ابو ظہبی ٹیسٹ کا آخری روز، سری لنکا کی 8 وکٹیں گرگئیں

ابوظہبی(ویب ڈیسک) پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ کے پانچویں روز دوسری اننگ میں سری لنکا کے 8 کھلاڑی آو¿ٹ ہوگئے ہیں۔ابو ظہبی ٹیسٹ کے آخری دن سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 69 رنز 4 کھلاڑی آو¿ٹ سے شروع کی تو محمد عباس نے مینڈس کو 18 رنز پر ایل بی ڈبیو کیا جس کے نتیجے میں سری لنکا کی پانچویں وکٹ 73 رنز پر گر گئی۔ 86 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد عباس ہی نے لکمل کو بھی میدان بدر کیا ، انہوں نے 13 رنز بنائے تھے۔ 101 رنز کے اسکور پر یاسر شاہ نے پریرا اور ہیراتھ کو چلتا کیا۔اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 419 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان نے اس کے جواب میں 422 رنز بنا کر 3 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس کے بعد 5 ایک روزہ جب کہ 3 ٹی 20 مقابلے ہوں گے۔

نوازشریف احتساب عدالت میں پیش، فرد جرم عائد نہ ہوسکی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوں گئے جہاں ان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، اس موقع پر احتساب عدالت میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اجراء پر بحث ہوئی جس میں نیب حکام نے عدالت سے نوازشریف پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ کے اجراء کی استدعا پر بھی اعتراض کیا۔عدالت کی جانب سے نواز شریف پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی تاہم عدالت نے انہیں 9 اکتوبر کو دوبارہ طلب کرلیا ہے جب کہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نواز شریف واپس پنجاب ہاؤس روانہ ہوگئے۔نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی  کے باہرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے،عدالت کے باہر پولیس، رینجرز اور ایف سی کے ایک ہزار جوان تعینات تھے اور عمارت کے ارد گرد خاردارتاریں بچھائی گئی تھیں جب کہ عدالت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر بھی پابندی تھی۔

نوازشریف کی عدالت میں پیش کے موقع پر ان کے وکیل خواجہ حارث، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، راجہ ظفرالحق اورمائزہ حمید سمیت دیگر وفاقی وزرا رینجرز نے عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا جب کہ رینجرز کے بریگیڈئیر کے احکامات پر میڈیا نمائندگان کو بھی باہر نکال دیاگیا ہے۔

نواز شریف کے بچوں اور داماد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت نے نواز شریف کے بچوں اور ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف ، ان کے بچوں حسین، حسن، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کے بچے اور داماد حاضر نہیں ہوئے، عدالتی استفسار پر فاضل جج کو بتایا گیا حسین ، حسن، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ملک میں نہیں ہیں اس لیے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی۔ عدالت نے چاروں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ نواز شریف سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم اب آئندہ سماعت پرعائد ہوگی۔

چیمپئنز کے ہاتھ پاﺅں پھول گئے ، پہلے ٹیسٹ میں شرمناک شکست

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سری لنکا نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میچ میں شکست دیدی۔ٹیسٹ میچ کا آخری روز سنسنی خیز رہا جس میں ریکارڈ 16وکٹیں گریں۔سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 136رنز کا آسان ہدف دیا لیکن گرین شرٹس یہ ہدف حاصل نہ کر پائے ۔تمام وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔اوپنر سمیع اسلم 16 گیندوں پر 2 رنز بنا سکے جبکہ پہلی اننگز میں اچھی بلے بازیکرنیوالے محمداظہر بغیر کھاتہ کھولے ہوئے آئوٹ ہوگئے ۔شان مسعود نے 7 رنز سکور کئے۔اسد شفیق 20  رنز ،بابر اعظم نے 3 رنز بنائے ۔حارث سہیل 34،کپتان سرفرازاحمد 19 رنز ہی بنا پائے۔حسن علی نے ر8 رنز کا حصہ ڈالا،محمد عامرنے 9 رنز بنائے۔اس سے پہلے میچ کے آخری روز پاکستانی بائولرز نے انتہائی شاندار گیند بازی کی،پوری ٹیم کو67 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر کردیا،یاسر شاہ نے 5 لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی،حسن علی ،اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،جبکہ محمد عباس نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

احسن اقبال کو کیوں روکا ؟اصل کہانی کچھ اور ہی نکلی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا نام عدالت آنے والوں کی فراہم کردہ فہرست میں شامل نہیں تھا اس لئے عدالت میں داخلے سے روکا، رینجرز نے رپورٹ پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آج صبح وزیر داخلہ احسن اقبال اور دیگر وفاقی وزراء کورینجرز اہلکاروں نے احتساب عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا تھا جس پر وزیر داخلہ نے رینجرز کے انچارج بریگیڈئیر کو طلب کیا لیکن وہ حاضر نہ ہوئے جس پروفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ پر رینجرز سے رپورٹ طلب کی تھی اور رینجرز نے رپورٹ تیار کر کے وزیر داخلہ کو بھجوا دی ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو عدالت میں داخلے سے روکنے پر رینجرز نے اپنی رپورٹ پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا نام عدالت آنے والوں کی فراہم کردہ فہرست میں شامل نہیں تھا اس لئے عدالت میں داخلے سے روکا۔نوجوانوں نے ہدایات کی پابندی کی ،کسی کو غیر ضروری طور پر نہیں روکا گیا۔

اسحاق ڈار نے فرد جرم کے فیصلے کو چیلنج کردیا

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) ہائی کورٹ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کر دیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کردیا ہے، اسحاق ڈار کی جانب سے دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا حکم نامہ معطل اور احتساب عدالت میں مقدمے کی سماعت رکوانے کی درخواست کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے اسحاق ڈار کی ایک درخواست پر اعتراض جب کہ دوسری کو سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے، درخواست کی ابتدائی سماعت منگل کو جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ کرے گا ۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردیا۔

شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی کوشش وقت کی ضیاع ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کو وقت کا ضیاع قرار دے دیا۔ ٹویٹر پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن “لٹل راکٹ مین” سے مذاکرات کی کوشش میں اپنا قیمتی وقت برباد کر رہے ہیں۔ ریکس ٹلرسن کو مخاطب کر کے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ توانائی بچا کر رکھیں، شمالی کوریا سے اپنے طریقے سے نمٹیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز شمالی کوریا سے براہ راست رابطوں کا انکشاف کیا تھا۔

بھارت کی پانچویں ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست، سیریز جیت لی

ناگپور:  سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں مہمان آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں دو سو بیالیس رنز جوڑے۔ بھارت کی جانب سے اکثر پٹیل نے تین اور جسپریت بھمرا نے دو شکار کیے۔ جواب میں اوپنر روہت شرما نے شاندار ایک سو پچیس رنز کی بدولت خود کو تیز ترین چھ ہزار رنز بنانے والے گروپ میں ہی نہیں ڈالا بلکہ تین وکٹ کی جیت کو بھی آسان بنایا، سیریز میں چار ایک کی فتح سے میزبان بھارت نے کینگروز سے ون ڈے رینکنگ کا اعزاز بھی چھین لیا۔

پہلا ٹیسٹ: چوتھے دن کا کھیل ختم، سری لنکا کے 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز

ابوظہبی: پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلی جا رہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اپنے اختتام کی جانب رواں دواں ہے۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 419 رنز سکور کئے تھے جن کے جواب میں پاکستان نے آج اپنی پہلی اننگز ختم ہونے تک 422 رنز بنائے جس کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔سری لنکا کی جانب سے فرینک ڈیمتھ مڈوشنکا کروناریٹن اور جے کے سلوا اوپننگ کرنے آئے۔ کروناریٹن نے 23 گیندیں کھیل کر 10 رنز بنائے اور یاسر شاہ کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سلوا نے 87 گیندیں کھیل کر 25 رنز بنائے اور حارث سہیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ تھِرمین نے 25 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 7 رنز بنائے۔ وہ اسد شفیق کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جب کہ چندی مل نے 30 گیندیں کھیل کر 7 رنز بنائے اور یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مینڈس 16 اور لکمل 2 کے انفرادی سکور پر وکٹ پر موجود ہیں۔ چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے مجموعی طور پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے۔