وفاقی حکومت کا وزیراعظم ہاﺅس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاﺅس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنےکا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگڑری بی ایم ڈبلیو اور 4 جدید مرسیڈیز بینز گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نیلام کی جانے والی گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کرولا، 3 سوزوکی، ایک ہنڈا اور ایک ایچ ٹی وی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق باقی گاڑیاں کابینہ ڈویڑن کے کنٹرول میں ہیں جو غیر ملکی مہمانوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ماضی میں سارک کانفرنس اور ڈونر کانفرنس کے لیے بھاری رقوم پر کرائے پر گاڑیاں لی گئیں تھیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے پہلے خطاب میں بھی وزرائے اعظم کے زیر استعمال لگڑری گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔

رکشہ کھینچنے والے کی بیٹی کا طلائی تمغہ

جکارتہ(ویب ڈیسک) بھارت میں رکشہ کھینچنے والے محنت کش کی بیٹی سواپنا برمن نے ایشین گیمز کے ویمنز ہیپٹاتھلون ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔سواپنا کے والدین کیلیے اپنی بیٹی کو اسپورٹس ٹریننگ دلانا ممکن نہیں تھا،ان کے والد نہ صرف رکشہ کھینچتے بلکہ چائے پلانے کا کام بھی کرتے تھے، سواپنا کی صلاحیتیں اسپورٹس حکام کی نگاہوں میں آئیں تو ان کے لیے اسکالرشپ کا بندوبست کیا گیا۔ایشین گیمز میں مقابلے کے آخری روز سے ایک رات قبل ان کے مسوڑھے میں سخت تکلیف شروع ہوئی جس کی وجہ سے شرکت ہی مشکوک ہوگئی تھی، تاہم انھوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔

پاکستانی سائنسدان کا پانی سے آرسینک ختم کرنے والا دنیا کا سستا فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ

فیصل آباد(ویب ڈیسک)فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے ایک سائنسدان نے پانی میں شامل انہتائی خطرناک مرکب آرسینک کو پانی سے الگ کرنے کے لیے دنیا کا سستا ترین فلڑ تیار کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر نبیل نیازی نے تربوز کے چھلکے کی مدد سے پانی سے آرسینک کو الگ کرنے کے لیے دنیا کا کم قیمت ترین فلٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔آرسینک ایسا زہر ہے جو قدرتی طور پر زیر زمین پانی میں موجود ہے، اس پانی کے استعمال سے پیٹ کے امراض،گردوں اور جگر کی بیماریوں سے ہر سال 43 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔آرسینک کو پانی سے الگ کرنے والے دستیاب طریقوں پر ہر چار ماہ بعد 20 سے 25 ہزار روپے کا خرچ آتا ہے لیکن ڈاکڑ نبیل خان نیازی نے تربوز کے چھلکے سے صرف 5 ہزار روپے میں 8 ماہ کے لیے قابل استعمال ٹیکنالوجی ایجاد کی ہے۔ڈاکٹر نبیل کا بتانا ہے کہ واٹر میلن کا چھلکا مفت میں دستیاب ہے، ہم نے اس کو پیسا اور زینٹھیٹ نامی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس میں تھوڑی سی ترمیم کی، اس کا فائدہ یہ ہوا کہ یہ نا تو پانی میں حل ہو گا اور نا ہی خراب ہو گا، اسے لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا کہ یہ آرسینک کو نکالتا ہے یا نہیں تو ہمیں بڑے اچھے رزلٹ ملے، تقریبا 95 سے 98 فیصد آرسینک پانی سے ختم ہو گیا۔ڈاکٹر نبیل نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی میں بجلی کا استعمال نہیں ہے، اس فلڑ سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں غریب آبادی کے لیے آرسینک سے پاک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔فیصل آباد یونیورسٹی کے سائنسدان کا کہنا ہے کہ تھوڑے سے فنڈز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں یہ ٹیکنالوجی انتہائی کم قیمت میں پہنچائی جا سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں پانی کو آرسینک سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی کو آرسینک کے مسائل سے دوچار دوسرے ملکوں کو فروخت کر کے پاکستان زرمبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔

سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی

لاہور(ویب ڈیسک) سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی،ایشیا کپ کیلیے منتخب 18 ممکنہ کھلاڑیوں میں آل راونڈر کا نام بھی شامل ہے۔ایشیا کپ یواے ای میں 15ستمبر کو شروع ہوگا، انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد تربیتی کیمپ کیلیے 18کرکٹرزکا اعلان کردیا،رواں سال فروری میں پی ایس ایل کے دوران انجرڈ ہونے کے بعد مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے والے عماد وسیم بھی کیمپ کا حصہ ہونگے۔گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا سے ون ڈے کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے آل راونڈر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے زخمی ہوئے، اس کے بعد رویہ درست نہ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیے جانے کی بازگشت بھی سنائی دیتی رہی،دورئہ زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز کے بعد ایک روزہ میچز کیلیے بھی انھیں زیر غور نہیں لایا گیا۔عماد وسیم نے حال ہی میں کیریبیئن پریمیئر لیگ میں جمیکا تلاواز کی جانب سے ایکشن میں نظرآئے ہیں، ٹیسٹ مزاج کے حامل شان مسعود کو حیران کن طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، اوپنر نے اب تک 12ٹیسٹ میں 23.54کی اوسط سے 565رنز بنائے اور ون ڈے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔کیمپ میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی کال کیا گیا،3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے نوجوان بولر ون ڈے کرکٹ میں انٹری کا انتظار کررہے ہیں تاہم ان کا حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل نظر آرہا ہے، ممکنہ کھلاڑیوں میں حفیظ کا نام بھی شامل ہے۔دورئہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز کا ایک بھی میچ نہ کھیل پانے والے آل راونڈرکا ستارہ گردش میں ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر ڈھکے چھپے احتجاج کے بعد بیک فٹ پر آنیوالے حفیظ کی حتمی اسکواڈ میں جگہ مشکل سے ہی بنے گی، دورئہ زمبابوے میں آزمائے جانیوالے یاسر شاہ باہر ہوگئے۔
تربیتی کیمپ کیلیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے اور ٹیسٹ پلیئرز کا ایبٹ ا?باد میں 3روزہ کنڈیشننگ کیمپ گزشتہ روز ختم ہوگیا، جمعے کوواپسی کیلیے رخت سفر باندھنے والے کرکٹرز لاہور میں رپورٹ کرینگے جہاں 3سے 10ستمبر تک تربیتی کیمپ لگایا جائے گا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس پر توجہ دیںگے،اغاز میں فٹنس ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔

رمیز راجہ نے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی موزوں انتخاب قرار دے دیا

لاہور(ویب ڈیسک) رمیز راجہ نے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی موزوں انتخاب قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ کے نئے سربراہ اپنی ذات سے بالا تر ہوکر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان ریجنل کرکٹ کے زبردست حامی ہیں،یہ تصور پی ایس ایل میں کامیاب رہا، کئی سابق کرکٹرز بھی اس کی حمایت کرتے ہیں، اب یہ احسان مانی پر ہے کہ وہ اس معاملے میں کس نوعیت کے اقدامات اٹھاتے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں بنی گالا میں ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس سلسلے میں کرکٹ کے پس منظر نے کیا کردار ادا کیا،ان کا وزیر اعظم منتخب ہونا صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی کرکٹ برادری کیلیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کردی جس کے بعد اس کی قیمت 92 روپے 83 پیسے ہوگئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 106 روپے 57 پیسے ہوگئی۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 46 پیسے کی کمی کی گئی ہے اور اب یہ 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 59 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 75 روپے 96 پیسے ہوگئی۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ خیال رہے کہ اگست کے مہینے کے لیے نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔جولائی کے ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں حکومت نے ٹیکس میں کمی کردی اور جولائی میں پیٹرول 95 روپے 24 پیسے میں دستیاب رہا۔

ایشین گیمز بیس بال؛ پاکستان نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا

جکارتا(ویب ڈیسک) ایشین گیمز میں پاکستان بیس بال ٹیم نے ہانگ کانگ کو شکست دیدی۔جکارتا میں جاری میگا ایونٹ میں قومی مینز بیس بال ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف 2-12 سے کامیابی حاصل کی، پاکستان بیس بال ٹیم نے اس سے قبل ایونٹ میں 4 میچز کھیلے جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی جب کہ 2 میں ناکام رہی، جاپان اور چین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے خلاف کامیابی حاصل کر چکی ہے۔قومی رگبی سیونز ٹیم کو چین نے 0-53 سے آﺅٹ کلاس کر دیا جب کہ پاکستان ٹیم نے انڈونیشیا کے خلاف 5-21 سے کامیابی حاصل کی۔ آج افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ پوزیشن میچز ہوں گے۔ سیپاک ٹاکرا میں ویتنام نے پاکستان کو 0-2 سے ہرا دیا۔