پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے فی لیٹر کمی کرکے نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے مقرر کردی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے اوگرا کی سفارشات منظور کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی، پیٹرول فی لیٹر 59 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔ کمی کے بعد نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے فی لیٹرمقرر کی گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے فی لیٹر کمی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 73 پیسے سستا ہوگیا ہے اس کی نئی قیمت 82 روپے 25 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے 4 روپے 84 پیسے سستا کیا تھا۔

سونم کپور نے ’منا بھائی تھری‘ کیلیے انوکھی شرط رکھ دی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے معروف فلم سیریز ’منا بھائی تھری‘ میں کام کرنے کے لیے انوکھی شرط رکھ دی۔کئی دنوں سے بالی ووڈ میں ایک بار پھر منا بھائی تھری بنانے کی خبریں زیر گردش ہیں، فلم میکرز کی جانب سے اسکرپٹ پر باقاعدہ کام جاری ہے جس کی تصدیق فلم میں سرکٹ کا کردار ادا کرنے والے ارشد وارثی نے بھی کی تھی۔فلم کے پروڈیوسر نے سونم کپور کی اداکاری سے متاثر ہو کر انہیں اس فلم میں شامل کرنے پر نظر ثانی شروع کردی ہے لیکن اداکارہ نے اس فلم میں شامل ہونے کی انوکھی شرط رکھ دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سونم کپور نے فلم ’منا بھائی تھری‘ میں شامل کیے جانے کی خبر پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت یہ فلم کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن میری ایک شرط یہ ہے کہ مجھے اس فلم میں مرکزی کردار دیا جائے اور دوسری بات یہ کہ فلم کا نام ’منا بھائی‘ سے تبدیل کرکے ’منی بہن ‘ رکھا جائے۔سونم کپور نے یہ بھی کہا کہ ایک وقت تھا جب میں سال میں ایک فلم کیا کرتی تھی لیکن گزشتہ سال دو سال سے مجھے کیا ہوا مجھے نہیں پتا لیکن اب میں جس فلم میں بھی کام کروں گی اس میں صرف مرکزی کردار ہی ادا کروں گی۔واضح رہے کہ سنجے دت کی مشہور زمانہ فلم منا بھائی 2003ءمیں ریلیز کی گئی جس کی مقبولیت کے بعد فلم کا پہلا سیکوئل 2006ء میں ریلیز ہوا تاہم طویل عرصے بعد فلم کا دوسرا سیکوئل سنیما گھروں کی زینت بننے جارہا ہے۔

ویب سیریز پر فہد مصطفیٰ کی تنقید، مہوش حیات برا مان گئیں

کراچی(ویب ڈیسک)آپ سب کو ہی یاد ہوگا کہ کچھ روز قبل نامور اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ویب سیریز میں دکھائے جانے والے نازیبا مواد پر تنقید کی تھی اور پھر موقف اختیار کیا کہ یہ تنقید غیر ملکی ویب سیریز کے لیے ہے لیکن اداکارہ مہوش حیات کو یہ تنقید بالکل پسند نہ آئی اور وہ بھڑک اٹھیں۔واضح رہے کہ مہوش حیات، وجاہت رﺅف کی ہدایات میں بننے والی ویب سیریز ’عنایہ‘ میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔ویب سیریز ’عنایہ‘ کا آغاز 21 جنوری سے ہوا ہے، جسے ایک طرف مداحوں نے قابلِ ستائش قرار دیا، وہیں بولڈ ڈائیلاگز اور ملبوسات کی وجہ سے اسے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ایسے میں فہد مصطفیٰ نے بھی ٹوئٹر پر ایک پیغام پوسٹ کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’عریانیت، خراب زبان اور محض جنسی تعلقات کے بارے میں بات کرنا مواد نہیں ہے، اسے آزادی اظہار رائے کا نام مت دیں! اس طرح سے اپنے آپ کو فروخت کرنے والے اداکار بالکل بھی اچھا نہیں کر رہے’۔فہد مصطفیٰ نے یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ ’ویب سیریز اور مختصر فلموں کو تھوڑے وقار کا مظاہرہ کرنا چاہیے یا پھر انہیں اسے پورن (فحش مواد) کا نام دے دینا چاہیے۔’اب فہد مصطفیٰ نے تو اپنے خیالات کا اظہار کردیا، لیکن کچھ لوگوں کو شاید یہ لگا کہ انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ڈھکے چھپے الفاظ میں وجاہت رو¿ف کی ویب سیریز ‘عنایہ’ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اپنی اگلی ہی ٹوئیٹ میں فہد مصطفیٰ نے وجاہت رﺅف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنقید غیرملکی ویب سیریز کیلئے ہے، لوگ تو بس بات کابتنگڑ بنا رہے ہیں۔وجاہت رﺅف نے تو خیر فہد مصطفیٰ کی ٹوئیٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا، لیکن مہوش حیات خاموش نہ رہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’ انتہائی افسوس ہے کہ کچھ لوگ ’عنایہ‘ کی مکمل سیریز دیکھے بغیر ہی بیان بازی کر رہے ہیں، دو مکالموں کے علاوہ بھی سیریز میں دیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے جو کہ آج کی نوجوان نسل کی حقیقی عکاسی ہی نہیں بلکہ مواد اور مناظر کے اعتبار سے بالکل درست بھی ہے‘۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’سجھدار بنیں اور اس بات کو مانیں کہ کچھ الفاظ کی وجہ سے قوم خراب نہیں ہوتی۔’اب مہوش حیات نے تو اپنے دل کی بھڑاس نکال لی لیکن انہوں نے کسی کا بھی نام واضح نہیں کیا، تاہم لگتا یہی ہے کہ ان کا اشارہ فہد مصطفیٰ کی ہی جانب تھا۔یاد رہے کہ مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کی جوڑی پاکستانی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی ہے، دونوں ایک ساتھ ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر اِن لاء‘ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

ویسٹ انڈیزویمن ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 71 رنز سے شکست دیدی

کراچی(ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی۔کراچی کے ساﺅتھ رن کلب میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتان میریسا اگولیرا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کی جانب سے مایوس کن کارکردگی پیش کی گئی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بسمہ معروف 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں اور جویریہ خان نے 19 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکیں۔ویسٹ انڈیز کی شیمیلا کونیل نے 3، شاکرہ سلمان اور انیسہ محمد نے 2،2، ڈینڈرا ڈوٹن اور فلے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں 90 رنز کی اننگز اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر ڈینڈرا ڈوٹن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو پہلی وکٹ 34 اور دوسری 51 رنز پر گری جس کے بعد تیسری وکٹ پر دیندرا ڈوٹن اور چیڈن نیشن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔دیندرا ڈوٹن نے 90 اور نیشن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہیں، پاکستان کی جانب سے نشر ح سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد مہمان ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔