تازہ تر ین
Sirajul-Haq

سپریم کورٹ کو پہلی بار احتساب کا موقع ملا ،سراج الحق کا تازہ بیان

لاہور (وقائع نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ۔اس اسکینڈل میں ملوث کسی ایک لیٹرے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔قانون کی ہتھکڑیاں صرف عام شہری کے لیے نہیں ہونی چاہیں ۔سپریم کورٹ کو پہلی بار حقیقی احتساب کا موقع ملاہے ۔انصاف کے ترازو میں حکمران اور بازار کا چوکیدار ایک جیسا ہوتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پانامہ سکینڈل کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔حکومت چاہتی ہے کہ احتساب کے ادارے محض دکھاوے کے ہوں ۔ان کے دانت دکھانے کے ہوں چبانے کے نہ ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں دعوت افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے پانامہ سکینڈل میں حکمران خاندان کے علاوہ سینکڑوں لوگ ملوث ہیں ان سب کو بے نقاب کرکے ان کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کا احتساب شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اربوں ڈالر لوٹ کر بیرونی بینکوں میں پہنچائے گئے ہیں جنہیں واپس لانے کی ضرورت ہے۔ حکمران خاندان کے احتساب کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ وزیراعظم کے احتساب کے بعد چھوٹی مچھلیوں کو پکڑنا آسان ہوجائے گا۔مگران چھوٹی بڑی مچھلیوں کو قابو کرنے کے لیے ابھی سے جال بچھانا اور ان میں سے جو لوگ بیرون ملک بھاگ گئے ہیں انہیں بھی واپس لانا ضروری ہے۔ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے تمام تر دعوﺅں کے باوجود رمضان میں مہنگائی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور عام آدمی کے لیے سحری او ر افطاری کا انتظام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔غربت اور مہنگائی نے لوگوں کے لیے روزہ جیسی عبادت کو مشکل بنا دیا ہے۔لوگ بے حس حکمرانوں سے نجات کے لیے جھولیاں اٹھا اٹھا کر دعائیں کررہے ہیں۔ایک طرف حکومت بجلی کی پیداوار کے ریکارڈ ٹوٹنے کے دعوئے کررہی ہے اوردوسری طرف شہروں اور دیہاتوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن رکھی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ رمضان اللہ کی رحمتوں کو سمیٹنے کا مہینہ ہے ۔حکومت کو چاہیے تھا کہ اس ماہ مبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی مگر اب تک کی حکومتی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے اور ہرطرف حکومتی ناکامی اور نااہلی کے چرچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ناجائزمنافع خود تاجر غیر معیاری اشیاءکو فروخت کرنے لیے رمضان بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ رمضان ہمدردی اور غمگساری کا مہینہ ہے اس میں تنگ دستوں ،بیواﺅں ،یتیموں اور مسکینوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv