تازہ تر ین
ch nisar

نیوز لیکس کے حوالے سے کسی کو بھی بچانے کی کوشش نہیں

کراچی(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نیوز لیکس کے حوالے سے نوٹی فکیشن وزارت داخلہ جاری کرتی ہے جو ابھی تک جاری ہی نہیں ہوا تو پھر میڈیا پر بھونچال کیوں آگیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے ایک جماعت سندھ پر حکومت کررہی ہے اور ان کی کارکردگی بتانے کی ضرورت نہیں، وفاق کی جانب سے صرف سندھ رینجرز کو ان کی ذمہ داریوں کے عوض 7 ارب روپے کا بجٹ دیا جاتا رہا ہے جو اب بڑھ کر 12 ارب تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ایک شخص نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا تھا، اس کے حکم پر ایک منٹ میں شہر بند کردیا جاتا تھا، آگ لگا دی جاتی تھی، جس سے مرضی بھتہ لیا جاتا تھا اور جسے چاہے قتل کردیا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کسی صورت سست نہیں ہوگا اور نہ ہی وفاق کا تعاون ختم ہوا ہے، شہر میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیرداخلہ نے ڈان لیکس پر کہا کہ نیوز لیکس کے حوالے سے نوٹی فکیشن وزارت داخلہ جاری کرتی ہے جو ابھی تک جاری ہی نہیں ہوا تو پھر میڈیا پر بھونچال کیوں آگیا جب کہ ٹویٹس کسی کی جانب سے بھی ہوں وہ جمہوریت کے لیے زہرقاتل ہیں، بدقسمتی ہے کہ ٹویٹس کے ذریعے معاملات حل کر لیے جاتے ہیں، ادروں میں ایک دوسرے کو ٹویٹس کے ذریعے مخاطب نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوز لیکس کے حوالے سے کسی کو بھی بچانے کی کوشش نہیں کی اور آئندہ بھی کسی کی حمایت نہیں کی جائے گی۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب اقتدار سنبھالا تو بلوچستان میں طورخم کے مقام سے روزانہ کی بنیاد پر 30 سے 50 ہزار افراد بغیر پاسپورٹ کے پاکستان میں داخل ہوا کرتے تھے لیکن اب بغیر پاسپورٹ کے کوئی بھی شخص ملک میں نہیں آسکتا، افغانستان اورایران کے ساتھ سرحد پر گیٹ بنائے جارہے ہیں جب کہ وفاق کی جانب سے امن وامان کے قیام کے لیے اب تک بلوچستان اورخیبرپختونخوا کی سول آرمڈ فورسزکو 88 ارب روپے دیئے گئے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ قومی اداروں میں بہتری لائی جائے، ہم نے ملک بھر میں صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں 72 پاسپورٹ آفسز قائم کیے اور 31 مئی کے بعد پاکستان کا کوئی ضلع ایسا نہیں ہوگا جس میں پاسپورٹ آفس نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو کہا ہے کہ پاسپورٹ اورنادرا آفس کے لیے زمین دیں ہم آفسز بنائیں گے، کوشش ہے کہ ملک میں جہاں بھی پوسٹ آفس ہوگا وہان نادرا آفس بھی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں وہی لوگ قومی دھارے میں آرہے ہیں جو پاکستانیت پر یقین رکھتے ہیں جب کہ الطاف حسین اور ان کے حامی پہلے واضح کریں کہ وہ پاکستان اور اس ملک کے آئین مانتے ہیں تو پھر انہیں سیاست کی اجازت دی جائے گی کیوں کہ پاکستان کو مانے بغیر پاکستان میں سیاست کا کوئی جواز نہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv