تازہ تر ین

سانحہ مستونگ پر عالمی برادری بھی غمزدہ، واقعے پر افسوس و مذمت

اسلام آباد(ویب ڈیسک)بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے دھماکے پر سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، جرمنی اور یورپی یونین کی جانب سے شدیدمذمت کی گئی ہے۔مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے پر عالمی برادری بھی غم زدہ ہے، عالمی رہنماو¿ں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔اقوام متحدہ نے پاکستان میں انتخابی ریلیوں اور امیدواروں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں اور حکومت پاکستان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام میں مستونگ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اس مجرمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور شہداءکے لواحقین اور اسے تمام پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی ہے۔شاہ سلمان نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سعودی حکومت اور عوام اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام تعزیتی پیغام میں مستونگ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی مہم میں دہشت گرد حملے پر شدید دکھ ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سےجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے پاکستانی عوام کوجمہوری حقوق سےمحروم کرنے کی کوشش ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں جب کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔یورپی یونین نے مستونگ میں انتخابی جلسے میں خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی مذمت کی۔ یورپی یونین کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔یورپی یونین کے مطابق حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔قطری وزارت خارجہ نے مستونگ میں خود کش حملے کی شدید مذمت کی، پاکستان اور شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔ سراج رئیسانی بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 35 مستونگ سے بی اے پی کے امیدوار تھے۔انتخابی سرگرمیوں کے دوران 7 دن میں 4 دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں جس میں 2 امیدواروں ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 سے زائد زخمی ہوئے۔گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا گیا اور جلسے کے بعد ان کے قافلے کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔اس سے قبل 10 جولائی کو پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور بھی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے تھے، اس حملے میں 22 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔7 جولائی کو بنوں میں ہی پی کے 89 میں انتخابی مہم کے دوران متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ملک شیریں کے قافلے کے قریب حملہ ہوا تھا، جس میں 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv