All posts by admin

پہلی بار ووٹ خریدا یا بیچا نہیں گیا، محمود خان اچکزئی

 اسلام آباد: اپوزیشن کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ووٹ نہ تو خریدا گیا اور نہ ہی بیچا گیا اور ہمیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دیگر جماعتوں کے اراکین نے بھی ہمیں ووٹ دیا۔

سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزاد اراکین کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑے اچھے ماحول میں انتخاب ہوا، پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں انوکھی بات تھی اور پہلی بار ایسا ہوا کہ ووٹ نہ خریدا گیا اور نہ بیچا گیا، ہمارے ہاں اس پارلیمنٹ کے دو ارکان تھے، جن کا انتقال ہوا ہے، انہیں خیبرپختونخوا اسمبلی میں دو ووٹ ملے تھے، جب سینیٹ کا انتخاب ہوا تو والد نے 17 اور بیٹے نے 16 ووٹ لیے اور اسی طرح اراکین کو بکاؤ مال سمجھا جاتا تھا لیکن اب تبدیلی آئی ہے جو خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سب کچھ بیچا اور خریدا جا سکتا ہے لیکن بعض ایسے لوگ ہیں جو اس بات کی مخالفت کرتے ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ میں اسی طرف ہوں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عمران خان کی پارٹی کے جتنے اراکین تھے، تمام 90 لوگوں نے اپنے امیدوار کو ووٹ دیا، پنجاب میں بھی ان کی پارٹی کے لوگوں نے تمام ووٹ دیے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہماری تعداد سے زیادہ ووٹ ملے ہیں، میں ان کا بھی مشکور ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے مہربانوں نے کہا دل کی بات یہ ہے کہ آپ کو ووٹ دو لیکن حکم کسی اور کو دینے کا ہے، ایک جوان نے کہا فلاں نے پوچھا کہ ووٹ کہاں ڈالا تو اچکزئی کو دیا تو کہنے لگا کہ وہاں کیمرے لگے ہوئے ہیں، تم سے پوچھا جائے گا تو جواب دیا کہ جس نے پوچھنا ہے پوچھ لیں میں نے ووٹ دے دیا۔

اپوزیشن کے امیدوار نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایسے لوگوں نے بھی ہمیں ووٹ دیا جو عمران خان کی پارٹی کے اراکین نہیں تھے، اخترجان مینگل نے گھر میں بیماری کے باوجود یہاں رکے اور ووٹ دیا۔

وزیراعظم کی زرداری ہاؤس جاکر آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے صدر آصف علی زرداری کو ملک کا 14واں صدر منتخب ہونے پر زرداری ہاؤس جاکر مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی  زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے، امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر مملکت انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے، اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کریں گی۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہبازشریف مبارکباد دینے زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے اور صدر آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی الیکشن میں انکی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ ملے گا، اسپیکر ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نو منتخب صدر آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آصف علی زرداری کا دوسری بار صدر منتخب ہونا ان پر قومی اسمبلی، سینیٹ آف پاکستان اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں، نو منتخب صدر کی قیادت میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔

گورنر، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے مبارک باد

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور بیان میں کہا کہ آپ کا انتخاب ملک میں جمہوری عمل کے کامیابی سے آگے بڑھنے کا ثبوت ہے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قوی امید ہے کہ آپ کی رہنمائی میں ملک میں جمہوریت مزید پروان چڑھے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے  آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پردلی مبارک باد دی اور کہا کہ صدر زرداری نے ملکی استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین پاکستان کوایک بار پھر اس کاحقیقی محسن مل گیا ہے، صدر زرداری کی دوررس نگاہ نے ثابت کردیا کہ وہ ایک بہترین صلاح کار ہیں اور وہ تمام ریاستی اکائیوں کو یکجا کر کے ملک کو خوش حالی کی جانب گامزن کریں گے، صدرزرداری کی واضح برتری جمہوریت کی جیت ہے۔

آصف علی زرداری پاکستان کے نئے صدر منتخب

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پاکستان کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔

ملک کے  14 ویں صدر کے انتخاب کے  لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔

قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق ہیں۔ صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ  جکب کہ سینیٹر شفیق ترین ، محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 255 اور محمود خان اچکزئی کو 119ووٹ ملے۔  خیبرپختونخوا اسمبلی میں محمود خان اچکزئی نے 91 اور آصف علی زرداری نے 17 ووٹ حاصل کیے۔

پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری کو 246 اور محمود اچکزئی کو 100 ووٹ ملے۔

قومی اسمبلی

تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ سینیٹر اعجاز چوہدری کا ووٹ کے لیے نام پکارنے پر  سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب سے شیم شیم کے نعرے لگائے گئے۔ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین  نے اعجاز چوہدری کو رہا کروکے نعرے لگائے۔

سینیٹ سے جے یو آئی ف کے 4 اراکین،جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا ۔ اسی طرح جی ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین شاہ  اور پی ٹی آئی کے شبلی فراز بھی ووٹ نہ ڈالنے والوں میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور اعظم سواتی نے بھی ووٹ حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔ قومی اسمبلی سے جے یو آئی کے 8اراکین نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا ۔

خیبرپختونخوا اسمبلی

صوبائی اسمبلی میں پولنگ کا وقت مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی، جس کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے منتخب امیدوار محمود خان اچکزئی نے 91 ووٹ حاصل کیے۔ آصف علی زرداری نے 17 ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

پختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 109 ووٹ پول کیے گئے ہیں۔ 36 ووٹ کاسٹ نہیں کیے گئے ۔ ان میں 21 خواتین اراکین اسمبلی، 4 اقلیتی اراکین شامل ہیں جب کہ 2 حلقوں پر خیبرپختونخوا میں انتخابات نہیں ہوسکے تھے۔

سندھ اسمبلی میں پولنگ

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے سندھ اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیے۔ آصف زرداری کو

سندھ اسمبلی میں 2 اعشاریہ 5 نشستوں پر ایک ووٹ گنا جائے گا۔

سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق صدارتی انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس صدارتی انتخاب کا حصہ نہیں ہیں۔ اپنی پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق ووٹ نہیں ڈال رہا۔ میں الیکشن کے لیے نہیں بلکہ اپنے کام کے لیے سندھ اسمبلی آیا تھا۔

ایم کیو ایم کے 36ارکان اسمبلی نے حق رائے دہی استعمال کیا ۔ پیپلزپارٹی کے 116 ارکان نے ووٹ  کاسٹ کیا ، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9آزاد ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا   جب کہ ایک ووٹ مسترد  ہوا، جسے علیحدہ رکھ دیا گیا۔

بلوچستان اسمبلی میں پولنگ

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی ظہور بلیدی اور علی مدد جتک کو آصف زرداری کا پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

بلوچستان اسمبلی کے 64 اراکین ووٹ ڈالنے کے لیے اہل ہیں جب کہ بلوچستان اسمبلی ارکان کا ایک ووٹ ایک ہی شمار ہوگا۔

پنجاب اسمبلی میں پولنگ

پنجاب اسمبلی میں 353 ارکان میں سے 352 نے ووٹ کاسٹ کیے جن میں آصف زرداری کو 246 اور محمود اچکزئی کو 100 ووٹ ملے جبکہ 6 ووٹ مسترد ہوگئے۔ پنجاب میں 5.49 ارکان مل کر ایک ووٹ بناتے ہیں۔

وزیراعظم کی زرداری کے ناشتے میں شرکت

صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے ناشتے میں شرکت کی اور اس موقع پر انہوں نے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے صدارتی انتخاب کے لیے حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کی۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے پہلے بھی اٹھارہویں ترمیم دی، آئندہ  مزید کیا اقدام کریں گے؟ جس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں  آئینی ترمیم پارلیمنٹ نے کی، ہم نے صرف ایڈوائز کی تھی۔ پہلے بھی جو ہوا، پارلیمنٹ نے کیا۔ اب بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کی تفصیلات و دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع

پی ٹی آئی انٹراپارٹی کی تفصیلات ودستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی گئی، تفصیلات پی ٹی آئی کےرؤف حسن کی جانب سے جمع کروائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فارم 65 پرمشتمل پارٹی سربراہ کاسرٹیفیکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروایا گیا ہے ۔

ودستاویزات میں مرکزی کورکمیٹی کےارکان کے نام اور تفصیلات سمیت نو منتخب پارٹی عہدے داروں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

مرکزی اور صوبائی سطح پر نو منتخب پارٹی عہدے داروں کی تفصیلات بھی دستاویزات میں شامل ہیں۔

فیڈرل الیکشن کمشنر کے نوٹیفکیشن کے علاوہ دیگر دستاویزات بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئیں۔

طیارے سے گرائی گئی امداد سے5 فلسطینی شہید، امریکا کی تردید

غزہ میں طبی خدمات سے وابستہ افراد نے بتایا ہے کہ امریکی طیاروں سے گرائی جانے والی امدادی کے پیکیجز کی زد میں آکر 5 افراد شہید ہوئے۔

امریکا نے کہا ہے کہ یہ ہلاکتیں اس کے گرائے ہوئے پیکٹوں سے نہیں ہوئیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے جمعہ کو بتایا تھا کہ ایک C-130 طیارے کے ذریعے غزہ کے باشندوں کے لیے کھانوں کے ساڑھے گیارہ ہزار پیکٹ اور دواؤں کے پیکیجز، اردن کی معاونت سے، گرائے گئے۔

غزہ کے ایک اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ خوراک کے پیکٹ یا بنڈل گرانا بہت خطرناک ہے کیونکہ پیکٹس کی زد میں آکر 5 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوئے۔

امریکی فوجی افسران کا کہنا ہے کہ کسی کی ہلاکت میں امریکی فوج کا عملہ ملوث نہیں۔

اردنی فوج کے ذریعے نے بھی بتایا کہ اس آپریشن میں حصہ لینے والے چار طیاروں کے ہاتھوں کوئی ہلاکت واقع نہیں ہوئی۔

امریکا نے غزہ میں طیاروں سے امداد گرانے کا عمل 2 مارچ کو شروع کیا تھا جب 38 ہزار افراد کا کھانا گرایا گیا تھا۔

اس کے بعد منگل کو 36 ہزار اور جمعرات کو 38 ہزار افراد کے لیے خوراک گرائی گئی تھی۔

دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق  ہفتے کی صبح  دبئی ،ابو ظبی، فجیریا اور دیگر ریاستوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ دبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

العین، عجمان اور فجیرہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل کھل کر برسے۔ طوفانی بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے شارجہ ، دبئی ، عجمان ، راس الخیمہ ، العین اور فجیرہ میں شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور پولیس نے پیپلز پارٹی کا استقبالیہ کیمپ اکھاڑ دیا

 لاہور:  پولیس نے چیئرنگ کراس پر پیپلز پارٹی کا استقبالیہ کیمپ اکھاڑ دیا، کارکنوں نے  پولیس گردی نامنظور اور زندہ ہے بھٹو کی نعرے بازی کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے لاہور چیئرنگ کراس پر کیمپ لگایا گیا تھا تاہم پولیس نے سیکیورٹی وجہ قرار دیتے ہوئے اسے اکھاڑ دیا۔ کمیپ اکھاڑنے پر کارکنوں نے پولیس گردی مردہ باد، زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے۔

واقعے کے بعد مقامی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی جس میں عزیز ملک، عامر نصیر بٹ، نصیر احمد، شاہد عباس ایڈوکیٹ، راؤ خالد ایڈوکیٹ، عارف خان، صداقت شیروانی، محسن۔ملہی، یاسر بارا، ثاقب بٹ، منصور کٹاریہ، راؤ شجاعت اور نونی مہر شریک تھے۔

رہنما اسلم گل نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشن نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر کیمپ نہیں لگنے دیا، آج صدر مملکت کا الیکشن ہو رہا ہے، لاہور انتظامیہ اور پولیس ہمیں کیمپ نہیں لگانے دے رہی، ہمارے ٹینٹ اور دیگر اشیاء لاہور پولیس نے اکھاڑ دئیے ہم کوئی احتجاج نہیں صدر کے جیتنے کی خوشی میں کیمپ لگارہے ہیں، صبح سے یہ ایریا پولیس کی نفری سے بھرا ہوا ہے ایس ایس پی علی رضا نے دھمکی دی کہ کیمپ لگایا تو پولیس فورس دیکھ لے گی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز لاہور انتظامیہ کے روئیے کا فوری نوٹس لیں۔

اسلم گل نے کہا کہ قائم مقام ڈی آئی جی آپریشن کہتا ہے کہ اٹھا کر پھینک دیں گے ایس ایس پی آپریشن امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، چیف سیکرٹری اور آئی جی اس پولیس گردی کا فوری نوٹس لیں۔

پشاور: نومئی کے مقدمات میں غیر حاضری پر 47 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

 پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی کے مقدمات میں غیر حاضری پر 47 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نومئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے وزراء اور ارکان اسمبلی سمیت 131 ملزمان کی کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کی۔

سنی اتحاد کونسل کے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ارکان اسمبلی شیر علی ارباب، محمد آصف سمیت 84 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ 47 ملزمان غیر حاضر رہے۔ عدالت نے تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے کہا کہ تھانہ خان رازق شہید کے ایس ایچ او عدالتی حکم کی تعمیل کریں، متعلقہ ایس ایچ او تمام غیر حاضر ملزمان کو اگلی سماعت پر پیش کریں۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان پر نو مئی کو تھانہ خان رازق شہید کی حدود میں احتجاج کا الزام ہے، ملزمان پر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے، تھانہ خان رازق شہید پولیس اسٹیشن میں نو مئی کو 121 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں پی ٹی آئی کے سابق وزراء سمیت موجودہ متعدد ارکان اسمبلی، بلدیاتی نمائندے اور کارکنان نامزد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف اے ٹی سی عدالت میں ٹرائل شروع کردیا گیا ہے۔ ٹرائل کے دوران اب تک 84 کے قریب ملزمان پیش ہوئے ہیں۔ باقی ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا گیا ہے۔

بعدازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی۔

ثنا جاوید کی شعیب ملک کیساتھ نئی تصاویر وائرل

 اسلام آباد: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے شوہر اور قومی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ نئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

ان دنوں ثنا جاوید اور شعیب ملک پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں مصروف ہیں، ثنا پی ایس ایل کے میچز میں اپنے شوہر کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوتی ہیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی وہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

ثنا جاوید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شعیب ملک کے ہمراہ لی گئیں چند نئی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں یہ نئی نویلی جوڑی کافی خوش نظر آرہی ہے۔

اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصاویر میں اس جوڑی کے ہمراہ فاسٹ بولر حسن علی اور کرکٹر محمد نواز بھی موجود ہیں جبکہ تصاویر دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ دونوں کرکٹرز شعیب ملک اور ثنا جاوید کے ساتھ کوئی گیم کھیل رہے ہیں۔

ثنا جاوید نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ یہ تصاویر 7 مارچ کو اسلام آباد میں لی گئیں، اُنہوں نے پوسٹ میں حسن علی اور محمد نواز کو بھی ٹیگ کیا۔

یاد رہے کہ ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کو اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، ان دونوں اسٹارز کی یہ دوسری شادی ہے، شعیب ملک نے پہلی شادی سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی جبکہ ثنا جاوید نے پہلی شادی سال 2020 میں گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی۔

ثانیہ مرزا سے شعیب ملک کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔

خیبرپختونخوا؛ صحت کارڈ اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

 پشاور: صحت کارڈ میں  میں بے قاعدگیوں سے متعلق رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دی گئی۔ 

صحت کارڈ میں  میں بے قاعدگیوں سے متعلق رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق صحت کارڈ کے تحت آپریشن کی مد میں 3 کروڑ روپے چھوٹے نجی اسپتال نے وصول کیے۔ ایک ہی بیماری کے 773 آپریشن بھی نجی اسپتال میں کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری اسپتال میں سہولت کے بجائے نجی اسپتال کو ترجیح دی گئی۔ دیر بالا اسپتال میں ایک سال کے دوران 2602 آپریشن کیے گئے۔ حیران کن طور پر اپینڈکس کے 1826 آپریشن کیے گئے۔  ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کے اپینڈکس کے آپریشن بھی ہوئے۔

پنجاب بھر میں 11 تا 14 مارچ طوفانی بارشوں کا امکان

 لاہور: پنجاب بھر میں 11 تا 14 مارچ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق 11 سے 14 مارچ کے دوران صوبے بھر میں طوفانی بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔

ترجمان کے مطابق طوفانی بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے، اس حوالے سے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ غیر یقینی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے بھرپور ذمے داری کا مظاہرہ کریں ۔ شہری سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھیں۔ طوفان کے باعث بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس جانے سے گریز کریں۔ مری انتظامیہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے ۔ بڑے شہروں میں نکاسی آب کے ذمے دار ادارے مذکورہ دنوں میں الرٹ رہیں۔

اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے ۔ باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔ شہری انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون کریں ۔ غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کو طغیانی میں کراس کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129پر اطلاع دیں۔

سعودی عرب نے دھڑ سے جڑے پاکستانی بچوں کو الگ کرنے کی پیشکش کردی

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشترکہ دھڑ رکھنے والے پاکستانی بچوں کے لیے طبی معاونت کی پیشکش کی ہے۔

سعودی سفیر نے یہ پیشکش پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید طارق محمودالحسن سے ملاقات میں کی۔

سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ سعودی سفیر نے دھڑ سے جڑے ہوئے بچوں کو، جنہیں تکنیکی اصطلاح میں پی بی ایم کہا جاتا ہے، کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے تعاون سے چلائے جانے والے اسپتال میں جدید ترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سعودی عرب میں اپنے شعبے کے ماہر ترین ڈاکٹرز نے حال ہی میں نائجیریا کی دھڑ سے جڑی ہوئی بہنوں حسانہ اور حسینہ کو دارالحکومت ریاض کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرنز ہاسپٹل میں کامیابی سے الگ کیا۔

یہ جڑواں بہنیں گزشتہ اکتوبر میں سعودی عرب لائی گئی تھیں۔ آپریشن 16 گھنٹے جاری رہا جس میں 39 ماہرین، مشیروں، تکنیکی عملے، نرسز اور سپورٹ اسٹاف نے حصہ لیا۔

دھڑ سے جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام کے تحت کیا جانے والا یہ ساٹھواں آپریشن تھا۔ اس پروگرام کے تحت 34 سال میں 25 ممالک کے 270 بچوں کو الگ کیا گیا ہے۔

دھڑ سے جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کے خصوصی پروگرام کے تحت 30 سال کے دوران سعودی عرب جدید طبی تاریخ میں انتہائی پیچیدہ آپریشنز کے حوالے سے عالمی لیڈر بن کر ابھرا ہے۔

پیپلز پارٹی کے مثبت اشارے کے بعد وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی تیاری

پیپلز پارٹی کی جانب سے مثبت اشارے ملنے کے بعد حکمران اتحاد کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ(ن) نے پی پی کے وزرا کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اس معاملے پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ملک کو درپیش معاشی چینلجز کے پیش نظر دونوں بھائیوں نے پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ پیشرفت پیپلز پارٹی کی جانب سے کابینہ میں شمولیت کا اشارہ دیئے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ نے جمعہ کی شب آج نیوز کے پروگرام میں کہا تھا کہ ضرورت پڑی تو پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ بنے گی، شہبازشریف کی حکومت کو مکمل سپورٹ کریں گے۔

یاد رہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ(ن) کو حکومت سازی کے لیے ووٹ تو دے گی لیکن کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے کابینہ میں شمولیت سے انکار کو ان مشکل فیصلوں سے کی ذمہ داری اٹھانے بچنے کی کوشش قرار دیا جا رہا تھا جو حکومت معاشی چیلنجز کے پیش نظر کرنے والی ہے۔

وفاقی کابینہ ابھی تشکیل نہیں ہوئی تاہم تشکیل کے فوراً بعد نئی کابینہ کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا ہوں گے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ موجودہ تین ارب ڈالر کے پروگرام کی اگلی قسط کے لیے آئی ایم ایف سخت شرائط رکھے گا۔

نئے وفاقی بجٹ میں لیبارٹریز، اسپتالوں اور دکانوں پر ٹیکس لگانے کی اطلاعات پہلے ہی زیر گردش ہیں جب کہ پی ٹی آئی احتجاج کی تیاری کر رہی ہے۔