تازہ تر ین

‘جوڈیشل ایکٹوازم کی بنیاد انسانیت کی بہتری کیلئے رکھی، کسی کے کام میں مداخلت نہیں کی’

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جوڈیشل ایکٹو ازم کی بنیاد انسانیت کی بہتری کیلئے رکھی، کسی کے کام میں مداخلت نہیں کی، سختی کسی کی تذلیل کیلئے نہیں قانون کی حکمرانی کیلئے کی۔لاہور ہائیکورٹ میں الوداعی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ میری لاہور ہائیکورٹ کے ساتھ وابستگی 56 سال سے ہے، میرے والد صاحب نے یہاں پریکٹس بھی کی، اب عوام کو وہ انصاف نہیں مل رہا جو پہلے ملا کرتا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ نعمتوں میں پاکستان کو پہلے نمبر پر شمار کرتا ہوں، میں نے کھلی کچہری کا سلسلہ شروع کیا توبہت مظلوم لوگ دیکھے، وہ لوگ بھی دیکھے جن کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ دوائی خرید سکیں۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میں نے نیک نیتی سے جوڈیشل ایکٹوازم کی بنیاد رکھی، اگرمیں اسپتال گیا ہوں تو یہ کہنے گیا کہ یہاں علاج کے وسائل میسر نہیں، میں نے اسپتال میں کسی کا آپریشن نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے کئی غلطیاں ہوئیں، دانستہ نادانستہ، لیکن ان میں بدنیتی نہیں تھی، میں قانون کی حکمرانی کیلئے کوشش کرتا رہا ہوں، ججزسے گزارش کروں گا کہ اس کام کو ملازمت سمجھ کر نہ کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ میں زندگی میں بہت کم رویا ہوں، آج آپ کے اس پیار نے میری آنکھیں نم کردیں، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میری ہائیکورٹ کے ساتھ نسبت سب سے پرانی ہے، ایک بھی چہرہ ایسا نظر نہیں آرہا جس کی لاہور ہائیکورٹ کے ساتھ نسبت مجھ سے پرانی ہو، میں کیتھڈرل اسکول میں پڑھتا تھا، میرے والد صاحب یہاں پریکٹس کرتے تھے، میں ان کوریڈورز میں کھیلتا رہتا تھا۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ وکلاءجوڈیشل سیٹ اپ کا لازم و ملزوم حصہ ہیں، وکلاءکو محنت کرنی ہے کیونکہ اعجازحسین بٹالوی بننا ہے، وکلاءکو حق کیلئے کیس کی پیروی کرنی ہے، آج اس عدالت کو 22 اے نے یرغمال بنالیا ہے، ہائیکورٹ کا یہ مقام نہیں کہ پرچہ رجسٹر ہورہا ہے یا نہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ آج سپریم جوڈیشل کونسل میں صرف 2 ریفرنسز زیر التوا ہیں، ہم اہلیت پر فیصلے کریں گے، ججز کو بلیک میل نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنا احتساب خود کررہے ہیں اور آپ سے بھی یہی امید رکھتا ہوں۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے عہدے کی معیاد 17 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18 جنوری سے چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کو چیف جسٹس پاکستان کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv