تازہ تر ین

وزیراعظم کی روضہ رسول حاضری ، خواہش بھی ظاہر کر دی

جدہ‘ مدینہ منورہ ‘ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورہ پر سعودیہ پہنچ گئے۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر انہوں نے روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کئے۔اس سے قبل وزیراعظم کا سعودی عرب روانگی سے قبل انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب سے قرض لینے کا خواہشمند ہے۔ ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے دوست ممالک کے قرضوں یا آئی ایم ایف سے قرضہ لئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہمارے پاس دو، تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں۔ دوست ممالک کے قرضوں کی اشد ضرورت ہے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سعودی صحافی پر سعودی تحقیقات کے نتائج آنے کا انتظار ہے، امید ہے قابل تسلی تحقیقات کے نتیجے میں ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے ولی عہد محمد بن زید سلطان النیہان کو ٹیلی فون کیا ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ شیخ محمد بن زید نے عمران خان کی دعوت قبول کرلی۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے انہیں حکومت کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاو¿ن کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ ہٹانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کو انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت کی جانب سے آئندہ 25سالوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع انرجی پالیسی و لائحہ عمل تشکیل دیاجا رہا ہے تاکہ جہاں گھریلو، صنعتی و دیگر شعبہ جات کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لئے توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے وہاں انرجی مکس کا حصول، ملک میں موجود وسائل کا مکمل استعمال، قابل تجدید ذرائع کا فروغ اور انرجی پالیسی کے لئے منظم و مربوط فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو ہٹانے کے لئے ہدایت کی ۔اس ضمن میں بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاو¿ن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی دوسرے کی چوری اور بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے۔ضلعی سطح پر متعلقہ ڈی سی اوز بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاو¿ن کی نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ بجلی کی ترسیل و تقسیم کو بہتر بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر ٹیکنالوجی کے استعمال کو برو¿ے کار لایا جا رہا ہے تاکہ جہاں ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جا سکے وہاں تقسیم اور چوری جیسے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم عمران خان نے پاور ڈویڑن کو معیاری ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنانے سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مختلف کمپنیوں کی شمولیت کے لئے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں تیل اور گیس کی دریافت و پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ شیل گیس کے موجود ذخائر میں پاکستان دنیا بھر میں نویں نمبر پر شمار کیا جاتا ہے تاہم اس ذخائر کو برو¿ے کار لانے پر ماضی میں کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ گذشتہ ساڑھے پانچ سالوں میں تیل و گیس کی دریافت کے لئے ایک بلاک بھی ایوارڈ نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے اب تک 10 بلاک مکمل طور پر شفاف عمل سے مختلف کمپنیوں کو ایوارڈ کیے جانے کا عمل حتمی مراحل میں ہے جسے چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ مزید30بلاکس ایوارڈ کرنے کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جن میں بین الاقوامی طور پر روڈ شوز کا انعقاد بھی شامل ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ تیل و گیس ذخائر کی دریافت کے لئے ملک کے 41فیصد حصے پر واقع مختلف بلاکس ایوارڈ کیے گئے جن میں اب تک صرف4فیصد پر کام کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ملک میں تیل و گیس کی دریافت کی راہ میں حائل عوامل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ ملک میں موجود تیل و ذخائر کی دریافت کے عمل کو تیز کرنے کے لئے سیسمک سروے اوجی ڈی سی ایل سے کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ تیل اور گیس دریافت کرنے والی کمپنیوں کو سیکورٹی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات کا فیصلہ، صوبہ خیبر پختونخواہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی مدد سے تیل و گیس دریافت کرنے والی کمپنیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں تیل اور گیس دریافت کرنے کے شعبے میں حائل مشکلات کو دور کرکے پاکستان چھوڑ کر جانے والی غیر ملکی کمپنیوں کو واپس لایا جا سکتا ہے۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے تیل و گیس دریافت کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ایگزان کی پاکستان واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے سلسلے پاکستان آنے والی تمام غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان 2روزہ دورے پر سعودی عرب وانہ ہو گئے، وزیراعظم ریاض میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ پیر کووزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے ،وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرسرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں،وہ ریاض میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع” کے عنوان سے ایک بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کرینگے،عمران خان کو دورے کی دعوت خاص طور پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ھ ہے ،کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں، اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کو “صحرا میں ڈیوس” کا نام دیا گیا ہے، کانفرنس ان اہم کاروباری رہنماوں کے ساتھ رابطے کاموقع فراہم کرے گی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا وزیر اعظم پاکستان عمران خان کانفرنس کے وران پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن میں شرکت اور خطاب کریں گے، اس سیشن کا عنوان “پاکستان علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز” ہے، شرکا اور سامعین میں دنیا بھر کی مشہور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور انکے نمائندے شامل ہو نگے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام پر اظہار مذمت کیا ہے ۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشتگردی کے حوالے سے اظہار مذمت کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھا رتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کی جانب پیش رفت کا احساس کرے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کی جانب سے ضلع کولگام کے علاقے لارو میں 9نوجوانوں کو شہید کیا گیاتھا اور2نوجوان سرحد کے قریب جعلی مقابلے میں شہید کیے گئے۔بھارتی مظالم کے نتیجے میں گزشتہ روز 9کشمیری شہید ہوگئے تھے اور 50سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv