تازہ تر ین

ٹرینوں سے 2لاکھ تولیے،ہزاروںکمبل چوری کیسے ہوگئے؟

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارتی محکمہ ریلوے کو درپیش مالی مشکلات کی وجہ ماہرین اقتصادیات بدانتظامی کو قراردیتے ہیں لیکن بھارتی ریلوے کو ایک اور ہی طرح کی پریشانی کا سامنا ہے جو اس کے لیے ہرسال لاکھوں روپے نقصان کی وجہ بن رہی ہے۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی طویل فاصلے کی ریل گاڑیوں سے رواں برس اپریل سے ستمبر تک 62 لاکھ روپے کی اشیا چرائی جاچکی ہیں۔مذکورہ رقم ریلوے کے اخراجات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے زیادہ تو نہیں لیکن جس قسم کی اشیا چرائی جارہی ہیں اس سے ریلوے حکام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بھارتی ریل گاڑیوں سے چرائی جانے والی اشیا میں تولیے، چادریں، تکیے، تکیوں کے غلاف، کمبل، لوٹے، پانی کے نلکے حتیٰ کے فلش ٹینک کے پائپ تک شامل ہیں۔جبکہ بھارت کی پہلی تیز ترین تیجاس ایکسپریس سمیت دیگر پرتعیش ریل گاڑیوں میں مسافروں نے سینسر والے پانی کے نل اور سی سی ٹی وی کیمرے کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ ان ٹرینوں سے کچرہ دان، پردے اور پلمبنگ پائپ بھی چوری کیے گئے۔اس سلسلے میں بھارتی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز افسر سنیل اڈاسی نے چرائی گئی اشیا کے کچھ اعداد و شمار پیش کیے جس میں 80 ہزار کے قریب تولیے، ساڑھے 27 ہزار سے زائد تک بستر پوش، 21 ہزار سے زائد تکیوں کے غلاف اور 2 ہزار سے زائد کمبل شامل ہیں جو رواں سال 6 ماہ کے عرصے میں چرائے گئے۔گزشتہ برس ریل گاڑیوں سے چرائی گئی اشیا کی تعداد میں 2 لاکھ کے قریب تولیے، 81 ہزار سے زائد بسترپوش، 55 ہزار سے زائد تکیوں کے غلاف اور 7 ہزار سے زائد کمبل شامل ہیں۔مغربی بھارت کی ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس ریلوے کی ڈھائی کروڑ مالیت کی اشیا چوری ہوئیں جبکہ ریل گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ اس سے الگ ہے۔بھارتی ریلوے کا کہنا تھا کہ کچھ پر تعیش ریل گاڑیوں میں سینسر سے کھلنے والے نلکے اور سی سی ٹی وی کیمرا بھی نصب کیے گئے تھے لیکن یہ مہنگی اشیا اپنے پہلے سفر پر بھی محفوظ نہ رہ سکیں جس کے بعد ان کی جگہ سستی اشیا لگا دی گئیں۔رواں برس کے آغاز میں تیجاس ایکسپریس کے پہلے سفر کے بعد دیکھنے میں آیا کہ مسافراپنے ہمراہ ہیڈ فونز بھی لے گئے جبکہ ایل سی ڈی اسکرینز کو نقصان پنچایا گیا، ٹوائلٹ انتہائی گندے اور لگڑری ٹرین کسی کچرے کے ڈبے کا منظر پیش کررہی تھی، اس کے ساتھ پلمبنگ اشیا تک نکال لی گئی تھیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv