تازہ تر ین
hockey

پاکستان ہاکی کا کھویا مقام دلا کر رہیں گے

لاہور (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ آسٹریلین جونیئر ہاکی نیشنل چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنا قومی جونیئر ہاکی ٹیم کےلئے ایک بڑا اعزاز اور اس بات کی واضع نشاندہی ہے کہ ملکی ہاکی کامیابی کے راستے پر گامزن ہے۔ ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ دورہ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیتا جوکہ یقینی طور پرمتاثر کن شو تھا جو ہمارے اس دعوی کی تائید کرتا ہے کہ ہاکی اپنے زوال سے باہر نکل رہی ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ قومی جونیئر ٹیم کی آسٹریلیا میں کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہاکی کی بحالی کےلئے کی جانے والی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ بہترین نتائج جونیئر ہاکی ٹیم کی مشترکہ کوششوں اور سخت محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جونیئر ہاکی ٹیم کی کارکردگی یادگار ہے جس نے غیر ملکی سر زمین پر ڈومیسٹک ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کی اور اس پر تمام ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف جونیئر ٹیم کی تشکیل اور مہارت پر خاص زور دے رہی تھی اور ڈیڑھ سال کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ٹیم ایک وننگ کمبی نیشن میں تبدیل ہوگئی ہے۔ ہماری جونیئر ٹیم کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جب ہماری جونیئرٹیم اپنے عروج پر تھی تو اسے گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم کردیا گیا۔ اور ہمارے پاس ٹیم کی پرفارمنس کو دیکھنے اور کھلاڑیوں کو کوالٹی ہاکی کی سرگرمی میں مشغول کرنے کےلئے غیر ملکی دور ہ کا انتظام کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ دورہ آسٹریلیا قومی جونیئر ٹیم کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل کا ہے کیونکہ ٹیم نے وہاں پانچ ماہ قیام کرنا ہے اور کھلاڑیوں کے پاس بہت اچھا موقع ہوگا کہ وہ آسٹریلیا کے مختلف کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ہاکی لیگ کھیلیں۔ آسٹریلیا میں کافی ماہ کے قیام سے کھلاڑیوں کو تجربہ ملے گا اور ان میں اعتماد پیدا ہوگا اور وہ مشکل چیلنجز کو زیادہ پروفیشنل طریقہ سے ہینڈل کریں گے۔ ماضی میں پی ایچ ایف کی کسی بھی انتظامیہ نے جونیئر ٹیم کو اتنے لمبے عرصے تک کسی بھی ملک میں نہیں بھیجا تاہم پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ نے قومی ہاکی کے مستقبل کو روشن بنانے کےلئے یہ قدم اٹھایا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قومی سینئر ہاکی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی اور ورلڈ چیمپئن ہاکی لیگ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کےلئے مختصر دورانیہ کا کیمپ لگایا جائے گا۔ ورلڈ چیمپئن ہاکی لیگ اگلے ورلڈ ہاکی کپ کا کوالیفائنگ راﺅنڈ ہے۔ اگر سینئر ٹیم کے موجودہ کمبی نیشن کو دیکھا جائے تو اس میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی شامل ہیں کیونکہ پی ایچ ایف قومی ٹیم کی تشکیل نو کے پلان پر کام کررہی ہے اسلئے پرانے کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ نوجوان کھلاڑی مکمل طور پر باصلاحیت ہیں اور ٹیم میں اپنی شمولیت کو صحیح ثابت کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے کہا کہ پی ایچ ایف ہاکی کے کھیل کی ترقی کےلئے دلیرانہ قدم اٹھا رہی ہے اور ٹیموں کو بہترین بنانا اسکی اولین ترجیع ہے۔ ہمیں ورثہ میں ٹوٹا پھوٹا ہاکی کا ڈھانچہ اور مالی طور پر تباہ حال ہاکی فیڈریشن ملی ہے لیکن گزشتہ ڈیڑھ سال سے سخت کوششوں کے بعد ہم ہاکی کی ڈویلپمنٹ میں واضع بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ سب نہ صرف پی ایچ ایف کی کوششوں کی وجہ سے بلکہ وفاقی حکومت کی سپورٹ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جس کےلئے ہم حکومت کے شکر گذار ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv