Tag Archives: electric-car

انتظار کی گھڑیاں ختم ….چین کی سستی ترین الیکٹرک گاڑیوں کی پاکستان آمد

کراچی (نیوز ایجنسیاں)چینی کمپنی نے کراچی میں منعقدہ پاکستان آٹو شو 2017 کے پلیٹ فارم سے کم قیمت الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرادی ہیں، جدید اور دیدہ زیب ڈیزائن کی حامل الیکٹرک کاروں کی فیکٹری پرائس 3ہزار سے 5 ہزارڈالر ہے۔کمپنی کی جانب سے 3 دروازوں اور 4سیٹوں والی بائی منی ای وی کار کے 3ماڈلز آئندہ سال پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے جن میں اکانومی، کمفرٹ ایبل اور لگڑری ماڈلز شامل ہیں۔ اکانومی کی قیمت 3ہزار ڈالر، کمفرٹ ایبل کی قیمت 4 ہزار ڈالر جبکہ لگڑری ماڈل کی فیکٹری پرائس 5ہزارڈالر بتائی جاتی ہے۔ایکسپو سینٹر میں شرکت کرنے والی چینی کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی چین میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی سرفہرست کمپنیوں میں سے ایک ہے جو یومیہ 1ہزار گاڑیاں تیار کرتی ہے۔ الیکٹرک کاروں کی فی کلو میٹر مسافت کی لاگت 1روپے سے بھی کم ہوگی، گاڑی کو گھریلو برقی نظام (220واٹ)سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ خصوصی پاور چارجنگ سسٹم کے ذریعے انتہائی کم وقت میں مکمل بیٹری چارج کی جاسکتی ہے۔ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد 60کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 120کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔کمپنی کے نمائندوں کے مطابق الیکٹرک کاروں کی پاکستان میں فروخت کے لیے پارٹنرز اور ڈیلرز تلاش کررہے ہیں، کمپنی آئندہ سال تک گاڑیاں پاکستان میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چینی کمپنی پاکستان میں فروخت کی جانے والی گاڑیوں کی 5 سال یا 80 ہزار کلو میٹر رننگ کی وارنٹی بھی فراہم کریگی جبکہ پاکستان میں گاڑیوں کی مرمت اور پرزہ جات کی فراہمی کیلئے بھی بعد از فروخت سروس نیٹ ورک قائم کیا جائیگا۔واضح رہے کہ برقی گاڑیوں میں پاور ونڈو، المونیم الائے رم، ڈسک بریک، سینٹرل لاکنگ سسٹم، ریموٹ کیز، ایئرکولر(آپشنل)ایئر ہیٹرسمیت ریڈیو، یو ایس بی، اے یو ایکس، عقبی کیمرہ ڈسپلے، ویڈیو اور اسپیکرز کی سہولت بھی موجود ہے۔