تازہ تر ین
shahbaz

1263میگا واٹ بجلی کے منصوبے کا ایک اورمعاہدہ ،شہباز شریف کا اہم اعلان

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب حکومت اور چین کی معروف توانائی کمپنی چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے مابین 1263 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹ کے معاہدے پرآج مقامی ہوٹل مےں دستخط کےے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی تریموں بیراج جھنگ کے قریب یہ منصوبہ لگائے گی۔ پنجاب پاور پلانٹ سے 14 ماہ کی قلیل مدت میں 810 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26ماہ میں منصوبے کی تکمیل سے 1263 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب تھرمل پاور کمپنی احد چیمہ جبکہ چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کی جانب سے کمپنی کے نائب صدر فنگ ینگ شوئی نے معاہدے پر دستخط کئے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے جھنگ میں 1263 میگاواٹ کا گیس پاو رپلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے آج چین کی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ان عظیم کاوشوں کا تسلسل ہے جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ 4 سالوں کے دوران توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کی ہیں۔ رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے جو انتھک محنت کی ہے اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ دنیا شاہد ہے کہ حکومت پاکستان گزشتہ 4 سالوں سے لوڈشیڈنگ کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ گزشتہ 15 برسوں سے پاکستان کو شدید توانائی بحران کا سامنا ہے اور بجلی کی قلت نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ لوڈشیڈنگ سے جہاں پاکستان کے عوام کو مشکلات اٹھانا پڑیں وہاں ملک کی صنعت کا پہیہ بھی رکا، تعلیم صحت اور سماجی شعبے بری طرح متاثر ہوئے۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت لوڈشیڈنگ کے چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس سال کے آخر یا آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے رخصت ہوجائے گی۔موجودہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث لوڈشیڈنگ قصہ پارینہ بن گئی ہے اور اب لوڈ شےڈنگ دوبارہ کبھی لوٹ کر نہیں آئے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے عزم، ہمت اور جذبے سے کام کرنے کی بدولت ہی ملک کو توانائی بحران سے ہمیشہ کیلئے نجات مل رہی ہے۔چین کی کمپنی کےساتھ 1263 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے کے حوالے سے طے پانے والا معاہدہ ایک اور بڑا اقدام ہے جو لوڈشیڈنگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی صنعت، زراعت اور تجارت کیلئے وافر بجلی ملے گی اور ہم بھارت، افغانستان اور ایران کو بجلی فروخت کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 14ماہ میں مکمل ہوگا جس سے 810 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26 ما ہ میں منصوبے کی تکمیل سے 1263 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ سی پیک کے تحت ملک بھر میں توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ساہیوال کول پاو رپلانٹ مکمل ہوچکا ہے جبکہ پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ سے بھی اس سال بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ ہمارے مخلص دوست چین نے توانائی بحران کے خاتمے میں ہماری بھرپور مدد کی ہے جس پر چینی حکومت، قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے میڈیا کا کچھ حصہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر رہا بلکہ وہ جھوٹ، غلط بیانی، جھوٹے تبصرے اور تجزیے پیش کرکے قومی خدمت نہیں بلکہ قومی سمت کو خراب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے عملدرآمد کی کوئی اور مثال موجو دنہیں ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ان توانائی منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے۔ بھھکی، بلوکی اور حویلی بہادرشاہ 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹس بجلی کی پیداوار دے رہے ہیں۔ 1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ پوری طرح فنکشنل ہے۔ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 400 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے کارخانے لگ چکے ہیں اور 300 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ ترکی کی کمپنی لگا رہی ہے جس کا ٹےرف6سےنٹ اور 5.15سےنٹ ہے۔ یہ توانائی منصوبے شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں او ران منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ بعض میڈیا چینلز پر توانائی منصوبوں میں گھپلوں کی باتیں ہو رہی ہیں اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ شریف برادران کرپشن اورکمےشن کے بغیر کوئی منصوبہ نہیں لگاتے۔ یہ چینلز ان منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن تو سامنے نہیں لاسکے تو بہتر تھا کہ یہ ہماری نہےںبلکہ ا س حقیر قومی خدمت کی تعریف کرتے اور ان محنت کشوں، افسروں اور منصوبوں پر کام کرنےوالے افراد کی حوصلہ افزائی ہی کردیتے۔ آپ کو رینٹل پاو رپلانٹس میں اربوں روپے کی کرپشن کو نہیں بھولنا چاہیئے۔ نندی پور پاور پلانٹ کی مشینری 3 سال تک کراچی کی بندرگاہ پر گلتی سڑتی رہی اور اس وقت کے وفاقی وزیر بابر اعوان منصوبے کی فائل اپنی دراز میں دبا کر بیٹھے رہے اور ان کی اس حرکت سے غریب قوم کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ میڈیا کو وہ بھی یاد ہوگا جب دیا میر بھاشا ڈیم کے نام پر قوم کےساتھ ناٹک کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اب اس منصوبے کیلئے 100 ارب روپے کی زمین خرید ی ہے۔ داسو ڈیم پر بھی کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی سیاستدان ہے یا عام آدمی، ڈاکٹر ہے یا انجینئر، صحافی ہے یا سرکاری ملازم، سب سے پہلے پاکستانی ہے اور اگر ہم نے مل کر ملک کی خوشحالی کی سمت کا رخ متعین نہ کیا تو ہمیشہ اندھیروں میں بھٹکتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عظیم اینکرز اور صحافی بھی موجود ہیں جو ملک کی خدمت کیلئے دن رات بولتے ہیں اور درست تصویر عوام کے سامنے لاتے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ میڈیا پاکستان کو درپیش توانائی بحران، دہشت گردی اور سیاسی عدم استحکام کے چیلنجز کے حوالے سے قوم کی رہنمائی کرے کیونکہ اس سے زیاد موثر کوئی اور ذریعہ نہیں۔ میڈیا کا کچھ حصہ اگر اچھی خبریں اور سچ بیان نہیں کرسکتا تو جھوٹ اور غلط بیانی کرکے پاکستان کو اقوام عالم میں شرمندہ نہ کرے۔خدارا جھوٹ مت بولو،ملک کی سمت خراب نہ کرواور پاکستان کو آگے بڑھنے دو۔ جو غلط ہے اسے غلط ضرور کہے اور جہاں خامیاں ہیں اسے سامنے لائے ، قوم آپ سے اسی کی توقع کرتی ہے۔ خدارا جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ نہ کیا جائے۔ میڈیا کا یہ حصہ جھوٹ اور غلط تجزیے پیش کرکے کس کو فائدہ دینا چاہتا ہے؟ اگر سچ کو چھپایا گیا اور جھوٹ بول کر قوم کو دھوکہ دےاگیا تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔بے شک ہمارانام نہ لےںاوربھلے ہماری تعرےف نہ کرےں لےکن منصوبوں مےں بچت کے بارے مےں عوام کو ضرور آگاہ کےا جائے۔خوف خدا کو دل و دماغ مےں رکھ کر قوم کی رہنمائی کی جائے ۔پاکستان کا درد رکھنے والے مےڈےا کے لوگوں سے درخواست ہے کہ قومی معاملات پر اےمانداری سے قوم کی صحےح رہنمائی کی جائے۔ہم پہلے پاکستانی ہےں اور بعد مےں کچھ اور۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے دل سے اپنی اولاد کی طرح قریب رکھیں، اسی طرح پاکستان دنیا کی عظیم ترین مملکت بنے گا اور قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنے گا۔انہوںنے کہا کہ انشاءاللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب پاکستانی قوم اےک اےسی عظےم قوم بنے گی جس کی دوست اوردشمن سب عزت کرےں گے اورےہی قائد ؒ و اقبالؒکا پاکستان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس بات کا گواہ ہے کہ ڈیڑھ دو سال قبل توانائی منصوبوں کے معاہدے ہوئے اور دن رات کام کرکے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ میں اس کا کریڈٹ سابق وزیراعظم نوازشریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ہی نہیں دیتا بلکہ یہ پاکستان کے 21 کروڑ عوام کی جیت ہے اور یہ جہد مسلسل ،امانت، دیانت اور محنت کی کہانی ہے۔ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کی کوئی اور مثال موجود نہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان منصوبوں پر انسانوں نے نہیں بلکہ جنات نے کام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں کسی پر تنقید کرنے نہیں آیا بلکہ عوام کو خوشخبری سنانے آیا ہوں کہ 1263 میگاواٹ کے ایک او رپلانٹ پر کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب پاور پلانٹ کے لگنے سے پاکستان مےں نئی ٹےکنالوجی آئے گی۔انہوںنے کہا کہ گدو پاور پلانٹ6سال پہلے لگا تھا اورےہ منصوبہ ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر فی مےگاواٹ کے نرخ پر لگاےا گےا تھاجبکہ حال ہی مےں 3600مےگاواٹ کے تےن گےس پاور پلانٹ4لاکھ 20ہزار ڈالر فی مےگاواٹ کی قےمت پر لگائے گئے ہےںاور مےں 1263مےگاواٹ کے پنجاب پاور پلانٹ کے منصوبے کاان تےن منصوبے سے موازنہ کررہا ہوںاورےہ منصوبہ ان تےنوں منصوبوں کے مقابلے مےں کم ازکم دس ارب روپے کم لاگت مےں لگاےا جارہا ہے ۔ ان منصوبوں سے صارف کو فائدہ ہوگا اور عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے عالمی بےنک کے جنوبی اےشےا رےجن کے کنٹری ڈائرےکٹر پچا موتھو الانگو نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحاتی پروگرامز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے لائق تحسین اصلاحات کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کی پارلےمنٹ کے رکن برہان کےاترک (Mr. Burhan Kayaturk) نےملاقات کی- ملاقات میںپاکستان اور ترکی کے مابےن دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا ہیلتھ کیئر میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا-ممبر ترک پارلیمنٹ کی جانب سے شعبہ صحت کی بہتری اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی- رکن ترک پارلیمنٹ برہان کےاترک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیںاوربھائیوں کا ہاتھ تھامنا کوئی احسان نہیں،یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی -پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے ہر ضروری تعاون مہیا کریں گے- انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شہبازشریف نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاہے اورپنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحات کے دور رس نتائج سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے فیصل آباد کے قریب ڈجکوٹ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاںبحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv