تازہ تر ین

ہنزہ میں گلیشئیر سرکنے کے باعث آبادی کے انخلا کا حکم

گلگت بلتستان(ویب ڈیسک) ہنزہ انتظامیہ نے گلیشئیر سرکنے کے باعث برفانی تودے گرنے اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں احسن آباد کے مقام پر شیشپر گلیشئیر کے سرکنے سے مقامی آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے۔ مقامی حکومت کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور احسن آباد کے رہائشیوں نے انخلا کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ہنزہ میں زیر تعمیر ایک بجلی گھر پر کام روک دیا گیا ہے جبکہ دو چھوٹے بجلی گھروں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر دریا کے بہاﺅ کے ساتھ بند کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق شیشپر گلیشیئر 1300 میٹر تک پھیلا ہوا ہے اور اس کی اونچائی چھ سو فٹ ہے۔ شیشپر مئی 2018 میں سرکنا شروع ہوا اور اب تک 1800 میٹر تک سرک چکا ہے اور آئندہ دنوں میں انسانی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ذرائع سے بات کرتے ہوئے احسن آباد کے رہائشی مسکین گل نے بتایا کہ ’شیشپر کے سرکنے کی وجہ سے پوری آبادی میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔ مگر ابھی تک ہمیں منتقل کرنے کے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض احمد فراق نے ذرائع کو بتایا کہ آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کام آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گا۔‘گلگت بلتستان کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر زبیر احمد صدیقی نے بتایا کہ گلوبل وارمنگ اور موحولیاتی تبدیلیوں کے سبب علاقے میں سیکڑوں گلیشیئرز کو خطرات لاحق ہیں جن میں سے 36 گلیشیئرز انتہائی خطرے کا شکار ہیں۔ گلیشیئرز کے متاثر ہونے کی وجوہ گلوبل وارمنگ اور ایندھن کے لیے لکڑی کا استعمال ہے جس کا دھواں آلودگی پھیلاتا اور گلیشیئرز کو بہت متاثر کرتا ہے۔واضح رہے کہ 2010 میں بھی ہنزہ کے گاﺅں عطا آباد میں دریائے ہنزہ میں مٹی کا تودہ گرنے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اور دریائے ہنزہ میں پانی کا بہاﺅ رکنے کے نتیجے میں ایک جھیل عطا آباد معرضِ وجود میں آ گئی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv