تازہ تر ین
nawaz shareef khabrain

”ن لیگ “ کے نئے صدر کا فیصلہ, نواز شریف نے بڑا اعلان کردیا

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سنیٹر یعقوب خان ناصر کو مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، آج اسلام آباد میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی منظوری دی جائے گی۔ میڈیا کے مطابق نواز شریف نے سردار یعقوب خان ناصر کو قائم مقام صدر بنانے کا گرین سگنل دے دیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی منظوری کل سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔ شہباز شریف کو مسلم لیگ ن کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کا انتخاب مسلم لیگ جنرل کونسل کے اجلاس میں ہو گا، نئے صدر کے انتخاب تک یعقوب خان ناصر قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ مسلم لیگ کے جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ گزشتہ روز زبردست سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنی رہی۔ نوازشریف کی صدارت میں دو الگ الگ اجلاس ہوئے۔ ان میں سے ایک اجلاس میں میاں نوازشریف کی آئندہ سیاست کے حوالے سے مختلف امور زیرغور آئے جبکہ دوسرے اجلاس میں نوازشریف کی خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 کا الیکشن لڑنے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے بھی جاتی عمرہ میں نوازشریف سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سنیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کے مطابق محمد نوازشریف کی صدارت میں رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف‘ خواجہ محمد آصف‘ خواجہ سعد رفیق‘ احسن اقبال‘ حمزہ شہباز‘ سنیٹر پرویز رشید‘ سنیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی‘ عرفان صدیقی‘ انوشہ رحمن‘ رانا ثناءاللہ اور رانا مقبول نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کے آئندہ دوروں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں پنجاب میں ضمنی الیکشن لڑوانے والی میاں حمزہ شہباز کی ٹیم پر انحصار کرنے کی بجائے نئی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے کنوینر پرویز ملک صدر لاہور ہونگے جبکہ ان کے معاون وزیراعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان ہونگے۔ این اے 120 میں صوبائی وزیر اور پی پی139 سے رکن پنجاب اسمبلی بلال یٰسین اور پی پی 140 سے رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور دو الگ الگ مرکزی دفتر قائم کریں گے جبکہ متعدد کمیٹیاں بھی بنائی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا جب پرویز ملک کو این اے 120 کے ضمنی الیکشن کا کنوینئر بنانے کی تجویز سامنے آئی تو پرویز ملک نے کہا میاں حمزہ شہباز ضمنی انتخابات لڑواتے رہے ہیں، انہیں ہی یہاں ذمہ داری دی جائے لیکن حمزہ شہباز نے کہا پرویز ملک لاہور کے صدر ہیں، انکا انتخاب درست ہے۔ سو فیصلہ ہو گیا پرویز ملک انتخابی مہم کے کنوینر ہونگے۔ نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں خواجہ سعد رفیق‘ سینیٹر پرویز رشید‘ مریم نوازشریف‘ حمزہ شہباز‘ پرویز ملک‘ خواجہ احمد حسان‘ خواجہ عمران نذیر‘ مہر اشتیاق‘ وحید عالم خان‘ شائستہ پرویز‘ سید زعیم قادری‘ میاں مجتبیٰ شجاع‘ خواجہ سلمان رفیق‘ بلال یٰسین‘ ماجد ظہور‘ عظمیٰ بخاری‘ کرن ڈار‘ کنول نعمان اور عطاءاللہ تارڑ نے شرکت کی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv