All posts by admin

شاہ رخ خان کی بیٹے کے برانڈ کیلئے بیٹی سہانا خان کیساتھ ماڈلنگ

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا اپنی بیٹی اور اداکارہ سہانا خان کے ساتھ پہلا اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، یہ اشتہار اداکار کے بڑے بیٹے آریان خان کے کلاتھنگ برانڈ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان نے پہلی بار اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں کام کیا ہے، باپ بیٹی کی اس جوڑی نے آریان خان کے لگژری اسٹریٹ ویئر کلاتھنگ برانڈ ‘D’Yavol X’ کی نئی اشتہاری ویڈیو میں ساتھ کام کیا ہے جس کی ویڈیو کنگ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔

میگا اسٹار نے 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اشتہار کی ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کی، اشہار کا آغاز شاہ رخ خان کی انگوٹھیوں کے ساتھ ہوتا ہے جن پر برانڈ کا نام ہوتا ہے، چند سیکنڈ بعد برانڈ کا لوگو نظر آتا ہے اور پھر سہانا خان کی انٹری ہوتی ہے۔

سہانا خان جادوئی چھڑی سے D’yavol X کے بالکل ساتھ ‘ڈزنی’ کا لوگو بناکر دونوں برانڈ کے اشتراک کا اعلان کرتی ہیں اور پھر اپنے والد شاہ رخ خان کو دیکھ کر مُسکراتی ہیں۔

شاہ رخ خان نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنی بیٹی کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا سب سے بہترین ہے اور میرے بڑے بیٹے نے بھی اپنا کام کر دیا ہے، میں تم دونوں سے پیار کرتا ہوں۔

آریان خان کی تعریف کرتے ہوئے کنگ خان نے کہا کہ آریان! میں نے آپ کو مختصر وقت دیا تھا اور اس کے باوجود آپ نے بہترین کام کیا ہے، اُمید ہے کہ آپ کا برانڈ D’yavol X کامیابی کی اونچی اُڑان بھرے گا۔

واضح رہے کہ آریان خان نے 2023 میں 30 اپریل کو اپنے برانڈ کا آغاز کیا تھا، اُن کے برانڈ نے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی تھی اور اُن کی تمام کلیکشن تیزی سے فروخت ہوئی تھی۔

شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کے لگژری برانڈ کے لیے ماڈلنگ کی تھی، اُنہوں نے آریان کے برانڈ کی چمڑے کی جیکٹ پر آٹوگراف دیا تھا جس کی قیمت بھارتی 2 لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔

مسلح افواج قوم کی حمایت سے ملکی دفاع کیلیے پوری طرح تیارہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہروقت تیار رہنا چاہیے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی علاقے میں فیلڈ ایکسرسائز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو مشق شمشیر صحر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

آرمی چیف نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے مادر وطن کی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ارمی چیف نے تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔ شمشیرِ صحرمشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بڑھانا تھا۔

انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز؛ 147 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ پلٹ گئی

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان دھرم شالہ ٹیسٹ میچ کے دوران ایک ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زائد چھکے جبکہ فاسٹ بولر نے 700 وکٹیں حاصل کرلیں۔

سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ میں جونی بیئرسٹو نے چھکا لگا کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جبکہ جیمز اینڈرسن نے کلدیپ یادیو کی وکٹ لیکر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے 700 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس سے قبل سری لنکا کے اسپنر متھیا مرلی دھرن نے 800 اور آسٹریلیا کے شین وارن نے 708 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا تھا تاہم اینڈرسن بطور فاسٹ بولر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

سال 2022 میں انگلینڈ کیلئے ڈیبیو کرنے والے جیمز اینڈرسن 187 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کرچکے ہیں، جس میں 26.52 کی اوسط سے 700 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کیرئیر میں 32 بار 5 یا اس زائد جبکہ 3 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔

واضح رہے کہ سیریز میں بھارت کو انگلینڈ کیخلاف 1-3 کی واضح برتری حاصل ہے۔

جماعت اسلامی نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا

اسلام آباد: صدارتی الیکشن میں جمعیت علمائے اسلام کے بعد جماعت اسلامی بھی غیر جانبدار ہوگئی۔

جماعت اسلامی نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا۔ سینیٹ میں جماعت اسلامی کے واحد رکن سینیٹر مشتاق احمد خان پولنگ میں شریک نہیں ہوئے۔

اسی طرح سندھ اسمبلی میں بھی جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے صدرکے انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

محمد فاروق نے کہا کہ اپنی پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق ووٹ نہیں ڈال رہا، ہم اس صدارتی انتخاب کا حصہ نہیں ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں بھی جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مجید بادینی اور حق د و تحریک کے مولانا ہدایت الرحمن نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا اور صدارتی انتخاب میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا۔

ترجمان جماعت اسلامی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق الیکشن میں ووٹ اور نتائج دونوں چوری ہوئے جس کے نتیجے میں اسمبلیاں موجود میں آئیں جن میں ہونے والا صدارتی انتخاب بھی جعلی ہے، جماعت اسلامی صدارتی الیکشن میں غیر جانبدار رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک میں تیزی لائیں گے، اپوزیشن آئے اور ہمارے ساتھ عملی میدان میں جدوجہد کرے۔

تاریخ میں پہلی بار پاکستانی پارلیمنٹیرین آئی ایم ایف، ورلڈ بینک بورڈ ممبر منتخب

اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی رکن پارلیمنٹیرین آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بورڈ کے ممبر منتخب ہو گئے۔

سینیٹر فیصل سلیم آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پارلیمنٹری بورڈ کے ممبر منتخب ہو گئے۔ دنیا بھر کے 140ممالک پارلیمنٹری نیٹ ورک آن آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے رکن ہیں۔پارلیمنٹری نیٹ ورک غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام سے متعلق ریفارمز کی سفارشات مرتب کرتا ہے۔

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فیصل سلیم مارچ 2021میں ایوان بالا کے رکن بنے تھے اور ان کی مدت مارچ 2027کو ختم ہو رہی ہے۔

زارا نور عباس کا شوبز کی دُنیا سے دوری اختیار کرنے کا اعلان

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے اداکاری کی دُنیا سے عارضی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

زارا نور عباس نے حال ہی میں اداکار و میزبان یاسر حسین کے شو ‘پِک اینڈ ڈراپ’ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے ایوارڈ شوز کی حقیقت سے پردہ اُٹھایا اور ساتھ ہی مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی۔

اداکارہ نے کہا کہ تمام ایوارڈ شوز جھوٹے ہوتے ہیں، اداکاروں کو پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ اُنہیں ایوارڈز نہیں ملیں گے، اسی لیے وہ ایوارڈ شوز میں شرکت نہیں کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اور جو اداکار ایوارڈز جیتتے ہیں اُنہیں بھی پہلے سے ہی علم ہوتا ہے کہ انہیں ایوارڈز ملیں گے اور اسی وجہ سے وہ ایوارڈز شوز کی تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔

زارا نور عباس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ایوارڈز شوز نہیں ہونے چاہئیں، ان شوز سے کوئی فائدہ تو ہوتا نہیں ہے، بلاوجہ ایوارڈ شوز پر اتنا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔

اُنہوں نے اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ایوارڈ نہیں ملتا تو پریشان نہیں ہوں، ان ایوارڈ شوز کو سنجیدہ نہیں لیں اور نہ ہی اُنہیں زیادہ اہمیت دیا کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایوارڈ شوز میں ڈانس پرفارمنس کے لیے پیسے لیتی ہوں، میں نے اب تک جتنے بھی ایوارڈز شوز میں ڈانس پرفارمنس کی ہے، اُن کا معاوضہ لیا ہے۔

زارا نور عباس نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کم از کم ایک سال کے لیے عارضی طور پر اسکرین سے دور رہوں گی، اس دوران فیملی کو وقت دوں گی۔

اُنہوں نے اپنی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں بہترین اداکارہ ہوں، جن لوگوں کو میری اداکاری کی صلاحیتوں پر شک ہے وہ میرا کام دیکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ زارا نور عباس اور اُن کے شوہر اسد صدیقی بہت جلد اپنے پہلے بچے کو دُنیا میں خوش آمدید کہنے والے ہیں، اسی وجہ سے وہ شوبز کی دنیا سے عارضی دوری اختیار کررہی ہیں۔

زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی، اداکارہ کی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی 2014 میں ہوئی تھی لیکن سال 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جو بہت سے ڈراموں کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنا چکے ہیں جبکہ زارا نور عباس اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں۔

فلسطینیوں کو خوراک کی ترسیل جاری، اسرائیل کی مزید بمباری، 31 شہید

امریکا نے کہا ہے کہ غزہ کے باشندوں کے لیے امداد کی ترسیل جاری ہے۔ عارضی بندر گاہ کی تعمیر میں کئی ہفتے لگیں گے۔

امریکی فوج اردن کے تعاون سے شمالی غزہ میہں خوراک کے پیکٹ سی ون تھرٹی کے ذریعے گرا رہا ہے۔

گزشتہ روز تیسری کھیپ میں غزہ کے باشندوں کے لیے خوراک کے 38 ہزار سے زائد پیکٹ گرائے گئے۔ ان پیکٹوں میں خوراک، پانی اور دوائیں شامل ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے افسران نے کہا ہے کہ طیاروں سے امداد گرانا بہت مہنگا پڑتا ہے۔ امریکا غزہ کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی یقینی بنانا چاہتا ہے۔

پینٹاگان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے باشندوں کو روزانہ خوراک فراہم کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھ ا کہ غزہ کے لیے عارضی بندرگاہ کی تعمیرمیں ایک ہزار امریکی فوجی حصہ لیں گے۔ امریکی فوجیوں کو غزہ میں اتارا نہیں کیا جائے گا۔

دوسری طرف غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ رہائشی عمارتوں پر تازہ بمباری میں 31 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خان یونس میں اسرائیلی بمباری سے 12 اور دیرالبلاح میں بھی اسرائیل کے حملے میں 11 افراد شہید ہوئے۔

وسطی غزہ میں اسرائیلی گولا باردی سے بچوں سمیت 8 افراد شہید ہوگئے۔ غزہ کے شہدا کی تعداد 30 ہزار 875 سے زائد ہوگئی۔ کم و بیش 73 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی محمود اچکزئی کی درخواست مسترد

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی محمود اچکزئی کی درخواست مسترد کردی۔

صدارتی الیکشن کے التوا کی استدعا پر الیکشن کمیشن کی جانب سے محمود خان اچکزئی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران الیکٹورل کالج پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ صدارتی انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج مکمل طور پر فعال ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں نے وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کو منتخب کیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی الیکشن کے التو کی درخواست دائر کی تھی۔

صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا۔

ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ آج قومی و صوبائی اسمبلیوں میں کی جا رہی ہے، اس حوالے سے قومی اسمبلی ہال کا انتظام الیکشن کمیشن کے حوالے کردیا گیا تھا جب کہ آج صبح ہی سےقومی اسمبلی ہال کے دروازے الیکشن کمیشن کی جانب سے بند کردیے گئے تھے۔

صدارتی انتخاب سے متعلق طریقہ کار اور ارکان کی رہنمائی کی ہدایات آویزاں کردی گئی تھیں جب کہ قومی اسمبلی ہال کے اطراف پارلیمنٹ کی سکیورٹی کے بھی خاطر خواہ انتظامات مکمل ہو چکے تھے۔ صدارتی انتخاب کے لئے قومی اسمبلی ہال کو پولنگ کے عمل کے لیے مختص کیے جانے کے بعد 2 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔

صدارتی الیکشن کے پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق ہیں جنہوں نے صبح 10 بجے انتخابی عمل کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل کے استعمال پر پابندی ہے، کوئی رکن موبائل فون استعمال نہیں کرے گا۔صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ جکب کہ سینیٹر شفیق ترین ، محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر ہیں۔

صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ ایجنٹس کو خالی بیلٹ باکس دکھا کر سیل کردیا گیا ہے۔

پولنگ سے قبل صدارتی امیدوار آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے تھے جب کہ دیگر ارکان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ بعد ازاں سینیٹر اعجاز چوہدری کا ووٹ کے لیے نام پکارنے پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب سے شیم شیم کے نعرے لگائے گئے۔ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اعجاز چوہدری کو رہا کروکے نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگا۔ پانچوں پریزائیڈنگ افسران ووٹوں کی گنتی کے بعد فارم 5 جاری کریں گے۔ فارم 5 اور ووٹ سر بمہر کرکے چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر صدارتی الیکشن کے ریٹرننگ آفیسر ہیں۔ صدارتی امیدواروں کےساتھ کنسولیڈیشن کے بعد فارم 7 جاری کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری کردہ فارم 7حتمی اور سرکاری نتیجہ ہوگا۔

وزیراعظم کی زرداری کے ناشتے میں شرکت

صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے ناشتے میں شرکت کی اور اس موقع پر انہوں نے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے صدارتی انتخاب کے لیے حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کی۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے پہلے بھی اٹھارہویں ترمیم دی، آئندہ مزید کیا اقدام کریں گے؟ جس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ نے کی، ہم نے صرف ایڈوائز کی تھی۔ پہلے بھی جو ہوا، پارلیمنٹ نے کیا۔ اب بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔

سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کے خواہشمند ہیں، شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہم حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ پڑنے کا انتظار نہیں کریں گے، اب ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت ہو۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے سیاسی قوتوں سے ممکنہ مفاہمت کے حوالے سے کہا کہ تحریک انصاف کی ڈیل صرف سیاسی قوتوں سے ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ سیاسی قوتوں سے بات نہیں ہوسکتی مگر بات چیت کے ایجنڈے پر اختلاف ہے۔

شیر افضل نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کا تعلق اب بھی وہیں کھڑا ہے جہاں 9 مئی کی رات کو کھڑا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی دھاندلی کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم پاکستان کو ہوا، پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو زیادہ نقصان نہیں پہنچایا۔

92 سالہ میڈیا ٹائیکون مرڈوک پانچویں شادی کے لیے تیار

میڈیا کے دنیا میں شہنشاہ کا سا مقام رکھنے والے ریوپرٹ مرڈوک 92 سال کے ہوچکے ہیں۔ اس عمر میں بھی وہ جواں سال دل رکھتے ہیں۔ میڈیا ٹائیکون نے اپنی گرل فرینڈ سے منگنی کی ہے اور شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

روس سے تعلق رکھنے والے گرل فرینڈ ایلینا زوکووا 67 سال کی ہیں۔ وہ خرد حیاتیات کی ماہر ہیں۔

ریوپرٹ مرڈوک کی ٹیم نے بتایا ہے کہ شادی رواں سال کیلیفورنیا میں مرڈوک کے موراگا وائن یارڈ میں رکھی گئی ہے۔ یہ ریوپرٹ مرڈوک کی پانچویں شادی ہوگی۔

نیو یارک ٹائمز نے شادی کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دعوت نامے ارسال کردیے گئے ہیں۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے میڈیا ٹائیکون کی زندگی میں اس سے قبل گرل فرینڈ این لیزلی اسمتھ تھی۔ دونوں کی منگنی اپریل 2023 میں ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد انہوں نے ایلینا زوکووا سے ڈیٹنگ شروع کردی تھی۔

مرڈوک کی سابق بیویوں میں پیٹریشیا بوکر، اینا مان، ونڈی ڈینگ اور امریکی ماڈل اور اداکارہ جیری ہال شامل ہیں۔

ایلینا زوکووا روسی ارب پتی بزنس مین الیگزینڈر زوکوف کی اہلیہ رہ چکی ہٰں۔ ان کی بیٹی داشا بھی بزنس سے وابستہ ہیں۔

جن اخبارات اور جرائد کو مرڈوک نے خریدا ان میں نیوز آف دی ورلڈ، دی سن، نیو یارک پوسٹ اور وال اسٹریٹ جرنل شامل ہیں۔

مرڈوک نے 1996 میں فاکس نیوز شروع کیا جو آج امریکا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل ہے۔

مقامی، ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کمپنیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مرڈوک نے 2013 میں نیوز کور کی بنیاد رکھی۔

ریوپرٹ مرڈوک کی زندگی تنازعات سے بھری رہی ہے۔ گزشتہ برس انہوں نے اپنی میڈیا کمپنیوں کے مرکزی عہدوں سے سبک دوش ہوکر کنٹرول اپنے بیٹے لیکلن کو سونپ دیا۔

بھارت میں کسانوں کے احتجاج کا 25 واں دن، ریل روکو تحریک کی کال

بھارت میں ہریانہ اور پنجاب کے کسانوں احتجاج جاری ہے۔ دہلی چلو مارچ پچیسویں دن میں داخل ہوگیا۔

ہریانہ پولیس کے بعد دہلی پولیس نے بھی کسانوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا ہے۔ کسان مطاہرین نے 14 مارچ کو دہلی میں مہا پنچایت منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ڑیل روکو تحریک کی کال بھی دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دو دن قبل ہریانہ کی ہائی کورٹ نے کسانوں کا احتجاج کنٹرول کرنے میں بد انتظامی کا مظاہرہ کرنے پر ہریانہ اور پنجاب کی حکومتوں کو شدید سرزنش کی تھی۔

ہریانہ پولیس نے اب بھی کسانوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ گرفتاریاں بھی جاری ہیں اور تشدد کا گراف بھی نیچے نہیں لایا جارہا۔

دوسری طرف دہلی میں کسانوں نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جنتر منتر کی طرف مارچ شروع کردیا ہے۔ کسانوں کو دارالحکومت نئی دہلی کی طرف جانے سے روکنے کے لیے دہلی پولیس نے گرفتاریاں شروع کردی ہیں۔

سمیُکت کسان موچہ نے کسانوں کے مسائل پر بات چیت کے لیے دہلی میں 14 مارچ کو مہا پنچایت کی کال دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ درجنوں کسانوں کو دہلی کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔

دہلی پولیس نے گرفتاریوں سے متعلق خبروں کو جھوٹ قرار دے کر تحقیقات کرانے سے انکار کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ دہلی کی سرحدوں پر خاصی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں اور پولیس بھی تعینات ہے۔

ایک سینیر تجزیہ کار نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو معاملات خوش اسلوبی اور معاملہ فہمی سے نپٹنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کو حکومت کے مرکز میں اتنے قریب آنے پر کسانوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کرنی چاہئیں اور غیر معمولی احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

کسان قائدین نے 10 مارچ کو ریل روکو تحریک کی کال دی ہے۔ اس حوالے سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

پنجاب اور ہریانہ میں حکومتوں نے پولیس کی مزید نفری تعینات کردی ہے تاکہ ریل آپریشن متاثر نہ ہو۔

وفاقی سرکاری اداروں کیلیے رمضان المبارک کے اوقات کار کا نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ماتحت سرکاری اداروں میں رمضان کے اوقات کار جاری کردیے گئے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ہفتہ میں پانچ دن کھلنے والے دفاتر میں اوقاتِ کار صبح 9 سے دوپہر تین بجے تک ہوں گے۔

نئے اوقات کار کے نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتہ کے 6 دن کام کرنے والے دفاتر میں اوقات کار صبح 9 سے 2 بجے تک ہوں گے جبکہ جمعے کو سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے ماہ رمضان کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کے مطابق پیر سے جمعرات ڈیوٹی ٹائمنگ صبح 10 بجے سے شام چار بجے تک ہوگی جبکہ جمعہ کو صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک دفاتر کھلیں گے۔

نوٹی فکیشن میں لکھا گیا ہے کہ جن دفاتر میں ہفتے کی چھٹی نہیں ہے وہاں پیر تا جمعرات اور ہفتے کو اوقات کار صبح 10 سے دوپہر تین بجے تک ہوں گے جبکہ جمعے کو صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک دفاتر کھلیں گے۔