تازہ تر ین

پیپلز پارٹی بلیک میل کرنیکی کوشش کر رہی ہے ، ن لیگ کے کئی ٹکڑے ہونگے : فوادچودھری

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی حکومت کوبلیک میل کرنے کی کوشش کررہی ہے، مسلم لیگ ن کے کئی ٹکڑے ہونگے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کوبلیک میل کرنے کی کوشش کررہی ہے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں ذاتی دکھڑے سنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور آصف زرداری قریب آرہے ہیں، مسلم لیگ ن کے کئی ٹکڑے ہونگے جب اپوزیشن کے مقدمات کی بات کریں توناراض ہوجاتے ہیں، اپوزیشن عوامی مسائل پر کوئی بات نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی منزل ہے اورنہ رہنما ، آصف زرداری نے ملک کولوٹا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن قابل احترام ہے اور ہمیں کوئی غصہ نہیں ہے، چیئر مین پی اے سی کو اپوزیشن سے لینا ایک روایت ہے ، ہمارا ووٹر چوروں کا احتساب چاہتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جیڑا پٹو لالو لال ہے، اوپر سے نیچے تک ثبوتوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گارڈز کے کیمرہ مین پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ختم ہوگئی لیکن مغلیہ سوچ ختم نہ ہوئی۔ ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ میاں صاحب غریبوں کی اور بددعائیں نہ لیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ غریب کیمرہ مین کے شدید زخمی ہونے کے باوجود میاں صاحب نے رکنے کی زحمت تک نہ کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ مغربی ممالک کی طرز پر آزادی اظہار رائے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ‘ وہ بلا خوف و خطر مختلف امور پر آزادانہ مباحثہ اور مکالمہ کرتے ہیں‘ حکومت نے میڈیا کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائی ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کی آزادی اظہار پر کوئی بھی قدغن نہیں لگائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ایکش پلان تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے تیار کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ابتداءمیں تو نفرت انگیز تقریروں کے خلاف کارروائی کی لیکن بعد میں وہ ایسا کرنے سے گریزاں رہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پورے ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اقتصادی بحران پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی‘ توانائی اور دیگر مسائل اقتصادی بحران سے منسلک ہیں اور حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے احترام میں کسی ایک ٹی وی چینل نے بھی اپنے کامیڈی پروگرام منسوخ نہیں کئے، جب توجہ دلائی جاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ وزیر اطلاعات میڈیا کے خلاف ہیں ،خدارا کچھ اپنی ذمہ داری بھی محسوس کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کی چوتھی برسی منائی جا رہی ہے لیکن اسحوالے سے کسی ایک ٹی وی چینل نے بھی احترام میں اپنے کامیڈی پروگرام منسوخ نہیں کئے اورجب توجہ دلائی جاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ وزیراطلاعات میڈیا کے خلاف ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ خدارا کچھ تو اپنی ذمہ داری بھی محسوس کریں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کچھ غم ہمارے مشترکہ ہیں قوم کے ہیں سیاسی جماعتوں کے نہیں ۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاﺅس میں کیمرہ مینوں پر تشدد کرنے والوں کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کی جائے گی، نواز شریف کے پرائیویٹ گارڈ کی جانب سے کیمرہ مینوں کو نشانہ بنایا گیا جس کی سخت مذمت کرتے ہیں، آئندہ پرائیویٹ گارڈ کو پارلیمنٹ میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی، سخت سردی ہو یا گرمی ویڈیو جرنلسٹس اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر ایس ایس پی اسلام آباد وقار خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے پرائیویٹ گارڈ نے کیمرہ مینوں کو نشانہ بنایا، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں، صحافت میں کیمرہ مینوں کا اہم کردار ہوتا ہے، سخت سردی ہو یا گرمی وہ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں، گارڈ کے حملہ کے نتیجہ میں سماءٹی وی کے کیمرہ مین علی زیدی اور واجد کو پمز ہسپتال منتقل کرکے ان کی ایم آر آئی کی گئی ہے وہ بےہوش ہیں، ان کیلئے دعاگو ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک گارڈ فرار جبکہ دوسرے گارڈ کو اسمبلی کی سکیورٹی نے اپنے تحویل میں لے لیا ہے، ایس ایس پی اسلام آباد واقعہ میں ملوث گارڈ کے خلاف صحافیوں کی درخواست پر ایف آئی آر درج کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسرا ملزم طارق فضل چوہدری کی گاڑی میں گیا ہے جس کا نام شکور ہے اور وہ نواز شریف کا چیف سکیورٹی آفیسر بتایا جا رہا ہے، اسے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کیا جائے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آئندہ پرائیویٹ گارڈ کا داخلہ پارلیمنٹ ہاﺅس میں بند کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی وقار خان نے کہا کہ گارڈز کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے گی، نجی ٹی وی چینل سماءکی طرف سے درخواست موصول ہو گئی ہے، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر صحافی تنظیموں، ویڈیو نیوز کے نمائندوں نے الگ درخواست دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ صحافی تنظیموں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور ایس ایس پی اسلام آباد کی جانب سے یقین دہانی پر اپنا احتجاج ختم کر دیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv