مجرم کو علاج کیلئے باہر بھیجنے کی مثال نہیں ملتی: اعتزاز احسن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ماہر قانون اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی مجرم کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کی نظیر نہیں ملتی، قانون میں بھی ایسی کوئی گنجائش نہیں ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیرول پر بھی بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوتی، نوازشریف کے علاج کیلئے باہر جانے کیلئے انکا بری ہونا ضروری ہے، شریف خاندان کی لندن پراپرٹی بہت قیمتی ہے ، لوٹ مار کے پیسے بیرون ملک سے واپس لانا اتنا آسان نہیں ہے، حکومت اگر پوری تندہی اور تسلسل سے اس معاملہ پر کام کرے تو کامیاب ہوسکتی ہے، تاہم یہ بہت دشوار ہوگا، انگریز حکومت بزنس مائینڈ ہے اور شریف خاندان کی برطانیہ میں بھاری سرمایہ کاری ہے، عمران خان کو نجم سیٹھی کے حوالے سے ذاتی نہیں ہونا چاہئے، سیٹھی نے کرکٹ کے حوالے سے بہت کام کئے ہیں۔

واشنگٹن ٹینس؛ اینڈی مرے کی 17 ماہ بعد ہارڈ کورٹ میں فاتحانہ واپسی

 واشنگٹن(ویب ڈیسک)’:  برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے17 ماہ بعد ہارڈکورٹ پر فاتحانہ واپسی رلی۔انھوں ے واشنگٹن اوپن کے پہلے راؤنڈ میں میزبان کھلاڑی میکنزی میکڈونلڈ کو 3-6، 6-4 اور7-5 سے مات دیدی، سان جونز ویمنز ٹینس ایونٹ میں بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرنیکا نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، کرسٹینا میک ہیل کو ابتدائی آزمائش میں یونانی پلیئر ماریا سیکاری کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے تقریباً 17 ماہ بعد ہارڈ کورٹ پر فاتحانہ واپسی کرنے پر جذباتی ہوگئے، انھوں نے واشنگٹن اوپن کے پہلے راؤنڈ میں  میزبان کھلاڑی میکنزی میکڈونلڈ کو 3-6، 6-4 اور7-5 سے مات دے دی،دائیں ہپ کی سرجری کے سبب اینڈی کھیل سے دوری اختیار کرنے پر مجبور ہوئے، انھوں نے اس سے قبل جون میں کوئنز اوپن ٹینس کے گراس کورٹ میں بھی چند مسابقتی میچز کھیلے تھے لیکن پھر خاطرخواہ فٹنس حاصل نہ ہوپانے پر انھوں نے ومبلڈن میں شرکت سے گریزکیا تھا، انھوں نے یہاں میکنزی کیخلاف دو گھنٹے 37 منٹ کی جدوجہد کے بعد غلبہ حاصل کیا، مرے نے اس سے قبل مارچ2017 میں آخری بار انڈین ویلز کے ہارڈ کورٹ ایونٹ میں حصہ لیا تھا، جہاں پر انھیں اپنے ابتدائی میچ میں شکست ہوگئی تھی، دوسرے مرحلے میں ان کا سامنا برطانوی فورتھ سیڈ کائل ایڈمنڈ سے ہوگا۔

جنھوں نے پہلے راؤنڈ میں بائی ملی تھی، انھوں نے کہا کہ مجھے دوسرے مرحلے میں کامیابی کیلیے زیادہ محنت کرنا ہوگی، زیادہ جارحانہ انداز اپنا ہوگا، دیگرمیچزمیں تیونس کے مالک جزیری نے روسی پلیئر ایوگینے ڈونسکوئے کو 6-4 اور6-1 سے شکست دیکر پیشقدمی جاری رکھی، دوسرے راؤنڈ میں ان کا سامنا تھرڈ سیڈ اور دفاعی چیمپئن الیگزینڈر زیوریف سے ہوگا، امریکی وائلڈ کارڈ انٹری پلیئر نوہا روبن نے روسی حریف میخائل یوزنی کو 6-4،6-4 سے زیر کرلیا، اب ان کی دوسری آزمائش جون اسنر سے ہوگی، ٹم سیمزک نے ریکارڈیکس بیرینکس کو 7-6(7/4)،6-2 سے ہرادیا، پولینڈ کے ہوبرٹ ہورکیز نے بیلاروسی حریف ایلیا ایواشکا کیخلاف 6-4،6-3 سے کامیابی سمیٹ لی۔

نیب نے آصف زرداری کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

کراچی (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے کے ڈی اے کے دفتر میں چھاپہ مارکر اہم ریکارڈ اور فائلیں قبضے میں لے لی ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم نے کے ڈی اے آفس اے 8 پلاٹوں کی فائلیں قبضے میں لیں یہ پلاٹ سابق صدر آصف علی زرداری نے مختلف ناموں پر غیر قانونی طور پر الاٹ کرارکھے ہیں۔غیر قانونی الاٹ شدہ پلاٹ تین تلوار اور دیگر علاقوں میں حاصل کیے گئے ہیں۔ان پلاٹوں کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا کی شوبز میں باقاعدہ انٹری

ممبئی:(ویب ڈیسک)’ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے شوبز ورلڈ میں باقاعدہ قدم رکھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے شوبز کی دنیا میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے تاہم انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم سے نہیں بلکہ ماڈلنگ سے کیا ہے۔سہانا خان نے مشہور فیشن میگزین ’’ووگ انڈیا‘‘کے اگست کے شمارے کے لیے فوٹوشوٹ رایا ہے یہ ان کا پہلا فوٹو شوٹ ہے جس میں سہانا بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔

بیٹے کی سڑک حادثے میں ہلاکت پر باپ نے 556 گڑھے بھر دیئے

 ممبئی(ویب ڈیسک)’: بھارت میں ایک شہری نے اپنے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے بعد شاہراہوں پر موجود 556 گڑھے بھر دیے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شہری دادا راؤ بلہور کا جواں سال بیٹا 2015ء میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا تھا لیکن غم زدہ باپ نے بیٹے کی جدائی کو زندگی کا روگ بنانے کے بجائے سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کو بھرنے کا سلسلہ شروع کیا اور تین سال میں وہ 56 گڑھے بھر چکے ہیں۔جواں سال بیٹے سے محروم ہوجانے والے داد راؤ کے سڑک کے گڑھے بھرنے کے کام میں اب رضاکاروں کی ایک ٹیم بھی شامل ہوگئی ہے۔ بھارت میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ممبئی کی سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑگئے ہیں جسے بھرنے کے لیے یہ رضاکار متحرک نظر آرہے ہیں۔

آئی ایم ایف پاکستان کو قرض دینے سے باز رہے : امریکہ

واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ہم اس بات پر نظر رکھیں گے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ممکنہ مالی پیکیج کو چینی قرضوں کی ادائیگی کےلئے استعمال نہ کرنے پائے۔امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو کوئی غلطی نہیں کرنی چاہیے، ایسے بیل آٹ کا کوئی جواز نہیں جس سے چینی قرضے ادا کیے جائیں،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم اس حوالے سے آئی ایم ایف کے اقدامات پر نظر رکھیں گے۔غیر ملکی اخبار فناننشل ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 12 ارب ڈالر قرض کے پیکیج کی تیاریاں کررہا ہے تاہم آئی ایم ایف کے ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کسی قسم کے بیل آٹ پیکیج کی کوئی درخواست نہیں ملی اور نہ ہی اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے کوئی بات ہوئی ہے۔

اورنج ٹرین بن سکتی ہے ڈیم کیوں نہیں : چیف جسٹس

اسلام آباد(صباح نیوز‘این این آئی) چیف جسٹس نے راولپنڈی میں دو ڈیمز کی عدم تعمیر کا نوٹس لے لیاچیف جسٹس نے یہ از خود نوٹس ایک کیس کی سماعت کے دوران لیا ہے چیف جسٹس ثاقب نثار کاکہنا تھا کہ راولپنڈی میں کون سے ڈیم تھے جو نہیں بنے، اعتزازاحسن نے کہاکہ ڈڈوچہ ڈیم کے لیے پنجاب حکومت نے زمین مختص کی تھی، لیکن بحریہ ٹاو ن نے منتخب جگہ سے تین میل دور ایک اور جگہ کی نشاندھی کی اور ڈیم تعمیر کرنے کی بھی پیشکش کی ہے کیونکہ پنجاب حکومت کے پاس ڈیم بنانے کے لیے پیسے نہیں ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ اورنج لائن کے لیے پیسے تھے تو ڈیمز کے لیے نہیں تھے، ملتان میں میٹرو کے لیے پیسے تھے تو پانی کے لیے نہیں ، لوگوں کو اچھی سفری سہولیات ملنی چاہیں ،یہ بات ترجیحات کی ہے، منصوبوں پر تنقید نہیں کر رہے، اعتزازاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نظر ثانی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرے، چیف جسٹس نے کہاکہ پانی ہماری زندگی ہے، اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس نہیں، اس دوران چیف جسٹس نے پپین ڈیم کی عدم تعمیر کا بھی نوٹس لے لیا۔اورڈڈوچہ ڈیم اور پپین ڈیم کی تعمیر سے متعلق پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے کہاکہ اس معاملہ کی سماعت سماعت جمعرات کو کریں گے، اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ راول ڈیم سے بڑا ڈیم بحریہ ٹاون بنا کر دیگا۔ ایک سال میں ڈیم تعمیر کر دیں گے لیکن ڈیم سے حاصل آمدن بحریہ ٹاون کو ملنی چاہیے۔ بہتر ہو گا عدالت لارجر بینچ تشکیل دے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ڈیم نہ بنے تو جڑواں شہروں کو پانی نہیں ملے گا۔ اس دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ چراہ گاوں میں بھی ڈیم بن سکتا ہے۔چیف جسٹس نے کہاکہ جہاں جہاں ڈیم بن سکتا ہے جمعرات کو تمام تفصیلات سے آگاہ کریںپنجاب حکومت کو معاملے پر وضاحت دینا ہو گی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد کے فارم ہاو سز سے متعلق کیس کی سماعت کی تو مقامی خاتون نے پیش ہو کر کہاکہ لندن سے آ کر اسلام آباد میں گھر لیا ، سی ڈی اے کی منظوری سے فارم ہاو س پر گھر تعمیر کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ محترمہ سی ڈی اے میں سب چور ہیں، خود جا کر آپ کا گھر دیکھوں گا، خلاف قانون بننے والے گھر بلڈوزر کریں گے، شجاعت عظیم کا گھر بھی جا کر دیکھیں گے، پرویز مشرف کے فارم ہاو س کا بھی جائزہ لوں گا، قانون کی حکمرانی میں کوئی تفریق نہیں ہو گی، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں سیکریٹری دفاع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے (آج) بدھ کو ذاتی حیثیت اورفوج میں دہری شہریت کے حامل افراد سے متعلق جواب بھی طلب کرلیا۔ منگل کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ججز اور سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کئی افسروں نے تاحال اپنی دوہری شہریت چھپائی ہوئی ہے، اور ان شخصیات کے خلاف کارروائی ہوگی۔چیئر مین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) عثمان مبین نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کی ایک ہزار ایک سو 16 افسر غیر ملکی یا دوہری شہریت رکھتے ہیں جبکہ ایک ہزار 2 سو 49 افسران کی بیگمات غیر ملکی یا دوہری شہریت کی حامل ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا دوہری شہریت رکھنا قانونی طور پر کوئی جرم نہیں انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت والے افراد رکنِ پارلیمنٹ نہیں بن سکتے جبکہ سرکاری افسر کے حوالے سے دوہری شہری کا قانون خاموش ہے، تو کیا اس میں ارکان اسمبلی سے تعصب تو نہیں برتا جا رہا؟چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کئی حساس دفاتر میں بھی دوہری شہریت کے حامل افسر موجود ہیں، کئی ججز بھی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پاک فوج کے حوالے سے بھی تفصیلات لیں گے اور تفصیلات لے کر معاملہ حکومت کو بھجوایا جائے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ کئی سرکاری افسر تو پاکستان کے شہری ہی نہیں ہیں، تاہم اب عدالتی معاون کو فیصلہ کرنا ہے کہ یہ معاملہ عدالت نے دیکھنا ہے یا پھر حکومت کو بھجوایا جائے۔عدالت معاون نے عدالت کو بتایا کہ 19 ممالک کی دوہری شہریت بطور پاکستانی رکھنے کی اجازت ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا دوہری شہریت والوں کو بیرونِ ملک وہی حقوق حاصل ہوتے ہیں جو بطور پاکستانی حاصل ہوتے ہیں جس پر عدالت معاون نے کہا کہ انہیں حقوق کا علم نہیں ہے۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا دوہری شہریت والا غیر ملکی ہوگا جس پر عدالتی معاون نے بتایا کہ دوہری شہریت رکھنے والا پاکستانی شہری ہی تصور ہوگا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر چلنا ہو گا، قانون سازی اور قانون میں بہتری پارلیمنٹ کا کام ہے، قانون اپ ڈیٹ کرنا عدلیہ کا کام نہیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ خود قانون اپ ڈیٹ کریں۔عدالتی معاون نے کہا کہ حساس عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قانون میں فی الحال رکن قومی اسمبلی کے لیے دوہری شہریت کی پابندی ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پاک فوج کا سربراہ بھی دوہری شہریت رکھ سکتا ہے جس پر عدالتی معاون نے بتایا کہ دوہری شہریت کے حوالے سے پاک فوج میں پابندی نہیں ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ پاک فوج میں غیر ملکی کی ملازمت پر پابندی ہونی چاہیے، یہ ایک اہم ترین ادارہ ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب سٹیزن شپ ایکٹ بنا تو ملک ایٹمی طاقت نہیں تھا، اس وقت ایٹمی طاقت ہوتے تو شاید یہ قانون غیرملکی شہریت والوں پر پابندی لگاتا، ماشاءاللہ بعد میں کسی کو ترمیم کی توفیق نہیں ہوئی، قانون سازی پارلیمنٹ نے کرنی ہے، یہ اہم معاملہ اٹھا کر شاید ہم غلط کررہے ہیں، پارلیمنٹ کو یہ کام پہلے ہی کرلینا چاہیے تھا، ایک پاکستانی سفیر غیر ملکی شہری ہیں، حساس عہدے سے ریٹائر ہو کر ایک شخص متحدہ عرب امارات میں اہم عہدے پر فائز ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے کہاکہ ممکن ہے پاک فوج سے بھی دہری شہریت کے حامل افسران کی تفصیل لیں، یہ تفصیلات سیکرٹری دفاع کے ذریعے لیں گے، ایک طریقہ کار یہ ہے کہ تمام تفصیلات حکومت کو بھجوائیں، مگر ایسا نہ ہو اسمبلی بل منظور کرے اور سینیٹ مسترد کردے ¾ کارگل معرکہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ممکن ہے دہری شہریت کے حوالے سے کابینہ کو تجاویز بھجوائیں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت قرار دے چکی ہے کہ صدر مملکت کا عہدہ بھی سروس آف پاکستان ہے، پاک فوج پر بھی اسی قانون کا اطلاق ہونا چاہیے، کیوں نہ تمام اہم عہدوں کو بھی سروس آف پاکستان قرار دیا جائے۔ عدالتی معاون نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم کہیں نوکری نہیں کر سکتا، پاکستان میں وزیراعظم اور وزرا نوکریاں کرتے ہیں۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے (آج) بدھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف نے بڑی کا میا بی حاصل کر لی ،لیگی حلقوں میں بھو نچال

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف کو (ق) لیگ کی 8 اور 21 آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہوگئی جس کے بعد ان کی نشستوں کی تعداد 152 تک جاپہنچی۔نجی اخبارکے مطابق پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف اور ن لیگ میں رسہ کشی جاری ہے، مزید 3 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے جن میں پی پی 238 سے شوکت لالیکا، پی پی 97 سے اجمل چیمہ اور پی پی 106 سے ملک عمر فاروق شامل ہیں۔عام انتخابات میں تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی 123 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ (ق) کی 8 اور 21 آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ اب تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 152 تک جاپہنچی ہے جبکہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے انہیں 148 ارکان کی حمایت درکار ہیں۔پنجاب میں حکومت بنانے کا ایجنڈا لے کر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کی بیٹھک بھی لگی جس میں چوہدری پرویز الہیٰ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ طے پایا کہ وفاق میں بھی (ق) لیگ کو ایک وزارت اور وزیر مملکت کا عہدہ ملےگا۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن) بھی پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سابق حکمران جماعت نے عام انتخابات میں 129 نشستیں جیتیں، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے 6 اور ایک ا?زاد امیدوار نے (ن) لیگ کی حمایت کی ہے۔ ادھر رانا ثنائ اللہ کا دعویٰ ہے کہ چوہدری نثار بھی (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے اس طرح مسلم لیگ کی نشستوں کی تعداد 137 بنتی ہے۔دریں اثنا بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک رکن نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ جہانگیر ترین مزید ارکان اسمبلی کی پارٹی میں شمولیت کے لیے پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مزید لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونے آرہے ہیں یہ اسکور مزید آگے بڑھے گا، ہمارا نمبر گیم پورا ہورہا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں زیادہ لوگ ہمارے پاس ہوں۔

مسرت مصباح کوانسانی حقوق کے ایوارڈ سے نوازا گیا

لاہور(شوبز ڈیسک) ڈپلیکس سمائل اگین فاونڈیشن کی روح رواں‘ بیوٹی ایکسپرٹ مسرت مصباح کو انسانی حقوق کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کنیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کیا گیا ۔ مسرت مصباح پاکستان بھر میں تیزاب کے حملوں سے جھلسنے والی خواتین کے چہروں پر ایک بار پھر مسکراہٹ بکھیرنے کا کام خوش اسلوبی سے انجام دے رہی ہیں۔مسرت مصباح نے کہا کہ اصل حقدار وہ خواتین ہیں جنہوں نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور ایک بار بھر زندگی کی دوڑ میں آگے آنے کی کوشش میں کامیاب ہوئی ہیں۔

صدف کنو ل، نادیہ حسین عیدکے ملبوسات پر ماڈلنگ کرینگی

لاہور(شوبزڈیسک) فیشن ڈیزائنر ز کے تیار کردہ عید کے ملبوسات کی تعارفی تقریب و فیشن شو کراچی کے شاپنگ مال میں آئندہ ہفتے کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ فیشن ڈیزائنر ثانیہ مسقطیہ نے عید کلیکشنز 2018 کایا کے عنوان سے انہیں تیار کیا ہے۔ ڈیزائنر یاسر شکیل (چیری) نے نمائندہ دنیا کو بتایا اپنی مصنوعات کو غیر ملکی برانڈز کے مقابلے میں آگے لانے کیلئے ہمیں میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا نادیہ حسین ، فوزیہ ا مان، فلک شیخ، صبا سکندر ، ثنا خان، ماہا علی، فائزہ انصاری، آمنہ الیاس، عبیر ہ ، اریبہ حبیب، سارہ خان، رابعہ چودھری ، مناہل، صدف کنو ل و دیگر ماڈلز سے رابطے جاری ہیں۔

ان شوز میں مذکورہ ماڈلز ملکی ملبوسات زیب تن کرکے کیٹ واک کریں گی علاوہ ازیں فیشن ڈیزائنرز نے فلم و ٹی وی فنکاروں ثنا ، صنم سعید، ماورا حسین ، ماہرہ خان ، سجل علی ، فہد مصطفی، فیصل قریشی ، اعجاز اسلم ، معمر رانا، مانی، حرا مانی، عائشہ عمر، ہمایوں سعید، مہوش حیات، ڑالے سرحدی، دانش تیمور، جاوید شیخ، بابر علی و دیگر سے بھی رابطے شروع کردئیے ہیں۔

آواز کے جادوگر محمد رفیع کی38 ویں برسی منائی گئی

لاہو(شوبزڈیسک)برصغیر پاک و ہند کے مایہ ناز گلوکار سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 38برس ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر ان کے پرستار اور شوبز سے متعلق تنظیمیں ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگراموں کا انعقاد کریں گی اور ان کی یاد میں متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 24دسمبر 1924 کو کوٹلہ سلطان سنگھ امرتسر میں پیدا ہونے والے محمد رفیع سات بہن بھائیوں میں سے سب سے چھوٹے تھے۔ بچپن میں ہی گلوکاری کا شوق رکھنے والے محمد رفیع نے پہلی بار1941 میں لاہور میں پنجابی فلم گل بلوچ کیلیے گانا گایا۔محمد رفیع کی زندگی میں سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب موسیقار اعظم نوشاد نے انھیں گانے کاموقع دیا۔ نوشاد کیساتھ محمد رفیع کی جوڑی بہت کامیاب رہی۔ گائیکی کے ساتھ محمد رفیع کو اداکاری کا بھی شوق تھا۔انھوں نے سماج کو بدل ڈالا اورہدایت کارشوکت حسین رضوی کی فلم جگنو میں اداکاری کی۔چالیس سال سے زائد عرصے تک آواز کا جادو جگانے والے محمد رفیع نے تیس ہزار کے قریب فلمی اور غیرفلمی نغمات ریکارڈ کروائے۔31 جولائی 1980کومحض 56برس کی عمر میں محمد رفیع اس دنیا کو الوداع کہہ گئے تھے۔

شمالی میکسیکو میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 85 افراد زخمی

میکسیکو سٹی(ویب ڈیسک) شمالی میکسیکو میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 85 افراد زخمی ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میکسیکو کی ریاست ڈورنگو کے ایک ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 5 منٹ بعد ہی ایرو میکسیکو کا طیارہ زمین پر آگرا۔طیارے میں 2 شیرخوار بچوں اور عملے کے 4 ارکان سمیت 103 افراد سوار تھے۔تاہم طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ لگنے سے قبل مسافروں اور عملے نے جہاز سے چھلانگ لگا دی اور محفوظ رہے۔میڈیا پر نشر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز بالکل تباہ ہوچکا ہے اور اس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔