روس میں رہائشی عمارت میں دھماکا، 3 افراد ہلاک اورمتعدد ملبے تلے دب گئے

ماسکو(ویب ڈیسک) روس کے صنعتی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جب کہ 79 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی روس کے صنعتی شہر کی رہائشی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ ملبے سے 3 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ دیگر 79 لاپتہ ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا، 469 امدادی کارکن طبی کاموں میں مصروف ہیں، 79 افراد کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ریسکیو اداروں نے کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال کے خدشے کے پیش نظر آس پاس کی عمارتوں کو خالی کرالیا ہے۔ بھاری مشینری کے ذریعے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح امدادی کام ہیں، دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ ابھی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ممکن ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا ہو۔روسی صدر ولا دی میر پوٹن نے وزیر صحت کو امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے روانہ کرتے ہوئے افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

امریکا: وائلڈ لائف پارک میں شیر نے حملہ کرکے خاتون ملازم کو ہلاک کردیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر برلنگٹن کے وائلڈ لائف پارک میں شیر نے حملہ کرکے ایک خاتون ملازم کو ہلاک کردیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پارک کا عملہ شیر کے پنجرے کی صفائی کر رہا تھا کہ پنجرے کے بند حصے سے شیر اچانک وہاں آ گیا اور خاتون الیگزینڈرا بلیک پر حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا۔بعدازاں شیر کو بھی گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، تاکہ خاتون کو اس کی گرفت سے نکالا جاسکے۔وائلڈ لائف پارک کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں انسانی جان کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شیر لاک کیے گئے حصے سے کیسے باہر آیا۔ہلاک ہونے والی 22 سالہ الیگزینڈرا نے حال ہی میں انڈیانا یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی اور 10 روز قبل ہی بحیثیت انٹرن وائلڈ پارک میں کام کا آغاز کیا تھا، انہیں جنگلی حیات سے خصوصی دلچسپی تھی۔

رواں برس کی آخری ٹیسٹ رینکنگ جاری، پاکستان کی چھٹی پوزیشن

دبئی (ویب ڈیسک)آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت 116 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے رواں برس کی آخری ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، بھارت 116 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، انگلینڈ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔
ٹاپ ٹین بیٹسمینوں کی فہرست میں بھارت ویرات کوہلی کا بدستور راج ہے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے، بھارت کے پجارا چوتھے، انگلینڈ کے جوئے روٹ پانچویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، نیوزی لینڈ کے ہینری نکولس ساتویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر نویں اور پاکستان کے اظہر علی دسویں نمبر پر ہیں۔
بولنگ میں جنوبی افریقہ کے رابادا ٹاپ پر ہیں، انگلینڈ کے جمیز اینڈرسن دوسرے، آسٹریلیا کے کمنز تیسرے، جنوبی افریقہ کے فلینڈر چوتھے، پاکستان کے محمد عباس پانچویں، بھارت کے رویندرا جدیجہ چھٹے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ساتویں، بھارت کے ایشون آٹھویں، نیوزی لینڈ کے ٹم ساﺅتھی نویں اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر دسویں نمبر پر ہیں۔
ٹاپ پانچ آل راﺅنڈر میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر دوسرے، بھارت کے جدیجہ تیسرے، جنوبی افریقہ کے فلینڈر چوتھے اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔

امریکی شخص کے گیراج سے درجنوں خطرناک سانپ برآمد

ٹیکساس(ویب ڈیسک) امریکی شخص نے گھر سے ملحق لان میں اچانک 30 ایسے سانپ دریافت کئے جو انتہائی خطرناک تصور کئے جاتے ہیں۔ٹیکساس کے ایک شخص کی تیارکردہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر جِھرجِھری طاری ہوجاتا ہے۔ اس ویڈیو میںکُر کُرے (ریٹل) سانپوں کا ایک ڈھیر دیکھا جاسکتا ہے۔بوبی کووان نامی شخص نے یہ ویڈیو ٹیکساس کے ایک علاقے گورمن میں بنائی ہے۔ ایک کیبن کے چھپر کے نیچے پہلے ایک سانپ رینگتا نظر آیا تو اسے لفٹر کے ذریعے اٹھایا گیا اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس کے نیچے ایسے تین درجن کے قریب سانپ موجود تھے جو اپنی دم ہلاکر خاص آواز پیدا کرتے ہیں اور اسی بنا پر انہیں ریٹل اسنیک کہا جاتا ہے۔شمالی اور جنوبی امریکا میں عام پائے جانے والے یہ سانپ بہت زہریلے ہوتے ہیں۔ بوبی پہلے تو یہ دیکھ کر خوفزدہ رہ گئے اور کچھ پریشان بھی ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے اٹھائے ہوئے شیڈ کو دوبارہ اسی جگہ چھوڑ دیا۔ یہ ویڈیو تیس لاکھ سے زائد لوگوں نےدیکھی ہے اور اسے ہزاروں افراد نے شیئر کیا ہے۔بعض لوگوں نے اس جگہ کو آگ لگانے کی تجویز دی اور کچھ لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ آخر وقت تک یہ سانپ ایک دوسری جگہ منتقل کردیئے گئے تھے۔