تازہ تر ین
sindh assembly

”نیب آرڈیننس ختم “مقتدر حلقوں میں کھلبلی

کراچی (اے پی پی) سندھ اسمبلی نے سندھ احتساب بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔ نیا قانون سندھ احتساب ایکٹ کہلائے گا۔ اپوزیشن ارکان نے بل کی مخالفت کی اور بل کی منظوری کے دوران اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ اس بل کی منظوری کے بعد صوبے میں احتساب ایجنسی قائم کی جائے گی، احتساب کمیشن بنایا جائے گا اور صوبے میں احتساب عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی ۔ اس ایکٹ کی منظوری کے بعد قومی احتساب بیورو ( نیب ) یا کوئی دوسرا ادارہ سندھ میں ہونے والی مالیاتی کرپشن یا جرائم کے خلاف کارروائی نہیں کر سکے گا ۔ اس طرح صوبے میں قومی احتساب آرڈی ننس 1999ءغیر موثر ہو جائے گا ۔ اس ایکٹ کے تحت سندھ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس حوالے سندھ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن ایکٹ 1991 ءبھی منسوخ کر دیا جائے گا ۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ یہ تمام مقدمات ، اسٹاف اور اثاثہ جات سندھ احتساب ایجنسی کو منتقل ہو جائیں گے ۔ احتساب ایجنسی کرپشن اور بدعنوانی کے اقدامات کے خلاف شکایات اور الزامات وصول کرے گی اور ان کی تحقیقات کرے گی ۔ سندھ احتساب کمیشن 5 ارکان پر مشتمل ہو گا ، جن میں احتساب ایجنسی کا چیئرمین ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، احتساب ایجنسی پراسیکیوٹر جنرل ، ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر انویسٹی گیشن شامل ہوں گے ۔ احتساب کمیشن کرپشن کے مقدمات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے گا اور اس حوالے سے احتساب ایجنسی کو اپنی رائے اور سفارشات پیش کرے گا ۔ احتساب کمیشن کرپشن کے عوامل کی نشاندہی کرے گا اور ان کے خاتمے کے لےے حکومت سندھ کو سفارشات پیش کرے گا ۔ چیئرمین کی عدم موجودگی میں ڈائریکٹر جنرل کمیشن کے چیئرمین کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ کمیشن کے فیصلے اکثریت کی بنیاد پر ہوں گے ۔ احتساب ایجنسی کی نگرانی احتساب کمیشن کا چیئرمین کرے گا جبکہ احتساب ایجنسی کے انتظامی اختیارات ڈائریکٹر جنرل کے پاس ہوں گے ۔ احتساب کمیشن کے چیئرمین کے لےے پاکستان کا شہری اور سندھ کے ڈومیسائل کا حامل ہونا ضروری ہے ۔ اچھی شہرت اور دیانت دار فرد کو چیئرمین مقرر کیا جائے گا ، جو ہائیکورٹ کا جج رہا ہو یا ہائیکورٹ کا جج بننے کی صلاحیت رکھتا ہو یا گریڈ 21 کا سرکاری ملازم رہا ہو ۔ چیئرمین کی نامزدگی سندھ اسمبلی کی 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کرے گا ، جس میں 3 ارکان حکومت سے اور 3 ارکان حزب اختلاف سے ہوں گے ۔ دونوں طرف سے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف پارلیمانی کمیٹی کے نام دیں گے ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کمیٹی کا سربراہ ہو گا ۔ پارلیمانی کمیٹی چیئرمین کا انتخاب اتفاق رائے سے یا کثرت رائے سے کر سکے گی ۔ اگر دو ناموں پر برابر ووٹ ہوں گے تو اسپیکر کا ووٹ فیصلہ کن ہو گا ۔ چیئرمین کا تقرر 3 سال کی مدت کے لےے ہو گا ۔ پارلیمانی کمیٹی مزید 3 سال کے لےے چیئرمین کی مدت میں توسیع کر سکتی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv