All posts by admin

ملک میں ایک دن انتخابات: مسلم لیگ (ق) نے بھی مذاکرات کیلئے 4 رکنی کمیٹی بنا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری سیاسی بحران پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور، جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ، نائب صدر چودھری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین نے شرکت کی، اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے پنجاب میں انتخابات کیلئے اچھے امیدواروں کو ٹکٹس دینے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے حوالے سے مفاہمتی عمل کیلئے پارٹی کی 4 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا، کمیٹی کے ممبران میں چودھری سرور، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین شامل ہوں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے، سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ اکٹھے بیٹھنا چاہیے، ناممکنات میں سے ممکنات کے امکانات پیدا کرنا ہی سنجیدہ اور زیرک سیاسی قائدین کا خاصہ ہے۔
چودھری سرور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات چاہتی ہے، ایک روز انتخابات نہ ہونے کی صورت میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا، پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی ٹکٹس جلد الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں گے، پارٹی کو منظم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، معروف سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

ممتاز سیاستدان اور سابق سینیٹر انور بیگ انتقال کرگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ممتاز سیاسی شخصیت اور سینیٹ کے سابق رکن انور بیگ انتقال کر گئے۔
انوربیگ کی نمازجنازہ کل عید کے روز نماز ظہر کے بعد ایچ 8 قبرستان میں ادا کی جائے گی، سابق سینیٹر کے انتقال کی خبر پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انور بیگ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا بھی حصہ رہے، پیپلز پارٹی کے سابق دور حکومت میں وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے احتجاج اور خانہ جنگی ہو گی: سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب سے بھی رابطہ ہوا ہے، وہ بھی ملک کی بہتری چاہتے ہیں، الیکشن کی متفقہ تاریخ تک پہنچنے میں وقت لگے گا، ہم نے اسٹیبلشمنٹ کو تکلیف نہیں دی، وہ اپنا کام کریں جس کا حلف انہوں نے اٹھایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ جلسہ، جلوس، احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، گوادر شہر سمندر کے کنارے تو آباد ہے لیکن پانی سے محروم ہے، گوادر میں شدید بد امنی ہے، وہاں منشیات فروشی کا دھندہ عام ہے، وعدوں کے باوجود باہر کا ٹرالر مافیا سمندر پر قابض ہے، صوبائی حکومت نے لوگوں سے کیے گئے معاہدے پر عمل نہیں کیا، مولانا ہدایت الرحمان صاحب 100دن سے جیل میں ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ گوادر کو ساری دنیا کیلئے تماشہ بنایا گیا، سی پیک کے حوالے سے گوادر ایک حساس شہر ہے، ہماری خواہش ہے اس علاقے میں مکمل امن ہو، صوبائی حکومت شاید یہی چاہتی ہے کہ لوگ مشتعل ہوں، بلوچستان آتش فشاں بن جائے گا، صوبائی حکومت، اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں آپ چاہتے کیا ہیں؟ لوگوں کی 100 فیصد پرامن تحریک ہے، ایک پرامن احتجاج کرنے والے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بہانوں کے ذریعے یہ چاہتے ہیں مولانا ہدایت الرحمان جیل میں ہی رہیں، جماعت اسلامی گوادر کے ماہی گیروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یکم مئی کو پورے پاکستان میں احتجاج کر رہی ہے، ہم پورے ملک کے بڑے بڑے شہروں میں احتجاج کریں گے، ایک بار پھر حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ مولانا ہدایت الرحمان کو فوراً رہا کیا جائے، جماعت اسلامی اس ظلم کی مذمت کرتی ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سیاسی بحران ہے، سیاسی بحران کے ساتھ معاشی اور آئینی بحران بھی ہے، قومی اسمبلی، سینیٹ اور سپریم کورٹ میں عام لوگوں کے حوالے سے کوئی کیس نہیں، الیکشن ایک یا دو پارٹیوں کا مسئلہ نہیں یہ 23 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی پورے ملک کا الیکشن چاہتی ہے، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے احتجاج اور خانہ جنگی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ہمارا ملک لیبیا بنے، غریب عوام کیلئے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے، عدالت کے جج ایک پیج پر نہیں ہیں، وہ بھی آپس میں لڑ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ماضی کی طرح جھرلو الیکشن نہ ہوں، ہم یہ بھی چاہتے ہیں الیکشن اغوا نہ ہوں، ہم مسلسل سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، دلیل کی جگہ گالی نے لے لی ہے، بے انتہا فاصلے بڑھ گئے ہیں، لوگوں کو ایک جگہ متفق کرنا مشکل کام ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امید ہے ہم کامیاب ہو جائیں گے، پیپلز پارٹی، اے این پی نے مذاکرات کی بات کی ہے، وزیر اعظم چاہتے تھے ہم اس بند گلی سے نکلیں، عمران خان نے بھی مثبت جواب دیا، سپریم کورٹ کا رویہ بھی یہی ہے کہ آپس میں بیٹھ کر کوئی راستہ نکالیں، سپریم کورٹ نے کل خود ہی کہا آپ 27 تاریخ تک خود ہی راستہ نکال لیں، عید کے بعد ہم اس عمل میں تیزی لائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کچے پہنچ گئے

رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کچے کے علاقے پہنچ گئے، محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں اگلے مورچوں کا دورہ بھی کیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا اور آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نگران وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی دورے پر محسن نقوی کے ہمراہ موجود تھے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس جوانوں کے حوصلے اور جذبے کو بھی سراہا اور پولیس کے جوانوں کو عید کی مبارکباد اور عیدی دی، محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس جوانوں کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد، پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، پنجاب پولیس کے بہادر افسروں اور جوانوں پر فخر ہے، کچے کے علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، ان عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو کا دورہ بھارت عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا بھارت کا دورہ کشمیریوں کی جدوجہد کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر کے معاملے کو دفن کرکے بھارت سے تعلقات بنانا عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، عالمی ایجنڈے کے تحت اس حکومت کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلقات کے حامی ہیں لیکن کسی طور بھی ذیلی ملک نہیں بن سکتے، تعلقات برابری کی سطح اور بنیادی معاملات پر تصفیہ کیلئے ہونے چاہئیں، پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک کیلئے اہمیت کھورہا ہے، یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پارٹی رہنماؤں اور قانونی ماہرین سے اہم ملاقاتیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سرکاری چھٹی کے روز بھی وزیراعظم شہبازشریف کی لاہور میں بھرپور سیاسی مصروفیات جاری ہیں۔
شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اور قانونی ماہرین نے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے لیگی رہنماؤں قانونی ماہرین سے ملکی سیاسی و آئینی صورتحال اور ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے کیس سےمتعلق تفصیلی مشاورت کی۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان اور لیگی رہنما شزا فاطمہ، سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان شامل تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کے حوالے سے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی ہے، سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطاء بندیال نے کہا کہ اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے، عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ہے۔

شیخ رشید کا نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھ دیا۔
شیخ رشید نے اظہرصدیق کے ذریعے مراسلہ الیکشن کمیشن کا ارسال کیا،‏ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اپنے مراسلے میں مؤقف پیش کیا ہے کہ ‏نگران پنجاب حکومت 90 دن کی مدت مکمل ہوچکی ہے، آئینی طور پر نگران حکومت کام کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
مراسلے میں تنبہہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 218،220 کے تحت نگران حکومت کو کام سے روکا جائے اور اگر نگران حکومت کو کام سے نہ روکا گیا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

مشہور ہالی ووڈ فلم ’ٹوائیلائٹ‘ جلد بطور ٹی وی سیریز نشر کی جائے گی

نیویارک: (ویب ڈیسک) مشہور ہالی ووڈ فلم سیزیز ’ٹوائیلائٹ‘ جلد ٹی وی سیریز کی صورت میں پیش کی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ رپورٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لائنز گیٹ ٹیلی ویژن اس وقت ٹی وی کے لیے دی ٹوائیلائٹ ساگا بطور ٹی وی سیریز تیار کرنے کے ابتدائی مراحل میں ہے۔
اس سیریز کی کہانی ویمپائرز اور ان کا شکار کرنے والے بھیڑیوں کے درمیان محبت اور جنگ کے گرد گھومتی ہے جس کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
اس کتابی مجموعے کو پہلے فلم سیریز میں نشر کرنے کے بعد اب ٹیلی ویژن سیریز میں پیش کرنے کیلئے اس کے مصنف اسٹیفنی میئر کی خدمات لی جارہی ہیں۔
ٹوائیلاٹ کے مداح بے صبری سے اپنی پسندیدہ سیریز کو ٹی وی سکرین پر دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں تاہم لائنز گیٹ ٹیلی ویژن نے اس حوالے سے باضابطہ کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان مذاکرات تو جاری ہیں مگر نتیجہ کوئی نہیں نکل رہا، سیکرٹری خزانہ کے حالیہ دورہ امریکا میں سٹاف لیول معاہدے کیلئے اہم پیشرفت نہ ہوسکی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے معاہدے کیلئے تاحال تاریخ نہیں دی ہے جبکہ وزارت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے شرائط پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق واشنگٹن میں سائیڈ لائن میٹنگز حتمی نتیجہ پر نہ پہنچ سکیں اور سعودی عرب، یواے ای کی یقین دہانیاں ناکافی ثابت ہوئیں ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ مزید ایک ارب ڈالر کا کمرشل بینکس سے فنانسنگ کا پلان دینا پڑا ہے اور آئی ایم ایف کو سستا پٹرول سکیم پر تفصیلی بریف کیا گیا مگر آئی ایم ایف نے تاحال سستا پٹرول سکیم دینے کی سکیم پر رضامندی کا اظہار نہیں کیا۔

کراچی کے دکاندار تڑپ کر رہ گئے، موجودہ عید سیزن بدترین قرار

کراچی: (ویب ڈیسک) آسمانوں کو چھوتی مہنگائی عید کی خوشیاں بھی کھا گئی، کراچی کے دکاندار تڑپ کر رہ گئے، عید کے موجودہ سیزن کو ملکی تاریخ کا بدترین سیزن قرار دے دیا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اس عید پر شہر میں صرف 20 ارب روپے کی خریداری ہوئی، یہ خریداری گزشتہ برسوں میں کورونا کی بندش کے دوران کی گئی شاپنگ سے بھی کم ہے، گزشتہ سال بھی 25 سے 30 ارب روپے کی خریداری کی گئی تھی۔
تاجروں نے کہا کہ دکانداروں نے عید کیلئے جو سٹاک اکٹھا کیا تھا اس کا آدھا بھی بمشکل فروخت کر پائے، شہر کے بازار عید کی روایتی گہما گہمی سے محروم رہے۔
آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کاروباری افراد کیلئے عید کا سیزن مایوس کن قرار دے دیا اور کہا کہ عید کی 80 فیصد خریداری بچوں اور خواتین کے کم قیمت کپڑوں کی ہوئی۔

بابراعظم کے عالمی نمبر ون بیٹر بننے کا مکمل یقین تھا: مکی آرتھر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ بابراعظم کو جب پہلی بار سٹروک کھیلتے ہوئے دیکھا تو یقین ہوگیا تھا وہ عالمی نمبر ون بیٹر بنیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ان کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینے کی سوچ کے پیچھے میرا یقین تھا کہ وہ پاکستان کیلئے اہم ترین کرکٹر کے طور پر کردار ادا کرسکتے ہیں، وہ مجھے نمبر ون بیٹر کے طور پہچان بنانے کے اہل نظر آئے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ بابر ہمیشہ بہتری لانے کی جستجو میں رہتے اور کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مزید کئی کرکٹرز میرے کوچنگ چھوڑنے کے بعد بھی رابطے میں رہے، اسی لیے کہتا ہوں کہ اس ملک سے میرا رشتہ کبھی نہیں ٹوٹا۔
ایک سوال پر مکی آرتھر نے کہا کہ زبان کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ رابطوں میں کبھی مشکل پیش نہیں آئی، کرکٹ کی ایک اپنی بھی عالمی زبان ہے، کچھ باتیں تو ہم بھی اردو اور یہاں تک کہ پشتو میں بھی سمجھانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جبکہ چند امور میں تو اپنی بات پہنچانے کیلئے اشارے بھی کافی ہوتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاری چیلنج رہا ہے: سلمان علی آغا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم میں شامل مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیاری چیلنج رہا ہے ۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ روزوں اور گرم موسم کی وجہ سے ٹف کنڈیشنز کا چیلنج رہا ہے لیکن ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں چیلنج کو قبول کیا اور اچھی تیاری کی۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں وقفہ آجاتا ہے اور اسی لیے ہمیں ہر وقت خود کو تیار رکھنا پڑتا ہے، ون ڈے کرکٹ میں وقفہ آنا یا کم ہونا ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن چونکہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اس لیے ہر وقت کوشش کرنا پڑتی ہے اور تیار رہنا پڑتا ہے، مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن ٹریننگ میں وقفہ نہیں آنے دیتے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک ایک ون ڈے میچ کو ورلڈکپ کی تیاری کے طورپر لینا ہے، ورلڈکپ سے قبل جتنے میچز ملیں ان سے فائدہ اٹھانا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز اہم ہیں، پھر افغانستان کے خلاف سیریز کے تین ون ڈے میچز اور پھر ایشیا کپ جو کہ ون ڈے فارمیٹ پر ہونا ہے اس سے اچھی تیاری ہوگی۔
سلمان علی آغا نےکہا کہ وائٹ بال یا ریڈ بال کرکٹ ہو میں ایک ہی طرح لیتا ہوں، میں اسے صرف کٹ اور بال کی تبدیلی ہی سمجھتا ہوں، میرے لیے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں کیونکہ کرکٹ کی بنیاد تو ایک جیسی ہی رہتی ہے اور آپ اسی کے مطابق کھیلتے ہیں، میری کوشش ہوتی ہے کہ چیزوں کو زیادہ سے زیادہ سادہ رکھوں ،جس طرح ون ڈے کھیلتا ہوں اسی طرح ٹی 20 کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں اور پھر ٹیسٹ کرکٹ کے فارمیٹ میں بھی اسی طرح ایڈجسٹ ہونے کی کوشش ہوتی ہے۔

کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں خوشگوار لمحات، بابر نے افتخار سے عیدی مانگ لی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عید سے پہلے عیدی کا مطالبہ، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے افتخار احمد سے عیدی مانگ لی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں بارش نے جہاں میچ کا مزہ کرکرا کیا وہیں کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں خوب انجوائے کیا اور ایک دوسرے سے چھیڑ خانی کی۔
پی سی بی کی جانب سے ڈریسنگ روم کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں بابر اعظم نے افتخار احمد سے عیدی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہمیں عیدی دینا بنتا ہے، اس موقع پر رضوان نے بھی بابر کا ساتھ دیا اور افتخار سےعیدی مانگی۔
بارش سے متاثرہ میچ کے دوران کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں خوشگوار لمحات گزارے۔