تازہ تر ین

امریکہ کے کہنے پر ناموس رسالت قانون سے دستبردارنہیں ہو سکتے،


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار توصیف احمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف مسلسل الزامات لگا رہے ہیں کہ احتساب کہیں اور سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ ملکی ادارے خود بھی اپنی ساکھ کے ذمہ دار ہیں۔ پرویز مشرف بارے واضح ہے کہ ان کے کیس کا فیصلہ کرایا گیا۔ خود مشرف نے تسلیم کیا تھا کہ راحیل شریف نے سارا کچھ کیا۔ زیراعظم اگر اپنے سیکرٹری کو سیاہ و سفید کا مالک بنا دے اور وفاقی وزراءبھی اس سے ڈریں تو ان حالات میں پارلیمنٹ سپریم کیسے ہو سکتی ہے۔ ختم نبوت کا معاملہ بڑا ایشو بن چکا ہے، حکومت میں شامل کچھ عناصر نے اسے بدلنے کی کوشش کی۔ مغرب تو عرصہ سے اسے ختم کرنے کے درپے تھا اب امریکہ نے بھی اس قانون کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ امریکہ ہو یا کوئی دوسرا ملک ہم کہیں بھی ناموس رسالت سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔ قانون کا غلط استعمال روکا جانا ضروری ہے۔ جو کسی پر غلط الزام لگائے اسے بھی کڑی سزا دینی چاہیے۔ برطانیہ میں ٹیکسیوں، بسوں پر آزاد بلوچستان کے پوسٹر لگائے جا رہے ہیں۔ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حکومت کے بارہا کہنے کے باوجود برطانیہ ان پوسٹرز کو ہٹانے کی کوشش نہیں کر رہا۔ پاکستان اور بلوچستان کےخلاف سازشیں عرصہ دراز سے جاری ہیں۔ سینئر صحافی امجد اقبال نے کہا کہ نواز شریف اپنی لڑائی ضرور لڑیں لیکن اس طرح نہیں کہ اس سے اداروں کی ساکھ خراب ہو، اگر ادارے کمزور ہو جائیں تو ملک میں انارکی پھیلتی ہے۔ اداروں نے ماضی میں اگر غلطیاں کی ہیں تو ان کی اصلاح ہونی چاہیے۔ کرپشن کے کیسز کو سیاسی بنایا جائے گا تو سیاسی جواب ہی آئے گا۔ تمام جمہوری ملکوں میں داخلہ و خارجہ پالیسی پر اداروں سے مشورہ لیا جاتا ہے۔ امریکہ کا ادارہ پینٹا گون ہر پالیسی بنانے میں شریک ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے یہاں آج تک قومی مفاد کا تعین ہی نہیں ہو سکا۔ ہر کسی نے اپنا الگ ہی قومی مفاد بنا رکھا ہے۔ یواین کے ایک اجلاس میں امریکہ اور برطانیہ کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان میں ختم نبوت قانون کے باعث اقلیتوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بھارت کے نمائندے نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا کہ انسانی حقوق وہاں پامال ہو رہے ہیں جبکہ بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار سے سب واقف ہیں۔ گائے کے نام پر بے شمار مسلمانوں کو قتل کرنے والا بھارت خود دنیا میں گوشت کا سب سے بڑا سپلائر ہے۔ ناموس رسالت قانون پر مسلمان کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ بھارت نے بلوچستان کے حالات خراب کرنے کےلئے بھاری فنڈ رکھا ہے جس کے اثرات نظر آ رہے ہیں۔ سینئر تجزیہ کار خالد چودھری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے اداروں کی تاریخ قابل فخر نہیں رہی ہے۔ پرویز مشرف باہر بیٹھا ہے اس کے ریڈ وارنٹ جاری کر کے واپس کیوں نہیں لایا جاتا۔ نواز شریف کی یہ بات کہ فیصلے کہیں اور سے کرائے جا رہے ہیں بڑا سنجیدہ الزام ہے، جس پر غور ضروری ہے۔ اصغر خان کیس پر تو سپریم کورٹ نے فیصلہ دیدیا تھا تو اس پر عملدرآمد کیوں نہیں کرایا جاتا۔ سیاسی حکومتوں کے پاس کبھی بھی سکیورٹی، داخلہ و خارجہ پالیسی بنانے کا اختیار نہیں دیا۔ آئین کے مطابق پارلیمنٹ سپریم ہے باقی تمام ادارے اس کے نیچے ہیں۔ ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف عوامی نمائندوں کا ہے۔ نواز شریف نے لڑائی لڑنے کا طے کر لیا ہے۔ سیاسی اور غیرسیاسی قوتوں کی جنگ میں وہ کامیاب ہونگے یا شہید ہونگے۔ سیاستدانوں، سول و ملٹری بیوروکریسی سب کے اثاثے باہر ہیں، بچے باہر پڑھتے ہیں، دہری شہریت رکھتے ہیں۔ پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کے حقوق برابر ہیں اگر یہاں ایسے واقعات ہونگے تو اقلیتوں کی بتیاں جلائی جائیں تو اس سے دنیا کو منفی پیغام بھی جائے گا۔ ناموس رسالت پر لگایا گیا الزام اگر غلط ثابت ہو جائے تو الزام لگانے والے کو بھی وہی سزا ملنی چاہیے۔ سینئر صحافی میاں حبیب نے کہا کہ پرویز مشرف کیس میں حکومت مدعی تھی خود ہی سمجھوتہ کر کے اسے باہر بھجوا دیا۔ مشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے۔ عمران خان اور نواز شریف کے کیسز مختلف ہیں۔ نواز شریف نے جس طرح عدالتوں پر چڑھائی کر رکھی ہے دنیا میں کہیں ایسی مثال نہیں ملتی۔ خود 3بار وزیراعظم رہے تو اس وقت سسٹم کیوں نہ ٹھیک کیا۔ عدالتیں حق میں فیصلہ کرتی تھیں تو سب ٹھیک تھا اب ایسا نہیں ہو رہا تو سب غلط ہو گیا۔ عدالتوں کو دیوار سے نہ لگایا جائے یہ خطرناک ہو گا۔ ہمارے حکمران خود کو بادشاہ اور اداروں اور ملازموں کو غلام سمجھتے ہیں۔ حکمران جب خود پارلیمنٹ کے تقدس کا احترام نہیں کرتے تو دوسروں سے کیوں امید رکھتے ہیں۔ نواز شریف کتنی بار پارلیمنٹ گئے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے باہر کے دباﺅ پر ختم نبوت قانون میں تبدیلی کی کوشش کی جس کے با عث اب امریکہ کو شہ ملی ہے۔ بھارت کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھا رہا ہے وہ تو دنیا کو نظر نہیں آتے۔ بلوچستان کو علیحدہ کرنے کےلئے سازش ہو رہی ہے۔ عالمی طاقتیں اس پر نظریں جمائے بیٹھی ہیں۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ پاک فوج نے قوم کو دہشتگردی سے بچایا۔ بلوچستان میں حالات کو قابو کیا۔ سی پیک اور بلوچستان کےخلاف غیرملکی فنڈنگ ہو رہی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv