تازہ تر ین

رمضان میں سبسڈی پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے حکومتی مشینری متحرک کردار ادا کرے گی،وزرا ، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کرینگے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی منظوری ،صمصام بخاری

لاہور(صدف نعیم سے)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستے داموں کھانے پینے کی چیزیں دستیاب ہوں گی۔ صوبائی حکومت کی متعلقہ مشینری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رمضان پیکج کے سلسلے میں دیئے جانے والے ریلیف اور سبسڈیز کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ سستے رمضان بازاروں کی تشہیری مہم پر کئے جانے والے کثیر اخراجات کم کر کے وہی رقم سبسڈی اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی بہتر بنانے پر صرف کی جائے گی۔وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کرینگے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی ،آج ایوان وزیراعلیٰ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیدصمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقد ہ اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کے تحت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رمضان پیکیج کے تحت صوبے کے 309 رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی۔ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں ، سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔ صوبائی وزیرنے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٓٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازار میں 290 روپے میں ملے گا۔ پنجاب حکومت آٹے کے 10 کلو کے تھیلے پر 80 روپے کی سبسڈی دے گی۔ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے کلو کے حساب سے عام آدمی کو دستیاب ہوگی۔ گھی اور آئل پر 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی جائے گی۔ انڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کا آغاز شعبان کے آخری ہفتے سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ رمضان المبارک میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازار عید بازار میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں عید سے متعلق اشیاء فروخت کی جائیں گی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبہ بھر میں 968 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔ قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے قیمت ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے۔ وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔ رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سید صمصام علی بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرائز کرنے کیلئے مدت ملازمت 4 سال سے کم کرکے 3 برس کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام محکموں پر یکساں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ پنجاب کے محکموں کے انجینئرز کو ٹیکنیکل الاﺅنس دینے کی منظوری کے علاوہ ہنر مند;223; غیر ہنر مند ورکرز کی کم از کم تنخواہ میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی جانب سے بعض مدارس اور تعلیمی اداروں کا انتظامی کنٹرول حاصل کئے جانے کے حوالے سے مینجمنٹ پلان اور ایڈمنسٹریٹو پلان بھی منظور کیا گیا۔ اجلاس نے پنجاب کی تمام جیلوں میں بند قیدیوں کی سزا میں 60 روز کی کمی کے فیصلے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے کا اطلاق سنگین جرائم،جاسوسی، ریاست کے خلاف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے جرم میں سزا پانے والے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ بارشوں اور ڑالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا سروے جلد مکمل کیا جائے گا اور کاشتکار بھائیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv