مثبت شکل دنیا بھر میں پیش کی جاسکے گی۔انہوں نے کہا ‘ہم پاکستانی فلم انڈسٹری میں ا±ن فلموں کو واپس لے کر آنا چاہتے ہیں، جن سے ہماری نئی نسل کچھ سیکھ سکے، شاید ہم پاکستان میں کچھ نئی اور بہتر انٹرٹینمنٹ کو فروغ کرسکیں’۔فلم ‘آئینہ 2’ کی ریلیز تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ 1977 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘آئینہ’ کا شمار پاکستان کی کامیاب فلموں میں کیا جاتا رہا ہے، جس میں ندیم اور شبنم نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کے درمیان اختلافات

ممبئی (شوبز ڈیسک )ایشوریا اور ابھیشیک کا شمار بولی وڈ کی بہترین جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ لیکن پچھلے کئی وقتوں سے ان دونوں کے درمیان اختلافات دیکھنے کو ملے ہیں۔بھارتی ویب سائٹ ڈی این اے کے مطابق دونوں اداکار جوڑی کے درمیان ایک بار پھر سے اختلافات سامنے آرہے ہیں اور اب کی بار اختلاف کی وجہ ان کی بیٹی ہیں۔ذرائع کے مطابق ابھیشیک چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی آرادھیا چائلڈ اسٹار کے طور پر بولی وڈ میں قدم رکھ دے تاکہ اداکاری میں مہارت حاصل کرکے مستقبل کی بڑی اداکارہ بن جائے جبکہ ایشوریا ایسا ہرگز نہیں چاہتیں، ان کا ماننا ہے کہ آرادھیا کو ابھی شوبز کی دنیا سے دور رہنا چاہیئے۔بیٹی کو شوبز میں لانے یا نہ لانے کی وجہ سے دونوں اداکاروں میں شدید اختلاف پایا جاتا ہے جبکہ اس حوالے سے بچن فیملی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے

اداکارشہریارزیدی کے بیٹے گلوکارجعفرزیدی کی شادی انجام پاگئی

لاہور(کلچرل رپورٹر) گلوکارہ نیرہ نوراور اداکار شہریارزیدی کے بیٹے گلوکار جعفرزیدی کی شادی لاہور میں انجام پائی۔جعفرزیدی کی شادی عثمان پیرزادہ کی بھتیجی یمینا پیرزادہ سے ہوئی۔شادی کی تقریبات رائے ونڈ روڈ پر واقع پیروزکیفے میں جاری ہیں جہاں گزشتہ رات رسم حنا اور رخصتی کی تقریب ہوئی جس میں دونوں فیملیزکی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ جعفر زیدی کو گزشتہ سال کوک سٹوڈیو سے شہرت ملی جو اب باقاعدگی سے گلوکاری کررہے ہیں جبکہ یمینا پیرزادہ سعدان پیرزادہ کی بیٹی ہیں جو اب اداکاری سے وابستہ ہیں اور ان دنوں نجی ٹی وی سے ان کی سیریل”خان “بھی آن ایئر ہے۔

نواز ،زرداری کے بیک ڈور رابطے, اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) حکومت کی طرف سے فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی کاپی پیپلزپارٹی کو فراہم کر دی گئی۔ حکومتی بل کی کاپی موصول ہونے کے بعد پی پی پی نے بل میں ترامیم کیلئے مشاورتی عمل شروع کر دیا۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کے (آج) کے اجلاس کے دوران بل کے معاملہ پر دونوں ایوانوں کے قائد حزب اختلاف اور اہم حکومتی ارکان میں غیرمعمولی ملاقات کا امکان۔ اتوار کو پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کا حکومتی بل قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نویدقمر کو موصول ہو گیا ہے جس کی روشنی میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن اور سابق وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک نے پارٹی سطح پر تیار کئے گئے بل کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ حکومتی بل میں ترامیم کیلئے اپنی قیادت سے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق (آج) پیر کو دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز نے اس بل کے معاملے پر حکومتی ٹیم کی ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلزپارٹی میں مذاکرات کی ناکامی پر اپوزیشن کی بڑی جماعت سینٹ میں اپنا بل متعارف کروانے کے حوالے سے بھی دیگر جماعتوں سے مشاورت کر رہی ہے جبکہ دونوں طرف سے ”بل“ متعارف ہونے پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک کا خدشہ ہے کیونکہ کوئی بھی آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت کے بغیر منظور نہیں ہو سکتی۔ قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو گا۔ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق ترمیمی مسودہ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی 18سیاسی جماعتیں اور 10آزاد امیدوار اسمبلی بل کی رائے شماری میں حصہ لیں گے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر اختلافات کے باعث حکومت اور پیپلزپارٹی میں تاحال حتمی معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔ پارلیمنٹ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی حتمی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ سپیکر اسمبلی ایاز صادق، وزیر قانون زاہد حامد نے بھی آصف زرداری سے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں تاہم کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ آج ہونے والے اجلاس میں حکومت کی جانب سے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی کو فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے ترمیمی بل پر اپنا حمایتی بنایا جائے۔سینٹ میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کیلئے متحدہ حزب اختلاف کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ اجلاس اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزازاحسن کی صدارت میں ہوگا۔ پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی،ایم کیو ایم اور قوم پرست جماعتوں کے اراکین سینٹ شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ میں حزب اختلاف کی پارلیمانی جماعتوں کے اس اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کے بل کا جائزہ لیا جائے گا۔

ریلوے افسرون نے کروڑوں اُڑا دئیے, لیکن کیسے؟, دیکھئے خبر

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اربوں کے خسارے کے باوجود وزارت ریلوے کے افسران کی عیاشیاں ختم نہ ہوئیں، ایک طرف پاکستان ریلوے کو 27ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف افسر شاہی کی جانب سے گاڑیوں کی مرمت، دیکھ بھال اور ایندھن کی مد میں کروڑوں خرچ کئے جارہے ہیں،وزارت ریلوے کے ذرائع کے مطابق اس وقت وزارت ریلوے کے پاس 20سرکاری گاڑیاں ہیں ان گاڑیوں کی دیکھ بھال ، مرمت اور ایندھن کی مد میں یکم جنوری 2013 سے 31دسمبر 2016 تک 2کروڑ 17لاکھ 21ہزارروپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں، ریلوے جو گزشتہ کئی برس سے خسارے میں چل رہا ہے تمام تر جتن کے باوجود منافع بخش تو دور کی بات اس کا خسارہ کم کرنے میں کامیابی حاصل نہ کی جاسکی جس کی سب سے بڑی وجہ آمدن کم اخراجات زیادہ ہیں،ریلوے حکام نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کو منافع بخش بنانے اور خسارے سے نکالنے کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں مال بردارگاڑیوں میں اضافہ کیا گیا، مختلف ٹرینوں کو نجی شعبے میں دیا جارہا ہے جس سے توقع ہے کہ سالانہ اربوں کی آمدن ہوگی، اسی طرح کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس ساہیوال تک درآمد شدہ چار ملین ٹن سے زائد کوئلہ کی نقل وحمل کیلئے نجی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا،باربرداری کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے ٹرانسپورٹ کمپنی قائم کی گئی ہے ، موجودہ حکومت نے ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔