تازہ تر ین
sheep-and-goats

سکول فیس کے بدلے مویشی دینے کی اجازت

ہرارے (ویب ڈیسک)زمبابوے کی حکومت نے والدین کو سکول فیس کے پیسے کے بدلے مویشی دینے کی اجازت دیدی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زمبابوے کی حکومت کا کہنا ہے کہ جن والدین کے پاس اپنے بچوں کے سکول کی فیس دینے کے پیسے نہ ہوں وہ بدلے میں بھیڑ،بکری جیسے مویشی بھی متعلقہ سکولوں کو پیش کر سکتے ہیں۔ملک کے وزیر تعلیم لیزاروس دکورا نے حکومت کے ایک حامی اخبار سنڈے میل نیوز پیپر کو بتایا کہ ٹیوشن فیس کو وصول کرنے میں سکولوں کو والدین کے ساتھ نرمی برتنا چاہیے اور انھیں نہ صرف مویشی قبول کرنے چاہیں بلکہ اس کے بدلے میں ان سے خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔اخبار نے ان کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ اگر کمیونٹی میں کوئی معمار ہے، تو ٹیوشن فیس ادا کرنے کے عوض میں اسے وہ کام کرنے کا موقع بھی دیا جانا چاہیے۔سنڈے میل کے مطابق بعض سکول پہلے ہی سے فیس کے بدلے مویشی لینے پر عمل کر رہے ہیں۔وزارت تعلیم سے وابستہ ایک افسر نے وزیر موصوف کے بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بچوں کے والدین مویشیوں کو دے کر فیس ادا کرسکتے ہیں۔ یہ بیشتر دیہی علاقوں کے لیے ہے لیکن شہری علاقوں میں بسنے والے دیگر والدین دوسرے ذرائع کا بھی استعمال کرسکتے ہیں، مثال کے طور پر وہ سکول میں بعض کاموں کو انجام دے سکتے ہیں۔حکومت نے گذشتہ ہفتے پارلیمان میں ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت بینکوں کے قرضوں کی واپسی بھیڑ، بکری اور دیگر مویشیوں کے ذریعے کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس کے بعد سکول کی فیس ادا کرنے کے لیے بھی اس کی اجازت دی گئی۔ایک مقامی اخبار کے مطابق زمبابوے میں نقدی کا بحران پیدا ہونے کی وجہ سے عام طور پر لوگوں کو کیش کے لیے بینکوں کے باہر گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنا پڑتا ہے۔سکول کی فیس ادا کرنے کے لیے مویشیوں کی پیشکش کا معاملہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز ہے جس پر لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv