تازہ تر ین

سیاستدان ،ججز ،اور جرنیل ملکر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں

لاہور (پ ر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ میں طلبا، اساتدہ، ڈاکٹروں، سیاستدانوں، جرنیلوں اور ججوں سے دل کی عمیق گہرائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آئیں مل بیٹھیں اور نئے پاکستان کی بنیاد کھیں۔ سب لوگ ذاتیات سے بالاتر ہو کر ملک کو عظیم بنانے کے لئے یکجا ہوں، اس کے سوا ترقی وخوشحالی کا کوئی راستہ نہیں۔ اداروں کے درمیان مفاہمت کا نہ ہونا پاکستان کی سلامتی کے تقاضوں کے منافی ہوگا۔ ذاتی پسند ناپسند اور مخالفت کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے مستقبل کو سامنے رکھ کر سوچیں۔ وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے لندن سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے ویڈیولنک کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے ملکر افہام وتفہیم سے کام کریں، پارلیمان کا احترام اور اس کے حقوق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اورہماری معزز عدلیہ ہے، قابل احترام عدالت عظمی ہے جو آئین کی تشریح کا حق رکھتی ہے۔ افواج پاکستان ہے جو ملکی دفاع کا عظیم فریضہ سرانجام دیتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ملک و قوم کو ا تحاد اوریکجہتی کی ضرورت ہے ہمیں باہمی انتشار کو ختم کر کے اتحاد و یگانگت کی فضا پیدا کرنی ہوگی۔ اداروں میں تناﺅ کو مفاہمت میں بدلنے کی شدید ضرورت ہے۔ محاذ آرائی سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ہمیں باہمی رنجشیں، چپقلشیں، مخالفتیں اور بے بنیاد محاذ آرائی کوختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا وقت ہے۔ رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس سے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ممکن نہیں ، ہمیں اپنا ہر سطح پر ضرور جائزہ لینا چاہےے ہم جو حاصل کر چکے ہیں اس پر ہمیں بلاشبہ فخر کرنا چاہےےے اور جو گنوا چکے ہیں اس سے سبق حاصل کرنا چاہےے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم جذباتی تقریر کی بجائی عملی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارے کئے ہوئے عملی کاموں کے نمونے پورے پنجاب میں جا بجا موجود ہیں۔ تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، پی کے ایل آئی سمیت سینکڑوں ادارے عوام کی فلاح وبہبود اور خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقریبا 22کروڑ آبادی میں سے 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ کروڑوں نوجوانوں کو مستقبل سنورانے کے لئے ٹیکنالوجی بیسڈ ایجوکیشن کی ضرورت ہے، ان کے ہنر مندہاتھ قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ اعلی ٹیکنیکل تعلیم کے لئے پورے ملک میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی جیسے اداروں کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں کو جدید ترین سائنسی آلات سے مزین اور نوجوانوں کوبھی فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ ذرا سوچیں یہ ٹیکنالوجی کا انقلاب جو ہم آج لارہے ہیں اگر 70سال قبل اس پر توجہ دی جاتی تو آج ہم کہاں ہوتے؟ اگر ہم ایسے ادارے بنانے میں کامیاب ہوگئے تویہ ترقی اور خوشحالی کا ایسا انقلاب آئے گا جسے روکنا کسی کے لئے ممکن نہیں ہو گا۔ وزیراعلی نے کہاکہ میں بلاخوف وتردید یہ بات کہہ سکتاہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں اس قدر سپیڈ کے ساتھ انرجی پراجیکٹ کی نہ آج تک منصوبہ بندی ہوئی اور نہ ہی عملی طو رپر انرجی پراجیکٹ لگائے گئے۔ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے ہماری انتھک کوششیں رنگ لا رہی ہےں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہونے کو ہے،وزیراعلی نے کہاکہ دائرے کے ارد گرد گھومنا ہمارا نصیب نہیں ،یہ وہ پاکستان ہے جس کا تصور قائدؒ او ر اقبالؒ نے کیا تھا۔ نااتفاقی اور انتشار نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔ آئےے اب سب مل بیٹھیں، ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھیں، ملکر معاملات حل کریں۔ یہ پاکستان کسی ایک کی میراث نہیں سب شہری اس کے وارث ہیںاوریہ سب ملکر پاکستانی کہلاتے ہیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام پر چین، چینی حکومت ،تیانجن یونیورسٹی سینڈی کیٹ، پنجاب کے تعلیمی ماہرین او راپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کے لئے شب وروز ایک کردیا اور چند ماہ کے قلیل عرصے میں شاندار یونیورسٹی قائم کی۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تپ دق (ٹی بی) سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے لیکن اس کیلئے ادویات، اچھی غذا اور صحت مند ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر ٹی بی کی بر وقت تشخیص اور علاج نہ کروایا جائے تو یہ نہایت خطرناک ثابت ہوتی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv