All posts by admin

سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ انتقال کر گئے

کراچی : (ویب ڈیسک) بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور حسین کھوسہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
میر ظہور حسین کھوسہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے،خاندانی ذرائع کے مطابق میر ظہور خان کھوسہ کی میت ان کے آبائی علاقے صحبت پور لائی جائے گی جبکہ تدفین میر حسن میں کی جائے گی۔
سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ کافی عرصہ سے پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔

فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے عید کہاں گزاری؟

لاہور : (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے معروف کھلاڑی شاہین آفریدی نے عید الفطر طورخم میں پہاڑی تودے سے متاثر ہونے والے علاقے میں گزاری۔
اپنے آبائی علاقے میں نماز عید کی ادائیگی اور قریبی عزیزوں سے ملاقات کے بعد قومی کرکٹر طورخم گئے جہاں شاہین آفریدی نے ریسکیو کاموں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر شاہین آفریدی نے ریسکیو آپریشن کرنے والے اداروں کے رضاکاروں اور پاک فوج کی امدادی و بحالی ٹیم کے اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
قومی کرکٹر نے ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کیں اور اپنے پیغام میں لکھا کہ میں نے عید کا دن طورخم کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں گزارا، اس افسوسناک واقعہ میں 8 افراد کی موت جبکہ متعدد زخمی ہوئے اور بڑا مالی نقصان ہوا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھاکہ یہ دیکھ کر بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ سیکیورٹی ادارے، رضاکار اور دیگر ریسکیو ادارے گزشتہ پانچ روز سے چوبیس گھنٹے کام کر کے علاقے کو کلیئر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، انہوں نے ریسکیو ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ ریسکیو ٹیموں نے آپریشن مکمل کر لیا ہے، اس آپریشن میں پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں، ایف سی، ریسکیو1122اور سول انتظامیہ نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے انجینئرز، اربن سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے8جاں بحق اور 12زخمیوں کو ملبے سے نکالا، پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے27ٹرک اور کنٹینرز کو بھی نکال لیا۔

”وارث پنجاب دے“ کے سربراہ امرت پال سنگھ سندھو گرفتار

موگا: (ویب ڈیسک) بھارت کی پنجاب پولیس نے ”وارث پنجاب دے“ کے سربراہ امرت پال سنگھ سندھو کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی پنجاب پولیس کی جانب سے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق امرت پال سندھو کو بھارتی پنجاب کے شہر موگا سے گرفتار کیا گیا۔
بھارتی پولیس کاکہنا ہے کہ امرت پال کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات بعدمیں جاری کی جائیں گی، پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ امرت پال سنگھ نے خود کو پولیس کے سامنے سرنڈر کیا ہے۔

نماز عید کے دوران شور کی شکایت لیکر آنے والا اسلام قبول کرکے واپس لوٹ گیا

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مسلمان عیدالفطر منا رہے ہیں، اسی موقع پر ایک آسٹریلوی شہری عید کے موقع شور کی شکایت لے کر آیا لیکن اسلام قبول کرکے واپس لوٹ گیا۔
انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں سفید کپڑوں میں ملبوس شخص کہہ رہا ہے کہ یہ یہ ہمارا بھائی سڑک کی دوسری طرف رہتاہے اس کا نام اوبرائن ہے۔
اس شخص نے مزید بتایا کہ اوبرائن آج صبح نماز عید کے دوران شور کی شکایت لے کر میرے پاس آیا، میں نے اس کے ساتھ پندرہ منٹ بات چیت کی اور انہیں کھانا کھلایا۔
اسی گفتگو کے دوران اللہ پاک نے انہیں ہدایت نصیب کی اور خواہش ظاہر کی کہ وہ گھر مسلمان ہو کر واپس جانا چاہتے ہیں، اس طرح آسٹریلوی شہری کلمہ پڑھ کر دین کی دولت سے مالامال کر اپنے گھر واپس لوٹ گیا۔

حماد اظہر نے پنجاب کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ بتا دی

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے پنجاب کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ بتا دی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے مجھے عمران خان نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے، اس وقت پاکستان کا اب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے، تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ اگلے دن میں نے تمام صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔
عمران خان نے پارٹی ٹکٹ کن افراد کو جاری کیے ؟
خیال رہے کہ چند روز پہلے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے تمام ضلع صدور کو ٹکٹ جاری کر دیئے تھے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پرویز الہی سمیت پنجاب کے تمام ضلعی صدور کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
سابق وزرائے اعلیٰ کے علاوہ سبطین خان، واثق قیوم، سابق وزیر تیمور ملک، خیال کاسترو اور فیاض الحسن چوہان کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے سابق وزیر میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔

سلمان خان نے بھائی کہنے سے کیوں منع کیا؟ پوجا ہیگڑے

لاہور:(ویب ڈیسک)اداکارہ پوجا ہیگڑے نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان نے فلم کسی کا بھائی کسی کی جان کے سیٹ پر منع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھائی نہ بلائیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بھی باقی سب لوگوں کی طرح انہیں بھائی کہہ کر پکارتی تھیں، پوجا ہیگڑے نے کہا کہ جب میں کسی کا بھائی کسی کی جان فلم کے سیٹ پر ابتداء میں ملی تھی تو میں نے انہیں بھائی کہہ کر پکارا کیونکہ سب ہی ان کو بھائی کہتے ہیں، انہیں بھائی کہہ کر پکارنا ایک عام سی بات ہے۔
سلمان خان پر حملہ کب ہو گا؟ پولیس کو فون کال موصول
اداکارہ کاکہنا تھا کہ اب فلم کے سیٹ پر بھی سب انہیں بھائی جان کہتے تھے لیکن فلم میں میرا کردار ایسا ہے کہ مجھے سلمان خان کو بھائی نہیں کہنا مگر میں شوٹنگ کے دوران مسلسل سلمان خان کو بھائی پکارکر غلطی کر رہی تھی، اس موقع پر سلمان خان نے مجھے بھائی کہہ کر پکارنے سے منع کردیا۔

پرتشدد کارروائیوں میں ملوث لوگ مشرقی پاکستان کی تاریخ دہرا رہے ہیں: عمران خان

لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جس بیباکی و استقامت سے علی امین نے مصائب و مشکلات کا سامنا کیا ہے اس سے ہماری نگاہوں میں ان کی قدر و منزلت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو ذہنی اذیت دینے یا تذلیل کی غرض سے دوران حراست شہر شہر گھمانے کا رویہ روا رکھا جا رہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ علی امین پارٹی کی نظریاتی شخصیات میں سے ایک ہیں اور ہمارے کارکنوں میں ہر دلعزیز ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا ہے کہ احمقانہ کارروائیوں میں ملوث لوگ اس احساس تک سے محروم ہیں کہ ان ہتھکنڈوں سے اپنے لئے ذلّت کا سامان کرنے اور ملّت و ریاست کے مابین فاصلے بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے جو کچھ مشرقی پاکستان میں کیا گیا وہی سب پھر سے دہرایا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر نے نامور شخصیات کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیے

کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ادائیگی نہ کرنے والے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹانے کا عمل شروع کر دیا۔
ٹوئٹر حکام نے کئی نامور شخصیات، کھلاڑیوں، اداروں اور عام افراد کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیے ہیں، امریکا سے لے کر پاکستان تک صارفین بلیو ٹک سے محروم ہونے والوں میں شامل ہیں، اب ماہانہ 8 ڈالر ادائیگی کے عوض ملنے والا ویری فیشکن ٹک ہی چلے گا، 20 اپریل کے بعد پرانے تصدیق شدہ ٹک ختم کر دیے گئے ہیں۔
مشہور صارفین جن کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹایا گیا ان میں سابق وزیراعظم عمران خان، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، لیگی رہنما مریم نواز، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس شامل ہیں۔
علاوہ ازیں امریکی بزنس ویمن کم کارڈیشین، سیلینا گومز، بیونسے، امریکی ٹی وی ہوسٹ اوپرا ونفرے، اور ہیومن رائٹس واچ کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔

طورخم بارڈر پر امدادی کاموں کے دوران پھر لینڈ سلائیڈنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا

طورخم:(ویب ڈیسک) طورخم بارڈر پر پاکستان آرمی کی طرف سے جاری امدادی کاروائیوں کے دوران پھر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تاہم امدادی ٹیمیں اور دیگر افراد محفوظ رہے۔
تین روز گزرنے کے بعد بھی لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے کیلئے پاک فوج کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، عید کے موقع پر بھی قوم کی خوشیوں کو قائم رکھنے کیلئے فوجی جوان شاہراہ کی مکمل بحالی تک امدادی کام جاری رکھیں گے۔
پاکستان آرمی انجینئرز، آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، متعدد ڈمپرز اور دیگر آلات کے ذریعے متاثرہ علاقے میں مشکلات باوجود امدادی سرگرمیوں کو مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں، قوم کی دعاؤں اور اللہ کی مدد سے پاک فوج جلد صورتحال پر قابو پا لے گی، آخری متاثرہ فرد کو نکالنے تک امدادی کام جاری رکھا جائے گا۔

عید تعطیلات کے بعد مقدمات کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کے 5 بینچز تشکیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد مقدمات کی سماعت کیلئے 5 بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔
چیف جسٹس نے 26 سے 28 اپریل تک ایک سپیشل اور 5 ریگولر بینچز تشکیل دیئے ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپیشل بینچ میں جسٹس اعجاز الااحسن، جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، بینچ نمبر دو میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید، تین نمبر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امیر الدین خان، چار نمبر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک، پانچ نمبر بینچ میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر شامل ہوں گے۔
ملک بھر میں ایک ساتھ عام انتخابات کروانے کیلئے درخواستوں پر 27 اپریل کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا، اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے لئے جانے والے از خود نوٹس پر بھی سماعت ہو گی۔
بھونگ مندر رحیم یار خان پر حملہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 27 اپریل کو کرے گا، بھوجا ائیر لائن اسلام آباد طیارہ حادثہ سے متعلق کیس جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 27 اپریل کو سنے گا۔

بلوچستان حکومت کا چاند رات پر ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کی حکومت نے چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا، صوبائی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران کو احکامات جاری کردیے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ پابندی کا مقصد چاند رات پر ہوائی فائرنگ سے انسانی جانوں کے ممکنہ ضیاع کو روکنا ہے، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ قانونی جرم ہے جو عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے،اپنی چند لمحوں کی خوشی کیلئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنائیں۔

پرویز الہٰی کو اعتماد کو ووٹ نہ دینے والے فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سرگودھا کے مبینہ قبضہ مافیا پر ٹکٹوں کی برسات کر دی۔
عمران خان کے دور حکومت میں خود کو سر عام قبضہ مافیا کہنے والے عامر چیمہ کے خاندان پر نوازشات کی برسات کر دی گئی، سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے والے عامر چیمہ کے کزن فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔
سابق ایم این اے عامر چیمہ کی خود کو قبضہ مافیا کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے، جس میں برملا اعتراف کر رہے ہیں کہ ہاں میں بہت بڑا قبضہ مافیہ ہوں، عمران خان کو بھی معلوم ہے کہ میں بہت بڑا قبضہ مافیہ ہوں، جس کو جو اکھاڑنا ہے اکھاڑ لے۔
فیصل چیمہ کو تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری ہونے پر حلقے کے نظریاتی کارکنوں نے کپتان کے فیصلے سے ناخوش کا اظہار کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی مخالفت کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے فیصل چیمہ پنجاب اسمبلی میں چودھری پرویز الہٰی کی اعتماد کے ووٹ کی تحریک کے دوران غیر حاضر رہے جس پر پارٹی نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے شوکاز جاری کیا تھا۔
شوکاز نوٹس میں فیصل چیمہ کو پارٹی چئیرمین عمران خان کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ آپ نے بطور پارلیمانی رکن پی ٹی آئی واضح ہدایات کے باوجود پارٹی پالیسی سے انحراف کیا۔

پی پی 158: مہر شرافت علی نامنظور، پی ٹی آئی کارکنان کا زمان پارک کے باہر احتجاج

کماہاں: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے زمان پارک کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مہر شرافت علی سے پی پی 158 کا ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
مظاہرین نے زمان پارک کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پیرا شوٹرز نامنظور کے نعرے لگائے، مظاہرین نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مہر شرافت علی سے ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 158 کے کارکنان کے ساتھ ہمیشہ ظلم کیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اس بار بھی پیرا شوٹر مہر شرافت علی کو ٹکٹ دے کر کارکنان کی حق تلفی کی ہے، پی پی 158 سے مہر شرافت کسی صورت قبول نہیں، عمران خان پی پی 158 سے کسی مقامی رہنما کو ٹکٹ دیں۔